میرا دل چاہتا ہے کہ جب مجھے کوئ یاد کرے تو پتہ چل جاے
کہ کون یاد کر رہا ہے اور کس طرح یاد کر رہا ہے
اس سے جہاں بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں شائد وہاں بڑھ بھی سکتے ہیں ۔
اگر اُس آلے کا جو آپ کے اندر نصب ہو ، صرف مثبت بٹن اون ہو یعنی اگر کوئ
محبت سے یا تشکر سے یاد کرے تو سُنائ دے
کتنا خوبصورت احساس ہو جو محبت کی اساس ہو اور نہ ہوتے ہوے وہ آپ کے پاس ہو
اور اگر کوئ غلط فہمیاں پل رہی ہوں تو وہ دفع ہوں اور کئ دفع ہوں۔
یہ خیال مجھے ابھی تحریر لکھتے وقت آیا ہے اور اس بارے میں تحقیق نہیں کر
سکا ہوں کہ سائنس یا مائینڈ سائنس اس شعبہ میں کہاں تک پہنچی ہے ۔ اتنا
ضرور کہہ سکتا ہوں کہ کہیں نہ کہیں پہنچی ضرور ہے ۔ اس وقت میں تو اپنے
خیالوں میں کہیں کا کہیں پہنچ چُکا ہوں اور ہمیشہ کی طرح چاۓ ٹھنڈی ہو چُکی
ہے جو اب بیچاری کام کرنے والی دوسری لا کر دے گی یا تنگ آکر وہ دوسری چاے
کے بجاے دوسری کام والی لا کر دے دے ۔
بچپن میں جب ہچکیاں آتی تھیں تو کوئ کہتا کہ کوئ یاد کر رہا ہے آپ کو تو
میں سوچتا کہ اگر پتہ چل جاے کہ کون یاد کر رہا ہے تو اُس سے زیادہ میں
اُسے یاد کرنا شروع کر دوں اور اُس کو ہچکیوں کے بجاے ہچکولے آئیں اور وہ
ہچکیوں سے رونے لگے ۔
حتمی طور پر تو نہیں کہہ سکتا مگر کچھ ایسا تجربہ ہوا کہ بعض وقت اگر کسی
وجہ کے بغیر آنسو جاری ہو جائیں تو لگتا ہے کوئ یاد کر رہا ہے ورنہ آپ تو
ضرور کسی کو شدت سے یاد کر رہے ہیں اور اسکی کوئ نہ کوئ دلیل بھی حاصل ہوئ
ہم اگر کسی نیک روح کو یاد کریں یا کوئ نیک روح ہمیں یاد کرے یا وہ ہمارے
قریب ہو تو بھی ایسا ممکن ہے کہ آنسو جاری ہو جائیں اور ہم اُن کو بے وجہ
آنسو یا غم یا ڈپریشن کا نام دے دیں۔ ویسے اگر غم و مصائب کی وجہ سے یا
لوگوں کے بے جا طنز سے اور تنہا ہو جانے کی وجہ سے دل گداز ہو جاے تو خدا
کی رحمت متوجہ ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کے زرا سی بات پر بھی آنسو نکل پڑتے
ہیں ۔
یہ تو اب مستند بات ہے کہ آپ اپنا خیال دور بیٹھے شخص کو منتقل کر سکتے ہیں
، کسی خاص طریقہ کار سے ، جو صلاحیت آپ کے اعصاب میں پہلے سے موجود ہوتی ہے
،صرف کسی کی رہنمائ سے مشق کرنا ہوتی ہے۔
کچھ نایاب لوگوں میں روحانی یا زہنی صلاحیت بھی دیکھی گئ ہے کہ وہ کسی کے
خیالات بھی پڑھ لیتے ہیں۔ اسی لئے مجھے خیال آیا کہ شائد کچھ لوگوں کو
معلوم ہو جاتا ہو کہ اُن کو کون یاد کر رہا ہے۔
بات اگر خُدا کو یاد کرنے کی ہو تو وہ کہتا ہے کہ
تم مجھے یاد کرو میں تمہیں یاد کروں گا |