غلط ووٹ ڈالنے پر آدمی نے اپنی انگلی کاٹ لی

انڈیا میں جاری عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتر پردیش کے ایک ووٹر کا کہنا ہے کہ یہ احساس ہونے کے بعد کہ اس نے ’غلط‘ پارٹی کو ووٹ ڈال دیا ہے، اس نے اپنی انگلی کاٹ لی۔
 

image


ایک وائرل ہونے والی ویڈیو میں پون کمار نامی ووٹر کا کہنا ہے کہ اس نے غلطی سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ووٹ ڈال دیا تھا۔

وہ ایک علاقائی سیاسی جماعت کو ووٹ ڈالنا چاہتا تھا مگر ووٹنگ مشین میں بہت سے انتخابی نشان دیکھ کر تذبذب کا شکار ہو گیا تھا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد ہر ووٹر کی شہادت کی انگلی پر نہ مٹنے والی سیاہی لگائی جاتی ہے۔

انھوں نے جمعرات کو شمالی ریاست اترپردیش کے علاقے بلند شہر میں اپنا ووٹ ڈالا تھا۔ کمار کو ویڈیو میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں ہاتھی کے نشان پر ووٹ ڈالنا چاہتا تھا مگر میں نے غلطی سے پھول کے نشان پر ووٹ ڈال دیا۔‘

وہ ان نتخابی نشانات کی جانب اشارہ کر رہے تھے جو ووٹنگ مشین پر ہر امیدوار کے نام کے سامنے بنے ہوتے ہیں۔
 

image


انڈین انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا انتخابی نشان کنول کا پھول ہے جبکہ ہاتھی ایک علاقائی سیاسی جماعت باہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کا نشان ہے جو دیگر دو علاقائی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ بی جے پی کے خلاف انتخاب لڑ رہی ہے۔

انڈیا جیسے ملک میں جہاں بیشتر علاقوں میں شرح خواندگی کم ہے وہاں انتخابی نشانات اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ لوگوں کو ان کی سیاسی جماعت کی نشاندہی میں مدد دیتے ہیں۔

کمار ایک دلت ہیں۔ اس شہر میں دلت (جنھیں اچھوت بھی کہا جاتا ہے) علاقائی سیاسی جماعت بی ایس پی کے لیے اہم ووٹرز کی حیثیت رکھتے ہیں۔
 

image


جمعرات کو ہونے والے انتخاب کو انڈیا کی علاقائی سیاسی جماعتوں کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ جن کی نمائندگی کرشماتی شخصیات کے مقامی سیاست دان کرتے ہیں اور ان ریاستوں میں سیاست پر غالب ہے۔

انڈیا میں سات مرحلوں پر مشتمل یہ الیکشن 19 مئی تک جاری رہے گا جب کہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 23 مئی کو ہو گا۔ ان انتخابات میں 90 کروڑ کے لگ بھگ افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا الیکشن قرار دیا جا رہا ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

An Indian man has cut off his own finger after accidentally voting for the wrong party in his country's election. Pawan Kumar said that he had wanted to vote for the Bahujan Samaj Party in the second round of the election in the northern state of Uttar Pradesh.