سابق قومی کپتان فاسٹ بالر وقار یونس کا کہنا ہے کہ انہیں
نوجوان فاسٹ بالر محمد حسنین میں اپنا آپ نظر آتا ہے جبکہ شین واٹسن بھی
انہیں آنے والے وقت میں خطرناک اور کامیاب باؤلر کی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔
|
|
نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ محمد حسنین
کو بالنگ کرتا دیکھ کر انہیں اپنا وقت یاد آجاتا ہے۔ جب وہ بھی اسی طرح جوش
و جذبے کے ساتھ میدان میں آتے تھے۔
دوسری جانب قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی کچھ ایسا ہی کہنا تھا کہ چیف
سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ انہوں نے محمد حسنین کو باؤلنگ کرتے ہوئے دیکھا
جو اس خلا کو پر کر سکتے ہیں جو انہیں محسوس ہو رہا ہے۔
شین واٹسن نے بھی اس موقع پر کہا کہ محمد حسنین کے اندر غیر معمولی صلاحیت
موجود ہے جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں
اور آنے والے دنوں میں ان سے مزید بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔
وقار یونس کے مطابق ہونہار پیسر محمد حسنین کے پاس پیس اور باؤنس کے علاوہ
کچھ کر دکھانے کے عزم سمیت سب کچھ ہے تاہم سوائے شعیب اختر کے انہوں نے
تمام بالرز میں یہ بات محسوس کی کہ وہ جب 140 سے 150 کلومیٹرز کی رفتار سے
بالنگ کرنے لگتے ہیں تو پھر ان کے پیس میں کمی آنے لگتی ہے جس پر محمد
حسنین کو کافی کام کرنا ہوگا۔
|
|
وقار یونس کو رول ماڈل کہنے والے محمد حسنین نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی ایک
اچھے فاسٹ بالر بننے کی خواہش رکھتے تھے اور یہ خواہش پی ایس ایل میں پوری
ہوئی لیکن پاکستان کے لیے نمائندگی کا خواب جو بچپن سے دیکھا ہے اب وہ بھی
پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
|