توبہ استغفار فرمان مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : ایک آدمی اپنے اوپر ظلم و زیادتی کرتا رہا (یعنی بہت زیادہ گناہوں میں ملوث رہا)، جب اس کی موت کا وقت آیا تو اس نے اپنے بیٹوں سے کہا : جب میں فوت ہو جاؤں تو مجھے اچھی طرح جلا دینا، پھر (میرے جلے ہوئے جسم کو) پیس دینا، پھر میری راکھ ہوا میں اُڑا دینا، اللہ کی قسم! اگر میرے ربّ نے مجھے پکڑ لیا تو وہ مجھے ایسا عذاب دے گا کہ اس جیسا عذاب کبھی کسی کو نہ دیا ہو گا، جب وہ فوت ہوگیا تو اس کے ساتھ اسی طرح کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے زمین کو حکم دیا : اپنے اندر موجود اس کے (بکھرے ہوئے ذرّات) جمع کر دے، زمین نے ذرّات جمع کر دیئے تو وہ (پورے جسم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے سامنے) کھڑا ہو گیا. اللہ تعالیٰ نے فرمایا : تمہیں اس کاروائی پر کس چیز نے آمادہ کیا تھا؟ اس نے کہا : اے میرے رب! تیری خشیت نے، یا عرض کیا : اے رب! تیرے خوف نے۔ تو اللہ تعالیٰ نے اسے بخش دیا۔
:: بخاری شریف، کتاب : الأنبياء، 3 / 1283، الرقم : 3294،

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : ہر انسان خطاکار ہے اور اچھے خطاکار (خطا ہو جانے کے بعد ندامت سے سچی) توبہ کرنے والے ہیں۔
:: ترمذی شریف، کتاب : صفة القيامة والرقائق والورع عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم، (49)، 4 / 659، الرقم : 2499،

حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : گناہ سے (سچی) توبہ کرنے والا اس شخص کی مانند ہے جس نے کوئی گناہ کیا ہی نہ ہو۔
:: ابن ماجه شریف، کتاب الزهد، 2 / 1419، الرقم : 4250،

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : مومن جب کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نشان بن جاتا ہے، پھر اگر وہ توبہ کر لے اور (گناہ سے) ہٹ جائے اور استغفار کرے تو اس کا دل صاف ہو جاتا ہے (لیکن) اگر وہ زیادہ (گناہ) کرے تو یہ نشان بڑھتا جاتا ہے، یہاں تک کہ اس کے (پورے) دل کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور یہی وہ ’’رَانَ‘‘ (زنگ) ہے جس کا ذکر اﷲ تعالیٰ نے اپنی کتاب (قرآن مجید) میں فرمایا ہے : (كَلَّا بَلْ رَانَ عَلَى قُلُوبِهِم مَّا كَانُوا يَكْسِبُونَ) ’’ہرگز نہیں بلکہ ان کے دلوں پر ان کے عملوں کی وجہ سے سیاہی چھا گئی ہے۔
:: ابن ماجه شریف، کتاب : الزهد،2 / 1418، الرقم : 4244،

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جو شخص مغرب سے سورج طلوع ہونے تک (یعنی قیامت بپا ہونے) سے پہلے پہلے توبہ کرے گا اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرمائے گا۔
:: مسلم شریف، کتاب : الذکر والدعاء والتوبة والاستغفار، 4 / 2076، الرقم : 2703،

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ اس وقت تک بندے کی توبہ قبول فرماتا ہے جب تک روح اس کے حلق میں پہنچ کر غر غر نہیں کرتی (یعنی جب تک وہ حالت نزع میں مبتلا نہیں ہوتا)
:: ترمذی شریف، کتاب : الدعوات عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم ،5 / 547، االرقم : 3537،

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : پیتل (یا لوہے) کی طرح دلوں کا بھی ایک زنگ ہے اور اس کی پالش (اور اس سے چھٹکارے کا ذریعہ) استغفار ہے۔
:: مجمع الزوائد، 10 / 207.

حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : شیطان نے (بارگاہِ الٰہی میں) کہا : (اے اﷲ!) مجھے تیری عزت کی قسم! میں تیرے بندوں کو جب تک ان کی روحیں ان کے جسموں میں باقی رہیں گی گمراہ کرتا رہوں گا۔ اﷲتعالیٰ نے فرمایا : مجھے اپنی عزت اور جلال کی قسم! جب تک وہ مجھ سے بخشش مانگتے رہیں گے میں انہیں بخشتا رہوں گا۔
:: مستدرک، 4 / 290، الرقم : 7672،

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : مجھے اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے! اگر تم گناہ نہ کرو گے تو اﷲ تعالیٰ تمہیں لے جائے گا اور ایسے لوگ لے آئے گا جو گناہ بھی کریں گے اور معافی بھی مانگیں گے اور اﷲ تعالیٰ انہیں معاف کرے گا۔
:: مسلم شریف، کتاب : التوبة، 4 / 2106، الرقم : 2749،

حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنھما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جو شخص پابندی کے ساتھ استغفار کرتا ہے، اﷲ تعالیٰ اس کے لیے ہر غم سے نجات اور ہر مشکل سے نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے اور اسے وہاں سے رزق دیتا ہے جہاں سے اس کے وہم و گمان میں بھی نہ ہو۔‘
:: ابوداود شریف، کتاب : الصلاة، 2 / 85، الرقم : 1518،

یا اللہ بطفیل پنج تن سچی توبہ کی توفیق عطاء اور صدقہ پنجتن پاک توبہ قبول فرما

قارئین میری تحریروں کا مطالعہ کے بعد اپنی رائے سے ضرور نوازا کریں براہ راست رابطہ کے لئے
[email protected]
پیرآف اوگالی شریف
About the Author: پیرآف اوگالی شریف Read More Articles by پیرآف اوگالی شریف: 832 Articles with 1381620 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.