عزت مآب جناب وزیراعظم عمران خان اسلام علیکم! میں ایک
معذور اور بے روزگار شخص ہوں۔تین مرلے کے گھر میں رہتا ہوں۔جس کا صرف پانی
کا بل 35ہزار ہے۔ عدم ادائیگی کے باعث جس میں ہر ماہ باقاعدگی سے پانچ سو
روپے اضافہ ہورہا ہے۔باخدا جس پانی کا مجھے بل ہر ماہ مل رہا ہے ۔اس کی ایک
بوند بھی میرے گھر کبھی نہیں آئی ہے۔یہ واجب ادا ہے۔معلوم نہیں کہ راولپنڈی
واسا انتظامیہ میرے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے۔تاحال دھمکی آمیز نوٹس موصول ہو
رہے ہیں۔ گھر میں استعمال کے لئے پانی کا ٹینکر ڈلوایا جاتا ہے،جس کی قیمت
کبھی پندرہ سو روپے ہوتی ہے اور کبھی زیادہ بھی وصول کرتے ہیں۔مگر سردیوں
میں یہ ٹینکر بارہ سو روپے میں ملتا ہے ۔جو ہر ہفتے ڈلوانا پڑتا ہے۔ٹینکر
کا پانی پینے کے قابل نہیں ہوتا ہے۔اس سے محض برتن اور کپڑے دھوئے جاتے ہیں
اور باتھ رومز میں استعمال کیا جاتا ہے۔پینے کیلئے صاف پانی الگ سے ہر ہفتے
پانچ سو روپے میں خریدنا پڑتا ہے۔پھر جاکر زندگی کی کہانی کچھ چلتی
ہے۔دوچھت والے پنکھے ،ایک فرج اور تین بلب ہیں ۔جس میں ایک بلب زیادہ روشن
رہتا ہے۔مطلب ساری رات روشن رکھنا پڑتا ہے۔معذور اہلیہ کی مجبوری ہے کہ وہ
روشنی کے بغیر نقل و حرکت نہیں کرسکتی ہے۔ دو بیٹیاں ہیں ۔ان کی سکول
یونیفارم استری ہوتی ہے۔بجلی کے اس استعمال کا بل 6000سے کبھی کم نہیں آیا
ہے۔دو وقت کی روٹی پکتی ہے۔چائے بنتی ہے۔گیس کا گیزر یا اور کوئی ایسی چیز
نہیں ہے جس پر گیس استعمال ہوتی ہے ۔اس کے باوجود گیس کا بل تین سے چار
ہزار آتا ہے۔بچے سرکاری سکول میں پڑھتے ہیں ۔فیس معمولی ہے ۔لیکن دیگر
اخراجات تو برحال ہوتے ہیں۔ ہم میاں بیوی ایک طرف تو معذور ہیں ۔دوسری طرف
بیمار بھی ہیں ۔ہم ڈاکٹر کے پاس نہیں جاتے ہیں ۔میڈیکل سٹور سے دوا خرید کر
کھا لیتے ہیں کہ اﷲ آرام دے گا۔جناب وزیراعظم عمران خان کیا آپ کے نئے
پاکستان میں مجھے دوا مل سکتی ہے۔میرا بجلی،گیس اور پانی کابل کم ہو سکتا
ہے۔کیا مجھے بنیادی انسانی زندگی کی ضروریات میسر آسکتی ہیں ۔نئے پاکستان
میں مجھے اور میری بیوی کو ملازمت مل سکے گی۔کیا ایسا ممکن ہو گا کہ ہم
کیسی سرکاری ادارے میں ملازمت کیلئے درخواست دیں تو کچھ دنوں بعد ہمیں
ملازمت کے لئے کال لیٹر آجائے۔ہمیں کیسی ایم پی اے ۔ایم این اے کی شفارش کی
بھی ضرورت نہ پڑے۔مجھے پینے کا صاف بھی نہ خریدنا پڑے۔مجھے پانی کے ٹینکر
سے بھی نجات ملے۔میں نلکا کھولوں تو صاف پانی آرہا ہوں۔جناب وزیراعظم عمران
خان۔خدارا مجھے تسلی دیجیئے ۔نئے پاکستان میں میرے لئے کیا ہے۔میری زندگی
کے دن مزید بڑھ سکتے ہیں۔میرے حالات اچھے ہو سکتے ہیں ۔میرے بچے بھی اعلیٰ
تعلیم حاصل کر سکتے ہیں ۔خداراہ مجھے بتائیں ۔مجھے روزگار دیا جائے گا۔اب
تو چور نواز شریف جیل میں ہے۔صدر بھی آپ کا اپنا ہے۔پنجاب کا وزیر اعلیٰ
بھی تحریک انصاف کا ہے۔اب تو آپ کے پاس سب اختیارات ہیں ۔اب تو آپ میرے لئے
بہت کچھ کر سکتے ہیں۔شہید محترمہ بے نظر بھٹو سے بھی مجھے اسی طرح ہی امید
تھی۔پھر آصف زرداری سے بھی توقعات تھیں۔نواز شریف پر بھی گمان تھا کہ وہ
ایس بار ضرور میرے لئے کچھ کرے گا۔بیوی اکثر کہتی تھی کہ ہمیں ملازمت ملے
گی نا۔میں سینہ ٹھوک کے کہتا تھا ضرور ملے گی۔نواز شریف اس دفعہ ہمیں ضرور
نوکریاں دے گا۔بیگم اب بھی پوچھتی ہے کہ عمران خان بھی ویسا ہی ہے ۔جیسے
پہلے تھے ۔میں پھر امید دلاتا ہوں کہ نہیں عمران خان مختلف ہے۔عمران خان
ہمیں ضرور ملازمت دے گا۔ ہمارے حالات بدل جائیں گے۔پاکستان بدلے گا تو
ہمارے دن بھی بدلیں گے۔باخدا ۔وزیراعظم عمران خان صاحب آپ ہماری آخری امید
ہیں۔ہمیں آپ پر بہت توقعات ہیں ۔پلیز پلیز ہماری امیدوں کو قتل نہ کرنا ۔آپ
شاہانہ طرز پر رہو۔اپنے لئے محل تعمیر کرو۔ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ |