الیکشن 2018: ووٹ ڈالنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

پاکستان میں بدھ کو عام انتخابات میں دس کروڑ 60 لاکھ کے قریب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے جا رہے ہیں لیکن پولنگ سٹیشن جانے سے پہلے ووٹ ڈالنے کے بارے میں جاری کیے گئے ہدایت نامے پر ایک نظر لازمی ڈالتے جائیں تاکہ آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی آپ کا ووٹ ضائع ہو۔
 

image


الیکشن کمیشن کے ہدایت نامے میں سب سے اہم چیز آپ کا قومی شناختی کارڈ ہے کیونکہ ووٹ صرف اور صرف اصل شناختی کارڈ ہونے کی صورت میں ڈال سکیں گے چاہے وہ زائد المیعاد ہی کیوں نہ ہو۔ اصل شناختی کارڈ کے علاوہ نہ تو اس کی فوٹو کاپی چلے گی اور نہ ہی ڈرائیورنگ لائسنس، پاسپورٹ سمیت دوسری کوئی شناختی دستاویز تسلیم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ یہ بھی یاد رہے کہ پولنگ سٹیشن میں کیمرا یا فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے اور خواتین اپنا دستی بیگ نہ لائیں کیونکہ اس صورت میں آپ کو زحمت کا سامنا کرنا پر سکتا ہے اور موبائل فون اور بیگ کو محفوظ جگہ پر رکھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 

image


آپ کا ووٹ ضائع کیسے ہو سکتا ہے؟
اصل شناختی کارڈ کے بعد ووٹ ڈالنے کا مرحلہ آتا ہے جس میں طریقۂ کار سے ہٹ کر ووٹ ڈالنے کی صورت میں آپ کا ووٹ ضائع ہو سکتا ہے اور ہر عام انتخابات میں اسی وجہ سے ایسے ووٹ بھی اچھی تعداد میں سامنے آتے ہیں جنھیں رد کر دیا جاتا ہے۔

تو اس صورتحال سے بچنے کے لیے الیکشن کمیشن نے ماضی کی طرح اس بار بھی ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں پہلی احتیاط یہ ہے کہ آپ اپنا بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے دیکھیں کہ آیا اس پر سرکاری کوڈ کا نشان موجود ہے اور اس کے ساتھ پریزائیڈنگ افسر کے دستخط موجود ہیں اور اس پر الیکشن کمیشن کا واٹر مارک موجود ہے، اگر ایسا نہیں تو آپ کا بیلٹ پیپر قابل استعمال نہیں اور اگر ووٹ ڈال دیا تو یہ شمار نہیں کیا جائے گا۔

دوسری احتیاط یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے فراہم کردہ سرکاری مہر کا استعمال کریں اور یہ سرکاری مہر نو چھوٹے چھوٹے ڈبوں پر مشتمل ہوتی ہے۔

بعض اوقات یہ اطلاعات سامنے آتی ہیں کہ ووٹر اپنے امیدوار کو یہ یقین دلانے کے لیے کہ ووٹ اسے ہی دیا تھا، کوئی نہ کوئی نشانی بیلٹ پیپر پر لگا دیتا ہے جیسا کہ کوئی کاغذ یا کسی قسم کی چیز یا قلم سے کوئی نشانی وغیرہ۔ اگر ان میں سے کسی قسم کا نشان بیلٹ پیپر پر دیکھائی دیا تو سمجھیں آپ کا ووٹ یقینی طور پر ضائع ہو چکا ہے۔
 

image

تیسری اہم چیز جس کو تقریباً تمام ووٹر اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ وہ صرف قومی اور صوبائی حلقے کے ایک ایک امیدوار کو ہی ووٹ دے سکتے ہیں۔ اس صورت میں صرف اپنے امیدوار کے انتخابی نشان کے سامنے ہی مہر لگائیں اور یہ نشان والے ڈبے کے اندر ہی ہونی چاہیے۔

اگر ایک سے زیادہ نشانوں پر مہر لگائی تو ووٹ ضائع ہو جائے گا لیکن اگر غلطی سے مہر کسی اور نشان پر لگا لی ہے تو اس صورت میں عملے سے رجوع کیا جا سکتا ہے وہ آپ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔ سرکاری مہر ایک بار امیدوار کے انتخابی نشان پر لگانے کا مطلب ہو گا کہ آپ قوانین کے تحت اس بیلٹ پیپر پر موجود دیگر امیدواروں کو مسترد کر چکے ہیں اور اس کے لیے آپ کو مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔

ان دنوں سماجی رابطوں پر کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں کہ آپ اپنے امیدوار کے نشان پر ووٹ کی مہر لگائیں اور دوسرے امیدوار کے نشان پر اپنی ناپسندیدگی ظاہر کرنے کے لیے کراس یا کوئی اور نشان لگائیں۔ یہ بالکل غلط ہے، اس صورت میں آپ کا ووٹ ضائع ہو جائے گا۔
 

image

رنگ
بیلٹ پیپر کے حوالے سے معلومات یہ ہیں کہ سبز بیلٹ پیپر قومی اسمبلی کے لیے اور سفید بیلٹ پیپر صوبائی اسمبلی کے لیے ہے اور جس ڈبے میں ووٹ کی پرچی ڈالی جائے گی ان کے رنگ بھی سفید اور سبز ہوں گے۔

چند دیگر سہولیات اور ہدایات
پولنگ بدھ کی صبح آٹھ بجے شروع ہو گی اور شام چھ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ چھ بجے کے بعد جو لوگ پولنگ سٹیشن میں ہوں گے، وہ ووٹ ڈال سکیں گے مگر باہر سے کوئی نہیں آ سکے گا۔

الیکشن کمیشن بزرگ، حاملہ خواتین، شیر خوار بچوں والی خواتین، معذور افراد اور خواجہ سرا پولنگ سٹیشن پر ترجیحی سلوک کے مستحق ہیں۔

ووٹر، انتخابی عملے، سکیورٹی اہلکار اور پولنگ سٹیشن پر موجود دیگر افراد پر لازم ہے کہ وہ ووٹ کی راز داری کو یقینی بنائیں۔

پریزائیڈنگ افسر سکیورٹی اہلکار کی تعاون سے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ووٹروں کو پولنگ سٹیشن پر پرامن دوستانہ، اور محفوظ ماحول میسر ہو اور ووٹروں کو کسی بھی صورت میں ووٹنگ سے روکنے کے لیے ڈرایا یا دھمکایا نہ جا سکے۔
YOU MAY ALSO LIKE:

General elections are scheduled to be held in Pakistan on 25 July 2018 to elect the members of the National Assembly and the four Provincial Assemblies of Pakistan. Most of the opinion polls suggest an overall Pakistan Muslim League (N) lead with Pakistan Tehreek-e-Insaf being the close second.