تعلیم میں زبان کا مسئلہ

سید عامر جعفری
پاکستان میں زبان کا مسئلہ ایک گھمبیر صورتجال اختیار کر چکا ہے 1973 کے آئین کی شق251(اے) میں کہا گیا ہے کہ اُردو پاکستان کی قومی زبان ہو گی اور اس کو پندرہ سال کے اندر دفتری اور سرکاری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے ۔ سا ل ہا سال گزر چکے ہیں آج بھی تمام تر کاروبار ریاست و حکومت انگریزی زبان میں چلایا جا رہا ہے۔ تمام تر اجلاس اردو میں ہوتے ہیں جبکہ ان کی کاروائی انگریزی میں قلم بند ہوتی ہے۔ 1973 کے آئین کی اسی شق یعنی 251کے کلاز 3 میں صوبائی اسمبلی کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ قومی زبان کے علاوہ صوبائی زبان کی تعلیم کے فروغ و اشاعت کیلئے مناسب اقدامات اُٹھائے گی۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ تاثر مضبوط سے مضبوط ہو رہا ہے کہ انگریزی بین الاقومی زبان کی حیثیت سے طاقت اور مواقع کی زبان ہے اور اسی زبان کی بنیاد پرمستقبل کی تمام تر خوشحالی اور کامیابی کا حصول ممکن ہو گا۔جبکہ دوسری طرف یہ تاثر عام ہے کہ اردو یا علاقائی زبانیں سیکھنے کا کوئی معاشی اور علمی فائدہ نظر نہیں آتا ہے۔

یہ بات درست ہےکہ زبان اپنا مقام خود بناتی ہے۔لوگ زبان نہیں بولتےبلکہ ضرورت اُن سے بلواتی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ ایک زبان کو قومی زبان کی حیثیت سے آگےبڑھ کر سرکاری زبان بننے میں ایک خاص وقت درکار ہو گا۔ برطانیہ میں انگریزی کو سولویں صدی میں قومی زبان کی حیثیت حاصل ہو گئی تھی لیکن لاطینی زبان کو ریاست اور تعلیم کے نظام سے نکالنے کے لئے ڈیڑھ سوسال کا عرصہ لگ گیا۔ لیکن ہماری قومی زبان کے ساتھ المیہ یہ ہے کہ ہماری قومی اور سرکاری زبان کے درمیان تضاد پایا جاتاہے ،اس تضاد کو ختم کرنے کےلئےحکومتی سطح پر اس ضمن میں جس قسم کے اقدامات اُٹھائے جانے چاہیں تھےان پرجانتے بوجھتے ہوئے پردہ پوشی کی جارہی ہے ۔ اور اب صورتحال یہ ہے کہ یہ تضاد محض دو زبانوںکا تضاد نہیں ہے بلکہ ملک میں موجود لوگوں کے رویوں کا تضاد بھی ہے ۔ ہمارا یہ کہنا ہےکہ کسی زبان کو سرکاری اور دفتری زبان ہونے کا مقام صرف ان حالات میں دیا جا سکتا ہے جب نظام تعلیم میں اس زبان کو مرکزی حیثیت حاصل ہو ۔ جب کہ پاکستان میں صورتحال یہ ہےکہ لازمی ذریعہ تعلیم کے طور پر انگریزی زبان کو ایسی مرکزی حیثیت طویل عرصے سے حاصل ہے ۔ ہمارے نجی شعبہ نے بھی اس ضمن میں یہ غلط تاثر جنم دیا ہے کہ اچھی تعلیم صرف انگریزی میں ہی دی جاسکتی ہے ۔ اور اب صورتحال یہ ہے کہ ملک کے طول و عرض میں انگریزی میں تعلیم کا دور دورہ ہے ۔ ہر سکول کے باہر انگلش میڈم کے بورڈ اُردو میں آویزاںہیں اساتذہ اکرام الا ماشاء اللہ انگریزی پر قادر ہیں ۔تدریس کا علم تیزی سے رویہ زوال ہے ۔ تعلیم کے حوالے سے تمام تر اعدادو شمار یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو نہ ہی اچھی انگریزی پڑھا پائے ہیں بلکہ ظلم یہ ہوا ہے کہ ہم اپنی قومی اور مادری زبانوں سے بھی دور ہوتے گئے ہیں ۔ پاکستان کے بچوں کو( جنمیں ایک بڑی تعداد اس ملک کے غریب دہی علاقوں میں رہتی ہے)

