کیا آپ کو یاد ہے کہ آخری بار کب مسکراہٹ آپ کے چہرے پر
جگمگائی تھی؟ ایسا مشکل سوال تو نہیں مگر پاکستان جیسے ممالک میں، جہاں ہر
روز نت نئے بحران سامنے آتے رہتے ہیں خوشی کے لمحات بہت کم ہی رہ گئے ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چہرے کا یہ عام تاثر صرف مزاج ہی خوشگوار نہیں
بناتا بلکہ اس کے دیگر حیرت انگیز فوائد بھی ہیں۔ آئیے ڈان کی ایک رپورٹ سے
حاصل کیے گئے مسکراہٹ کے چند فوائد جانتے ہیں-
|
جسمانی اور ذہنی طور پر
بہتر محسوس کرنا
ہمارے چہرے کے تاثرات ہمارے مزاج پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ جذبات
دماغ میں جگہ بناسکتے ہیں مگر ہمارے چہرے کے مسلز کی حرکت احساسات کو تبدیل
کردیتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں سامنے آنے والی تحقیقی رپورٹس کے مطابق
مسکراہٹ مثبت جذبات کو بڑھاتی ہے یا کم از کم منفی جذبات کو دبا دیتی ہے
اور مزاج میں خوشگواریت محسوس ہونے لگتی ہے۔ |
|
تناﺅ میں کمی
امریکا کی کنساس یونیورسٹی کی 2012 کی تحقیق کے مطابق مسکراہٹ سے ذہنی تناﺅ
میں کمی آتی ہے جس کی وجہ دل کی دھڑکن کی رفتار میں کمی آنا ہوتی ہے اور یہ
چیز ہمارے ذہن پر سوار تناﺅ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، اس طرح
مشکل حالات میں خود کو تناﺅ سے پاک رکھ کر چیلنجز کا سامنا کرنا آسان
ہوجاتا ہے۔
|
|
قابل اعتماد بناتی ہے
پٹس برگ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق مسکراتا چہرہ لوگوں کو اس فرد کے
مقابلے میں زیادہ قابل اعتماد لگتا ہے جو مسکرا نہیں رہا ہے۔ تحقیق کے
مطابق مسکراہٹ سے چہرے کی کشش بڑھ جاتی ہے اور لوگوں کے اندر اس پر اعتماد
کرنے کی خواہش بڑھ جاتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چہرے پر
مسکراہٹ جتنی بڑی ہوگی وہ فرد اتنا ہی زیادہ قابل اعتماد نظر آئے گا۔
|
|
دماغی تربیت کے لیے بہترین
دماغ منفی چیزوں کو زیادہ شدت سے محسوس کرتا ہے تاہم مسکرانے کی عادت ہمارے
ذہن کو زیادہ مثبت اور پر امید رہنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ایک تحقیق کے
مطابق روزمرہ میں مسکراہٹ کو عادت بنالینے سے ہمارے دماغ کے اندر خوشی کا
احساس پیدا ہوتا ہے جس سے مثبت سوچ کو بڑھاوا ملتا ہے۔
|
|
مسکراہٹ چھوت کی طرح پھیلتی ہے
کیا کبھی آپ نے نوٹس کیا کہ آپ کی مسکراہٹ کے جواب میں دوسرا فرد بھی
مسکرانے لگتا ہے؟ تو سائنس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کسی کو مسکراتے دیکھ
کر ہمارے دماغ میں کچھ خاص خلیات حرکت میں آجاتے ہیں اور ہم لاشعوری طور پر
مسکرانے لگتے ہیں۔ یہ چیز درحقیقت انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں
مدد دیتی ہے۔ اسی طرح ہیولیٹ پیکارڈ کی ایک تحقیق کے مطابق کسی دوست، رشتے
دار بلکہ کسی اجنبی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے سے بھی ہمارے دل اور دماغ
میں ایسی خوشی کی لہر پیدا ہوتی ہے جو چاکلیٹ کھانے یا پیسوں کے حصول وغیرہ
سے بھی زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ خاص طور پر کسی بچے کی مسکراہٹ کو دیکھنا
زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
|
|
تخلیقی سوچ کا حامل بنائے
مسکراہٹ ذہن کے ان گوشوں کو جلا بخشتی ہے جو تخلیقی کاموں میں مددگار ثابت
ہوتے ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ زیادہ ہنسنے
مسکرانے کے عادی ہوتے ہیں ان میں مسائل کا سامنا کرتے ہوئے بہترین حل سوچنے
کی صلاحیت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ درحقیقت مسکراہٹ سے ڈوپامائن نامی ہارمون
دماغ میں کارج ہوتا ہے جو خوشی کا احساس دلاتا ہے اور کسی فرد کی فیصلہ
سازی اور معلومات کی تجزیے کی طاقت بڑھ جاتی ہے۔
|
|
مسکراہٹ بالکل مفت ہے
تو اگر آپ تناﺅ کم کرنا چاہتے ہیں، رشتے مضبوط یا کسی کا دن روشن کرنا
چاہتے ہیں تو مسکراہٹ موثر ترین حکمت عملی ہے متعدد مقاصد کے حصول کا ذریعہ
بنتی ہے کیونکہ یہ ایسی چیز ہے جس پر آپ کی جیب سے کچھ خرچ نہیں ہوتا۔ |
|