کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے نامناسب الفاظ اور اشارے

پاکستان کرکٹ بورڈ کو پاکستان سپر لیگ کی دو فرنچائز ٹیموں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان اور اشارے استعمال کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
 

image


یہ واقعہ سنیچر کی شب لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا تھا جس کے بارے میں دونوں ٹیموں نے میچ ریفری روشن مہانامہ سے بھی باضابطہ شکایت کی ہے۔

میچ کے اختتام پر کراچی کنگز کے صدر سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے شکایت کی کہ کراچی کنگز کے ڈریسنگ روم کے اوپر واقع لاہور قلندرز کے مہمانوں کے باکس سے ان کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب نعرے لگائے گئے ہیں اور نامناسب اشارے بھی کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر بھی وسیم اکرم کے پاس آ گئے۔ اس دوران سکیورٹی سٹاف نے مہمانوں کے باکس کی جانب دیکھتے ہوئے ان لوگوں کو پہچاننے کی کوشش کی جن کے بارے میں وسیم اکرم نے شکایت کی تھی کہ وہ نامناسب الفاظ استعمال کر رہے تھے۔
 

image


لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ لاہور قلندرز کے باکس سے کسی قسم کے نامناسب الفاظ اور اشارے کیے گئے تھے۔

عاطف رانا کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم عماد وسیم اور محمد عامر نے مبینہ طور پر لاہور قلندرز کے باکس کی طرف دیکھتے ہوئے نامناسب زبان استعمال کی ہے جس پر لاہور قلندرز نے نہ صرف میچ ریفری روشن مہانامہ سے باضابطہ شکایت کی ہے بلکہ اس معاملے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔

عاطف رانا کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم، عماد وسیم اور محمد عامر سینیئر کرکٹرز ہیں لیکن انہیں کس نے یہ حق دیا ہے کہ وہ ہماری خواتین کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب زبان استعمال کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے باکس میں ُاس وقت سینیئر صحافی محمد مالک، اویس توحید، رانا جواد کے علاوہ حامد میر کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔

عاطف رانا نے بتایا کہ وسیم اکرم کی شکایت پر سکیورٹی سٹاف نے مبینہ طور پر رانا جواد اور اویس توحید کو آ کر شامل تفتیش کرلیا اور ان سے ان کے کارڈز لے لیے گیے۔ کیا یہ دونوں سینئیر حضرات کسی کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کرسکتے ہیں؟

دوسری جانب کراچی کنگز کے سربراہ سلمان اقبال نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی کہ وسیم اکرم یا کسی دوسرے کرکٹر نے لاہور قلندرز کے باکس کی طرف نامناسب زبان استعمال کی تھی۔
 

image


سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے باکس کی طرف سے مبینہ طور پر وسیم اکرم جیسے لیجنڈ کے خلاف فقرے کسے جانا انتہائی افسوسناک بات ہے ۔ ہم نے اس بارے میں میچ ریفری اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سے باضابطہ شکایت کی ہے۔

سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ یہ کوئی انڈیا پاکستان کا میچ نہیں بلکہ پاکستان کی اپنی لیگ ہے جس میں شائستگی کا مظاہرہ کیا جانا بہت ضروری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب تک اس شکایت پر کارروائی کے متعلق کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ جبکہ اس واقعے کے بعد سینئیر صحافیوں محمد مالک اور اویس توحید نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔ جہاں انھیں ایک طرف لاہور قلندرز کے شائقین کی حمایت حاصل ہے تو دوسری طرف کراچی کنگز کے فینز کی طرف سے ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE: