روز قیامت اچھّے دوستوں کے علاوہ تمام دوست ایک دوسرے کے دشمن ہونگے

ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’جتنے دوست ہیں اس دن ایک دوسرے کے دشمن ہونگے مگر جو لوگ ڈرتے ہیں اللہ سے، اے میرے بندو تم پر نہ ڈر ہے آج کے دن اور نہ تم غمگین ہوگے‘‘(الزخرف:۶۸)

تفسیر میں لکھا ہے کہ اس دن (روز قیامت)دوست دوست سے بھاگے گا کہ اس کے سبب سے کہیں میں نہ پکڑا جاؤں، دنیا کی سب دوستیاں او ر محبتیں اس دن منقطع ہو جائیں گی آدمی پچتائے گا کہ فلاں شریر آدمی سے دوستی کیوں کی جو اس کے اکسانے پر آج گرفتار مصیبت ہونا پڑا؟

اس وقت وہ شخص جو بڑی گرم جوشی کے ساتھ دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگا وہ اس کی صورت دیکھنے سے بھی بیزار ہوگا۔ البتّہ جن کی دوستی اور محبت صرف اللہ کیلئے تھی اور اللہ کے خوف پر مبنی تھی وہ دوست کام آئیں گے۔(تفسیر از مولانا شبّیر احمد عثمانیؒ )

لہٰذا کسی کو اپنا دوست بناتے وقت نہایت احتیاط کی ضرورت ہے مثلاً کوئی غیر مسلم نہ ہو،کوئی غلط عقیدہ والا نہ ہو، کوئی ایسا نہ ہو جو آحضرت صلی اللہ علیہ و سلّم کی ختم نبوّت پر ایمان نہ رکھتا ہو۔

آجکل بعض لوگ فلمیں اور ڈرامے دیکھ کر ہندو تہذیب و تمدّن سے بہت زیادہ متاثرہیں اور انھیں جیسی عادات و سٹائل اپنانے کی کوشش کرتے ہیں اس سے بچنا بہت ضروری ہے، حدیث شریف میں آتا ہے جو شخص کسی قوم کی مشابہت اختیار کرتا ہے وہ روز قیامت انھیں میں سے اٹھایا جائے گا۔

لہٰذا دوستی و محبّت اپنی جگہ پر مگر اپنے عقیدے و ایمان کی سلامتی اپنی جگہ پر، ایسا نہ ہو کہ دوست کی وجہ سے روز قیامت خود کسی مصیبت میں پھنس جائے جس سے پھر چھٹکارا ممکن نہیں۔

حدیث شریف کے مطابق سات قسم کے لوگ اللہ تبارک و تعالیٰ کے عرش کے سائے کے نیچے ہونگے جس دن اور کوئی سایہ نہ ہوگا ان میں دو ایسے شخص بھی ہونگے جو آپس میں اللہ تعالیٰ کی رضامندی کی خاطر ملتے ہیں اور اسی پر جدا ہوتے ہیں۔ یعنی انکی محبّت دوستی اور تعلّقات کی بنیاد صرف اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضامندی کیلئے ہے۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں عقیدہ و عمل کے لحاظ سے اچھے دوست بنانے کی توفیق عطا فرمائے ، آمین۔
 

Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 184 Articles with 289517 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More