سونے کے دروازے والا محل

اللہ کے محبوب، دانائے غیوب،منزہ عن العیوب عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہِ وسلم کا فرمانِ تقرب نشان ہے“بے شک بروز قیامت لوگوں میں سے میرے قریب تر وہ ہوگا جو مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجے۔“

سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، مکی مدنی سلطان صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہِ وسلم کا فرمانِ رحمت نشان ہے، جب ماہِ رمضان کی پہلی رات آتی ہے تو آسمانوں اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور آخر تک بند نہیں ہوتے۔ جو کوئی اس ماہ مبارک کی کسی بھی رات میں نماز پڑھتا ہے۔ تو اللہ عز و جل اس کے ہر سجدے کے عوض (یعنی بدلہ میں) اس کے لئے پندرہ سو(1500) نیکیاں لکھتا ہے اور اس کے لئے جنت میں سرخ یا قوت کا گھر بناتا ہے۔ جس میں ساٹھ ہزار(60000) دروازے ہونگے۔ اور ہر دروازے کے پٹ سونے کے بنے ہونگے جن میں یاقوت سرخ جڑے ہونگے۔ پس جو کوئی ماہِ رمضان کا پہلا روزہ رکھتا ہے تو اللہ عزوجل مہینے کے آخر دن تک اس کے گناہ معاف فرما دیتا ہے، اور اس کیلئے صبح سے شام تک ستر ہزار(70000) فرشتے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں۔ رات اور دن میں جب بھی وہ سجدہ کرتا ہے اس کے ہر سجدہ کے عوض (یعنی بدلے) اسے(جنت میں) ایک ایسا درخت عطا کیا جا تا ہے کہ اس کے سائے میں گھوڑے سوار پانچ سو(500) برس تک چلتا رہے
شعب الایمان ج ٣ ص ٣١٤ حدیث ٣٦٣٥

سبحان اللہ عزوجل میٹھے میٹھے اسلامی بھائیوں! خدائے حنان و منان عزوجل کا کس قدر عظیم احسان ہے کہ اس نے ہمیں اپنے حبیب ذیشان،رحمت عالمین صلیٰ اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہِ وسلم کے طفیل ایسا ماہ رمضان عطا فرمایا کہ اس ماہ مکرم میں جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ اور نیکیوں کا اجر خوب خوب بڑھ جاتا ہے بیان کردہ حدیث کے مطابق رمضان المبارک کی راتوں میں نماز ادا کرنے والے کو ہر ایک سجدہ کے بدلے میں پندرہ سو(1500) نیکیاں عطا کی جاتی ہیں نیز جنت کا عظیم الشان محل مزید بر آں۔ اس حدیث مبارک میں روزہ داروں کے لئے یہ بشارت عظمیٰ بھی موجود ہے کہ صبح تا شام ستر ہزار(70000) فرشتے ان کیلئے دعائے مغفرت کرتے رہتے ہیں۔
Tariq Hayat
About the Author: Tariq Hayat Read More Articles by Tariq Hayat: 5 Articles with 8527 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.