اللہ تعالیٰ کی یاد اور خوف

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : (روزِ قیامت) اللہ عزوجل فرمائے گا : دوزخ میں سے ایسے شخص کو نکال دو جس نے ایک دن بھی مجھے یاد کیا یا میرے خوف سے کبھی بھی مجھ سے ڈرا۔
:: ترمذی شریف کتاب صفة جهنم عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم، 4 / 712، الرقم : 2594

حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما روایت کرتے ہیں کہ میں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا : دو آنکھوں کو (دوزخ کی) آگ نہیں چھوئے گی : (ایک) وہ آنکھ جو اﷲ تعالیٰ کے خوف سے روئی اور (دوسری) وہ آنکھ جس نے اﷲ تعالیٰ کی راہ میں پہرہ دے کر رات گزاری۔
:: ترمذی شریف کتاب فضائل الجهاد عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم، 4 / 92، الرقم : 1639

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جس نے اللہ تعالیٰ کو یاد کیا اور اس کے خوف سے اس کی آنکھیں اس قدر اشک بار ہوئیں کہ زمین تک اس کے آنسو پہنچ گئے تو اﷲ تعالیٰ اُسے قیامت کے دن عذاب نہیں دے گا۔
:: مستدرک، 4 / 289، الرقم : 7668،

حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ کو دو قطروں اور دو نشانوں سے زیادہ کوئی چیز پسند نہیں : اللہ تعالیٰ کے خوف سے (بہنے والے) آنسوؤں کا قطرہ اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں بہنے والے خون کا قطرہ۔ رہے دو نشان تو ایک (ہے) اللہ تعالیٰ کی راہ (میں چلنے) کا نشان اور (دوسرا ہے) اللہ تعالیٰ کے فرائض میں (پڑ جانے والے) کسی فریضہ (کی ادائیگی) کا نشان۔
:: ترمذی شریف، کتاب : فضائل الجهاد عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم، 4 / 190، الرقم : 1669،

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اﷲ تعالیٰ نے فرمایا : مجھے اپنی عزت کی قسم! میں اپنے بندے پر دو خوف اور دو امن اکٹھے نہیں کروں گا اگر وہ مجھ سے دنیا میں خوف رکھے گا تو میں اسے قیامت کے روز امن میں رکھوں گا اور اگر وہ مجھ سے دنیا میں بے خوف رہا تو میں اسے قیامت کے روز خوف میں مبتلا کروں گا۔
:: شعب الإيمان، 1 / 482، الرقم : 777،
پیرآف اوگالی شریف
About the Author: پیرآف اوگالی شریف Read More Articles by پیرآف اوگالی شریف: 832 Articles with 1381637 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.