تیمم کا حکم کب اور کیوں نازل ہوا؟ ایمان افروز واقعہ

تیمم کے حکم کا نازل ہونا حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی وجہ سے اس امت پر کی جانے والی اللہ تعالیٰ کی برکتوں اور احسانات میں سے ایک برکت اوراحسان ہے۔

اس واقعہ کو خود انھوں نے بیان فرمایا ہے۔ چناں چہ حضرت امام بخاری ؒ نقل فرماتے ہیں کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ایک سفر کے موقع پر میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ تھی۔اس سفر میں بہت سارے مسلمان بھی ہمارے ہمراہ تھے۔ میں نے ایک ہار پہن رکھا تھا ۔ جب ہمارا قافلہ ذات الجیش کے مقام پر پہنچا تو وہاں یہ ہار ٹوٹ کر گم ہوگیا۔لہٰذا اس ہار کو ڈھونڈنے کے لیے نبی کریمﷺ نے وہاں مزید قیام فرمایا، اور آپ کے ساتھ آپ کے ہمراہی بھی وہیں ٹھہرے رہے۔

اتفاق سے قافلے نے جہاں پڑاؤ ڈالا تھا، وہاں دور دور تک پانی کا نام و نشان نہ تھا، صبح قریب تھی ،اورلوگوں کو فجر کی نماز پڑھنے کی فکر تھی ۔ پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ گھبرائے ہوئے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی خدمت میں پہنچے اور انھیں اپنی صورت حال بتائی (کہ نماز کا وقت ہوچکا ہے، اور وضو کے لیے دور دور تک پانی نہیں ہے،اب کیا کیا جائے؟عائشہؓ نے کیا کردیا ) حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ : لوگوں کی یہ باتیں سن کر حضرت ابوبکر صدیقؓ میرے پاس آئے اور(والد ہونے کی حیثیت سے) مجھے سرزنش کرنا شروع کردی۔ اس وقت کریمﷺ میرے زانو پر اپنا سرِ مبارک رکھے ہوئے آرام فرما تھے۔

حضرت ابوبکرصدیقؓ نے میرے پہلو میں کچوکے لگائے ۔ لیکن میں نے نبی کریمﷺ کے آرام میں خلل نہ آئے، اس خیال سے ذرا بھی حرکت نہ کی ۔یہاں تک کہ صبح کے وقت جب نبی کریم ﷺبیدار ہوئے تو دیکھا پانی موجود نہیں ہے۔ اسی دوران وحی کے آثار نمایاں ہوئے اور حکم نازل ہوا :
ترجمہ : اور اگر تم بیمارہو یا سفر میں ہو، یاتم میں کوئی قضائے حاجت سے آیا ہو، یا تم نے عورتوں کو چھواہو(یعنی تم پر غسل فرض ہوگیا ہو)، اور پانی نہ پاؤ تو پاک مٹی سے تیمم کرلو۔(سورۃ النساء)

یہ حکم نازل ہوگیا تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے دل وفورِ مسرت سے جھوم جھوم اٹھے۔ اور وہ اپنی مقدس ماں ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو دعائیں دینے لگے۔

حضرت ابن شہاب زہری ؒ فرماتے ہیں: حضرت ابوبکر صدیقؓ جو کہ چند لمحے پہلے اپنی بیٹی کو سرزنش کررہے تھے، تیمم کا حکم نازل ہوجانے پر انھوں نے فرمایا : اللہ کی قسم! مجھے تو علم نہ تھا کہ تم اتنی بابرکت ہو۔یہ ماجرا دیکھ کر صحابئِ رسول حضر ت اسید بن حضیرؓ ،جو ہار کی تلاش کے لیے بھیجے جانے والوں میں سے تھے،کہنے لگے : اے ابوبکرؓ کے گھر والو! تم ہمیشہ سے برکت والے ہو ۔ یہ تمہاری پہلی برکت ہی نہیں ہے ۔

YOU MAY ALSO LIKE: