عمران خان نے یہ بات منگل کو پلوامہ حملے کے معاملے پر پالیسی بیان میں کہی۔
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ انڈیا کو سوچنا چاہیے کہ پاکستان کو اس
حملے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
’کوئی احمق بھی اس طرح کا واقعہ کرے گا اپنے آپ کو سبوتاژ کرنے کے لیے۔اگر
آپ نے ماضی کے اندر پھنسے رہنا ہے اور جب بھی کشمیر میں کوئی سانحہ ہو تو
پاکستان کو ہی ذمہ دار ٹھہرانا ہے۔۔۔ اس طرح تو ہم وپنگ بوائے بنے رہیں گے۔‘
انھوں نے یقین دلایا کہ اگر انڈیا اس واقعے میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے
ثبوت فراہم کرتا ہے تو پاکستان ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔ ’میں انڈیا کی
حکومت کو پیشکش کر رہا ہوں۔ آپ تحقیقات کروانا چاہتے ہیں کہ کوئی پاکستانی
اس میں ملوث تھا تو ہم تیار ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’کوئی قابلِ کارروائی خفیہ اطلاعات ہیں کہ پاکستانی ملوث
ہیں وہ ہمیں دیں میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ ہم ایکشن لیں گے اور اس لیے
نہیں لیں گے ہم پر دباؤ ہے بلکہ اس لیے کہ ایسا کرنے والے ہم سے دشمنی کر
رہے ہیں۔‘
|