مغربی آسٹریلیا کے دیہی علاقے میں دیگر مویشیوں کے ساتھ
چارہ کھاتے ہوئے نکرز دیگر جانوروں کو اوپر سے جھانکتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
تقریباً 1400 کلوگرام وزنی اور 194 سینٹی میٹر قد کے مالک اس سات سال کی
عمر کے سانڈ کو ملک کا سب سے بڑا بیل یا سانڈ سمجھا جا رہا ہے۔ اور اس کے
اسی حجم کی وجہ سے یہ ابھی تک بچا ہوا ہے۔
|
|
اس کے مالک جیف پیئرسن نے جب گذشتہ ماہ اس کی نیلامی کی کوشش کی تو گوشت
فروشوں کا کہنا تھا کہ وہ اس کو قابو نہیں کرسکتے۔ چنانچہ نکرز ذبح خانہ
جانے سے بچ گیا۔
اب وہ زندگی پھر کے پرتھ سے 136 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر میالپ میں لیک
پریسٹن کے مویشیوں کے باڑے میں رہ رہا ہے۔
چیف پیئرسن کہتے ہیں ’نکرز اب جی رہا ہے۔‘ اس کے مالک کو مقامی صحافیوں کی
بے شمار کالیں موصول ہو رہی ہے جب سے آسٹریلیا کے سرکاری نشریاتی ادارے نے
اس جانور کی جانب توجہ دلائی ہے، جو ہولسٹین فریسین نسل کا سانڈ ہے لیکن اس
نسل کے عام جانوروں سے بہت بڑا ہے۔
اس کو پہلے ’کوچ‘ کے طور پر خریدا گیا تھا یعنی ایک ایسا سانڈ جو تقریباً
12 ماہ کی عمر میں دیگر مویشیوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
جیف پیئرسن کہتے ہیں کہ ’یہ ہمیشہ دیگر سانڈوں سے الگ دکھتا تھا، دیہگر
جانوروں کے مقابلے میں بہت بڑا۔‘
اگرچہ ’اس کے کچھ ساتھیوں‘ کو چھوٹی عمر میں ذبح ہونے کے لیے بھیج دیا گیا
تھا ’یہ ابھی تک یہیں ہے چنانچہ ہم نے سوچا کہ اسے یہیں چھوڑ دیا جائے، یہ
کسی کو نقصان نہیں پہنچا رہا۔‘
لیکن مویشی بانوں کو ’احساس ہوا کہ یہ بڑھنے سے رک نہیں رہا‘۔ اور اب یہ
نیلامی کے لیے بہت بڑا ہے۔
جیف پیئرسن تقریباً 20 ہزار مویشیوں کے مالک ہیں اور وہ کہتے ہیں نکرز کی
زندگی کے چند سال رہ گئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے سیاہ اور گہرے بھورے رنگ کے
مویشی ہے۔ سیاہ اور سفید رنگ کا نکرز ان کے ریوڑز میں مزید الگ دکھائی دیتا
ہے۔
|
|
ریکارڈ بکس کے مطابق سب سے لمبا سانڈ 'بلینو' ہے، سنہ 2010 میں اٹلی میں اس
کی پیمائش کی گئی جو 2.027میٹر تھی۔
ہولسٹین نسل کیسی ہوتی ہے؟
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ سیاہ اور سفید ہوتے ہیں۔ یہ دودھ
حاصل کرنے کے لیے پالے جاتے ہیں۔ یہ 2000 سال پرانی نسل ہے اور اس کا آغاز
یورپ سے ہوا تھا۔ انھیں خوراک کے لیے بھی پالا جاتا ہے، اور نکرز ایک نر
سانڈ ہے اس لیے اس کا دودھ کے کاروبار میں کوئی کردار نہیں ہے۔
عام طور پر یہ کتنا بڑھتے ہیں؟
اس کا انحصار ان کی نسل پر ہوتا ہے۔ اخبار نیویارک ٹائمز لکھتا ہے کہ ڈیرن
ایم شیفیلڈ کے مطابق ہولسٹین ایسوسی ایشن یو ایس اے کے پیداواری ریکارڈز
کہتے ہیں کہ ایک اوسط ہولسٹین گائے کندھوں تک چار فٹ دس انچ لمبی ہوتی ہے
اور اس کا وزن 1500 پاؤنڈ ہوتا ہے۔ سانڈ عام طور پر 15 ماہ کی عمر میں ذبح
کیے جاتے ہیں جب ان کا وزن 1300 سے 1400 پاؤنڈ کے درمیان ہوتا ہے۔ ایسا کم
ہی ہوتا ہے کہ سانڈ سات سال سے زیادہ عمر جی لیں۔
|
|