کہیں آپ بھی تو یہ پاس ورڈ استعمال نہیں کر رہے؟

محققین کا دعویٰ ہے کہ لاکھوں افراد اپنے بے حد حساس اکاؤنٹز پر ایسے پاسورڈ استعمال کرتے ہیں جنہیں بھانپ لینا بہت آسان ہوتا ہے۔

برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کی ایک تحقیق کے مطابق 1,2,3,4,5,6سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاسورڈز میں سے ایک ہے۔
 

image


اس ریسرچ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بہت بڑی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو سائبر معاملات میں علم کی کمی کی وجہ سے بڑی مصیبتوں میں گھر سکتے ہیں۔

نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر نے بتایا کہ بھروسہ مند اور محفوظ پاسورڈ کے لیے لوگوں کو تین یادگار الفاظ کو ملا کر پاسورڈ بنانا چاہیے۔

اپنے پہلے سائبر سروے کے لیے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر نے تحقیق میں ان آن لائن اکاؤنٹز کو شامل کیا جو سائبر کرائم کی زد میں آ چکے ہوں۔ انہوں نے یہ دیکھا کہ ان اکاؤنٹز کے لیے لوگوں نے کس طرح کے پاسورڈز کا استعمال کیا۔

لسٹ میں سب سے اوپر 1,2,3,4,5,6تھا جسے 2.3 کروڑ اکاؤنٹز کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ مقبول پاسورڈ کو 1,2,3,4,5,6,7,8,9 دیکھا گیا۔ محققین کے مطابق اس پاسورڈ کا قیاس لگانا بھی زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ سب سے زیادہ استعمال شدہ پاسورڈز میں 'qwerty'اور 111111 بھی شامل ہیں۔

برطانیہ میں پاسورڈ میں استعمال ہونے والا سب سے عام نام ’ایشلی‘ ہے، اس کے بعد مائیکل، ڈینیئل، جیسیکا اور چارلی ہیں۔

فٹبال کے مداح پریمیئر لیگ ٹیموں سے منسلک پاسورڈ بھی استعمال کرتے ہیں جن میں لیورپول کا نام سب سےاوپر ہے، اس کے بعد چیلسی۔

نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ایئن لیوی نے بتایا کہ وہ افراد جو پاسورڈ میں آسان نام یا آسان الفاظ کا استعمال کرتے ہیں، ان کے اکاؤنٹز کو ہیک کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔
 

image


اپنے حساس ڈیٹا کی حفاظت کے لیے ایسے الفاظ یا ناموں کو نہیں استعمال کرنا چاہیے جن کے بارے میں قیاس لگانا آسان ہو۔ اپنے پسندیدہ میوزک بینڈ یا فنکار کا نام پاسورڈ میں استعمال کرنا بھی ایسا ہی ہے۔

پاسورڈ کیسا ہونا چاہیے؟
برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کی تحقیق میں لوگوں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ وہ اپنے اکاؤنٹز کی حفاظت کے لیے کیا کرتے ہیں اور انہیں کس بات کا خدشہ رہتا ہے؟

ریسرچ میں یہ سامنے آیا کہ بیالیس فیصد افراد کو یہ ڈر پریشان کرتا ہے کہ ان کا پیسہ آن لائن چوری ہو سکتا ہے۔ صرف پندرہ فیصد افراد ہی ایسے تھے جو اس بارے میں پراعتماد تھے کہ انہیں اپنے اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے تمام ضروری باتیں اور اقدامات پتہ ہیں۔

آدھے سے بھی کم ایسے لوگ تھے جو اپنے ایمیل کے اہم اکاؤنٹ کے لیے مختلف اور زیادہ محفوظ پاسورڈ استعمال کر رہے تھے۔

ماہر سائبر سیکیورٹی ٹرائے ہنٹ ہیک ہونے والے اکاؤنٹز کے ڈیٹا بیس تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن سیکیورٹی کے معاملے میں لوگوں کے پاس سب سے بڑا اور واحد اختیار یہی ہے کہ وہ ایک محفوظ یا طاقتور پاسورڈ کا انتخاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کر کے کہ سب سے زیادہ استعمال یا کمزور پاسورڈز کون سے ہیں، ہم انہیں محفوظ پاسورڈز کے انتخاب کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔

اپریل کی چوبیس اور پچیس تاریخ کو برطانیہ میں نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس سے قبل یہ سروے شائع کیا گیا۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Millions of people are using easy-to-guess passwords on sensitive accounts, suggests a study. The analysis by the UK's National Cyber Security Centre (NCSC) found 123456 was the most widely-used password on breached accounts.