پرائمری کی سطح پر اپنی زبان میں تعلیم سے محروم کر کے ہم اُن کے اُوپر کتنا بڑا ظلم کر رہے ہیں ہمیں اس کا اندازہ ہی نہیں ہے ۔ آج تمام امیر، متوسط اور غریب اسکولوں میں انگریزی پڑھانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔جب کہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ انگریزی میں سائنس تو ایک طرف صرف انگریزی پڑھانے کیلئے بھی اساتذہ موجود نہیں ہیں۔

مجھے مسلسل سکولوں میں جانے کا موقع ملتا ہے اور وہاں خواتین اساتذہ ملک کا معروف انگریزی سلیبس بچوں کو پڑھارہی ہوتی ہیں ،اور اکثر و بیشتر اساتذہ نے خود وہ سلیبس نہیں پڑھا ہوتا اور اس سلیبس کا بچوں کو پڑھانا ان کیلئے شدید شرمندگی کا باعث ہوتا ہے۔ غریب بچوں کے ان پڑھ والدین خوش ہیں کہ ہمارے بچے پینٹ شرٹ پہنتے ہیں اور انگریزی میں تعلیم حاصل کر تے ہیں۔ عالم یہ ہے کہ دنیا کے ممالک میں سیکھنے کے عمل (Learning Level) میں ہمارے بچے بے حد پیچھے رہ گئے ہیں انگریزی میں تمام تر کوشیشوں کے باوجود ہمارے پانچویں کی سطج کے بچے ایک صفحہ بھی انگریزی اور اُردومیں سہی نہیں لکھ سکتے ہیں۔

یہ غیر منصفانہ نظام ختم ہونا چاہِے۔ پاکستان کے لاکھوں بچے شہروں سے دور دِیہاتوں میں رہتے ہیں جنہِیں پیدائش سے انگریزی سننے کو نہیں ملتی ہے والدین غریب اور ان پڑھ ہیں ان کے ماحول کی زبان انگریزی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے جہاں تک ممکن ہو نرسری جماعت سے تعلیم مادری زبان میں دی جائِے جبکہ غیر روایتی طریقوں سے اردو اور انگریزی میں بنیادی خواندگی کی صلاحیت پیدا کی جائے۔ اس کے بعد تیسری جماعت سے اردو بطور ذریعہ تعلیم اختیار کی جائے جبکہ مادری زبان کی تعلیم بطور مضمون اسکول کے پورے زمانہ میں جاری رہے۔ جبکہ میٹرک تک انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائے اور ذریعہ تعلیم اردو بھی وہ سکتا ہے اور ماحول کی زبان بھی ۔ پورے پاکستان میں انگریزی کہیں بھی ماحول کی زبان نہیں ہے۔ جب تک طالب علم اپنی مادری اور قومی زبان میں کافی قدرت حاصل نہ کرلے انگریزی کی تعلیم متعارف نہیں ہونی چاہیے۔ بچوں کی تعلیم ، تہذیب اور ذہنی نشوونما میں جو کردار مادری زبان اور ماحول کی زبان کا ہوتا ہے اس ضمن ہمارے ارباب اختیار نے بے حسی کا رویہ اپنایا ہوا ہےجس کو اب ختم ہونا چاہیے

Noor Ul Huda
About the Author: Noor Ul Huda Read More Articles by Noor Ul Huda: 48 Articles with 39771 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.