نیا جسم  پرانی روح 

رات بھی آدھی سے زیادہ ہو چکی تھی اور زندگی بھی آدھی سے زیادہ گزر چکی تھی اور اُن کی بات آدھی رہ گئ تھی جو وہ پوری رات کرنا چاہتے تھے مگر نیند تھی کہ اجازت نہیں دے رہی تھی
ہاتھ اُن کے کی پیڈ پر چلتے چلتے شل ہو چکے تھے اور موجود لمحات پرانی یادوں میں ڈھل چکے تھے
اس سے پہلے بھی وہ کہیں پر ملے تھے اور اب وہ کئ برس بعد ملے تھے
وہ اسکول کے سنہری دن تھے جو وہ موبائل کے میسیج پر یاد کر رہے تھے اور اُن یادوں سے دلوں کو آباد کر رہے تھے
وہ میں تھا اور میری کلاس فیلو تھی جو اپنے شریک حیات کی اجازت سے کئ برس گزارنے کے بعد دوبارہ پرانے دوستوں کو اپنی حیات میں شریک کرنے کی غرض سے ، اپنے بچپن کے دوستوں اور اسکول کے زمانے کے کلاس فیلو لڑکے اور لڑکیوں کو فیس بک کی برقی بھیڑ میں تلاش کر رہی تھی جن میں ، میں بھی شامل تھا اور اُس کا مشاہدہ کامل تھا جس نے سب کو اپنی یادوں میں محفوظ رکھا ہوا تھا ، اُن کی باتوں اور اُن کے ناموں کے ساتھ ، ان کے مزاج اور پسندیدہ اور ناپسندیدہ کاموں کے ساتھ ۔

اچانک اُسے خیال آیا کہ رات کے اس پہر کسی سے بات کرتے اور دیر تک جاگتے کہیں بیگم ناراض نہ ہو جائیں
بولی
آپ کی دُلہن ناراض نہ ہو جائیں
اس سے پہلے کہ میں اپنے آپ کو دُلہا سمجھنے لگتا میں نے بات کو بدلتے ہوۓ کہا !
بیگمات راضی ہی کب ہوتی ہیں جو ناراضگی کا ڈر ہو

جب پیار کیا تو ڈرنا کیا !!

سوری !!

میرا مطلب ہے بیگم سے !!

بات چلتی رہی ۔ میرے لیے حیرت ناک بات یہ تھی کہ اسکول کے زمانے میں تو اس سے سرسری جان پہچان تھی ۔ نہ دوستی اور نہ بات چیت مگر اُس وقت ایسے بات چیت ہو رہی تھی جیسے برسوں کی رفاقت اور رشتہ داری کے بعد بچھڑنے والے ہوں اور ملاقات کا وقت ختم ہونے والا ہو اور واپس اپنی اپنی قید میں جانا ہو ۔
اُس نے بھی یہی کہ کر بات شروع کی تھی کہ اتنے عرصہ بعد خیال آیا کہ پرانے دوستوں سے مل لیا جاۓ ۔ زندگی دوبارہ موقع دے نہ دے
وقت آہستہ آہستہ گزرتے بھی بہت تیزی سے گزر چکا تھا
اب اس کو دوستی کہیں ، پرانے ساتھی سے نیا تعارف ، nostalgia ، یا کچھ اور مگر ایک رشتہ قائم ہو چکا تھا جو رہ جانے والی زندگی کے لئے ایک نیا حوصلہ تھا
ظاہری جسم تبدیل ہو چکے تھے مگر روح پرانی تھی اور اسے روحانی تعلق بھی کہا جاسکتا ہے

 

Noman Baqi Siddiqi
About the Author: Noman Baqi Siddiqi Read More Articles by Noman Baqi Siddiqi: 255 Articles with 290701 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.