بھارت اور پاکستان کی سرحدوں کا تعین کرنے کی خاطر جون
1947ء میں برطانوی حکومت نے دو باؤنڈری کمیشن بنائے جن کا سربراہ ایک
انگریز جج،سر ریڈ کلف مقرر ہوا۔ ان دونوں کمیشنوں کو پنجاب اور بنگال کے
صوبے پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم کرنے تھے۔
ریڈ کلف 8 جولائی کو ہندوستان پہنچا اور مسلم و غیر مسلم ارکان ِکمیشن کے
ساتھ سرحوں کا تعین کرنے میں مصروف ہو گیا۔ 9 تا 12 اگست کے مابین باؤنڈری
کمیشنوں نے اپنا کام مکمل کر لیا۔اسی دوران کمیشنوں کی خفیہ رپورٹوں کی
نقول کانگریس کی جانب جھکاؤ رکھنے والے وائسرائے ہند، لارڈ مائنٹ بیٹن یا
ریڈ کلف کے کسی ہندو اسسٹنٹ نے پنڈت نہرو تک پہنچا دیں۔ ان رپورٹوں کی رو
سے ضلع فیروزپور اور ضلع گورداسپور پاکستان میں شامل دکھائے گئے تھے۔ان
دونوں اضلاع میں مسلمانوں کی آبادی ہندوؤں اور سکھوں سے زیادہ تھی۔
رپورٹیں دیکھ کر پنڈت نہرو اور دیگر کانگریسی لیڈر پریشان ہو گئے۔ ضلع
فیروزپور میں فیروز پور ہیڈورکس سے نکلنے والی نہریں پنجاب اور راجھستان کے
وسیع رقبے کو سیراب کرتی تھیں۔یہ ہیڈورکس پاکستان کے قبضے میں چلا جاتا تو
کسی بھی نازک صورت حال میں وہ بھارتی علاقوں کا پانی روک کر بھارتی حکومت
کو مشکلات میں ڈال سکتا تھا۔ جبکہ ضلع گورداسپور میں بھی مشرقی پنجاب کو
سیراب کرنے والی نہروں کے ہیڈورکس واقع تھے۔نیز اسی ضلع کی تحصیل پٹھان کوٹ
سے کشمیر کو راستہ جاتا تھا۔یہ ضلع پاکستان کو مل جاتا تو ریاست کشمیر بھی
خودبخود پاکستان میں ضم ہو جاتی۔ریاست کا ہندو راجا بھی کوئی الٹی حرکت نہ
کر پاتا۔
یہ خطرات دیکھ کر پنڈٹ نہرو نے ماؤنٹ بیٹن کی بیوی،ایڈوینا کے ذریعے
وائسرائے ہند پر زبردست دباؤ ڈالا کہ وہ ریڈکلف کو حکم دے کر دونوں درج
بالا اضلاع بھارت میں شامل کرا دے۔چناںچہ 15 اگست کی رات لارڈ مائنٹ بیٹن
نے ریڈکلف کو کھانے پر بلا لیا۔اس دعوت میں وائسرائے نے مہمان جج پر شدید
دباؤ ڈالا کہ وہ باوئنڈری کمیشنوں کی رپورٹیں تبدیل کر دے۔ریڈکلف دباؤ
برداشت نہ کر سکا اور اس نے فیروزپور اور گورداسپور کے اضلاع بھارت میں
شامل کر دیے۔
یوں خود کو انصاف پسند،دیانت دار اور حق گو کہنے والے برطانوی لیڈروں نے
کھلے عام پاکستان سے دھوکے بازی کی اور اسے نقصان پہنچا دیا حالانکہ یہ ملک
حال ہی میں وجود میں آیا تھا۔ یہ منافق مغربی استعمار کے ظلم اور عالم
اسلام سے تعصب کی نمایاں مثال ہے۔ |