مال و دولت۔ کبھی نعمت، کبھی زحمت

’مال‘‘ اﷲ تعالیٰ کی ایک نعمت ہے جس کے ذریعے انسان کی بے شمار دینی اور دنیوی ضروریات پوری ہوتی ہیں ۔لیکن یہی ’’مال‘‘ امتحان اور آزمائش بھی ہے اور کبھی یہی مال کسی کے لئے فتنہ یا فساد کا سبب بھی بن جاتا ہے۔یعنی مال ’’رحمت‘‘ بھی ہے اور ’’زحمت‘‘ بھی ۔قرآن پاک میں اﷲ تعالی نے دنیوی مال و اسباب کو اپنا فضل قرار دے کرر اسے جائز زرائع سے حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے تاکہ انسان راحت وسکون، عزت ووقار اور خوشی ومسرت کے ساتھ زندگی بسر کرسکے ۔اسلام میں مال و دولت کمانے کو ناپسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا گیا بلکہ رزقِ حلال کے لیے محنت کرنے والے کو اﷲ تعالیٰ نے اپنا حبیب قرار دیا ہے۔ اسی طرح انسانی تاریخ میں بہت سے انبیاء اور صالحین ایسے گزرے ہیں جن کے پاس بے شمار دولت تھی، اسی طرح صحابہ کرام میں بھی مالدار لوگ تھے،۔بہت سے نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی زندگی میں ہی مالدار تھے اور بعض اسلامی ریاست کے قیام کے بعد فراوانی کی وجہ سے امیر ہوئے۔ الغرض مال بجائے خود ناپسندیدہ نہیں، بلکہ اسلام تو اتنا مال رکھنے کا حکم دیتا ہے کہ انسان دوسروں کے سامنے دستِ سوال دراز کرنے سے بچ سکے۔ لیکن یہی مال جب اﷲ کی معصیت اور نافرمانیوں میں استعمال کیا جانے لگے۔ا سراف وفضول خرچی کو شعار بنا لیا جائے اور جہاں اسے خرچ کرنے کیلئے کہا گیا ہے وہاں خرچ کرنے کی بجائے جہاں خرچ کرنے سے منع کیا گیا ہے وہاں خرچ کیا جانے لگے تو یہی نعمت انسان کیلئے وبال جان اور اﷲ تعالیٰ کی گرفت کا سبب بن جاتی ہے۔کبھی انسان مال ودولت کے نشے اور عیش وعشرت میں پڑ کر اﷲ کو فراموش کرجاتا ہے اور کبر وغرور میں پڑ کر ظلم وزیادتی کا مرتکب ہوجاتا ہے۔الداروں کی دولت وثروت میں غریبوں کا بھی حق ہے اور یہ اس وجہ سے کہ سماج میں کوئی محروم نہ رہے اور کوئی دولت مند عیش وعشرت میں پڑ کراور روز جزاء سے غافل ہو کر سماج میں بدبونہ پھیلائے۔ اﷲ نے یہ نظام اسی لئے قائم کیا ہے کہ بنی نوع انسانی کے تمام افراد کے درمیان اشتراک وتعاون قائم ہو اور معاشرہ ایک صالح بنیادوں پر استوار رہے ،جہاں نہ عیاشی واسراف کی بے اعتدالی ہو اور نہ فقرو افلاس کی مشکل صورتحال بلکہ دونوں طبقے ایک حد کے اندر رہیں اور ان کے درمیان عدل وانصاف جاری رہے۔ قرآن پاک عیش وعشرت میں حد سے گزر کر سامان زندگی کے انبار لگانے کو بری نگاہ سے دیکھتا ہے بلکہ اسے انسانی زندگی کیلئے ایک چیلنج قرار دیتا ہے۔ قرآن مجید لوگوں کو سعادت، خوشحالی اور راحت وسکون کی فضاء برقرار رکھنے کی تلقین کرتا ہے۔ جو لوگ عیش وعشرت میں پڑ کر فساد فی الارض کا سبب بنتے ہیں ،وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے اپنی بے پناہ دولت کا سہارا لیتے ہیں۔ وہ اپنی دولت اور جاہ ومنصب کے سہارے گھٹیا سے گھٹیا عمل کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، وہ ہر ایسی آواز یا طاقت کو کچل دینا چاہتے ہیں جو ان کی پرتعیش زندگی میں رخنے ڈال سکتی ہو۔قارون سیدنا موسیٰ علیہ السلام کا چچا زاد بھائی تھا۔ بنی اسرائیل سے ہونے کے باوجود وہ فرعون کا ساتھی اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کا مخالف تھا۔ اس کی وجہ شہرت اس کی بے پناہ دولت تھی۔ مگر یہی دولت اسے اﷲ تعالیٰ کے عذاب میں گرفتار کرنے کا سبب بن گئی۔قرآن کا یہ واقعہ انسانوں کے دلوں میں پیوست دنیا پرستی کے جذبہ اور اس سے متعلقہ تمام معاملات پر انتہائی تفصیل سے روشنی ڈالتا ہے۔ دنیا پرستی کا یہ مرض جو زمانہ قدیم سے انسانوں کو خدا کی نافرمانی میں مبتلا کرتا رہا ہے، آج پہلے سے کہیں زیادہ قوت کے ساتھ ہمارے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ یہ مرض عام لوگوں کے لیے تو آخرت میں محرومی کا سبب ہے ہی، مگر دنیا پرستی کا مرض جب کسی مسلم معاشرہ میں پھیل جاتا ہے تو یہ اسے ایمان وعمل صالح کا ایک حقیقی نقشہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کے قابل نہیں چھوڑتا۔ چنانچہ وہ مسلم معاشرہ ہی برائی اور شرکا محور بن جاتا ہے۔ قرآن اور حدیث، دونوں میں مسلمانوں کو دنیوی مال کے اس فتنہ سے خبردار کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے کی سب سے صریح روایت مسند احمد کی وہ حدیث ہے جس میں اس معاملے کو یوں بیان کیا گیا ہے: ''ہر امت کا یک فتنہ ہوتا ہے اور میری امت کا فتنہ مال ہے۔''تاریخ بتاتی ہے کہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کی یہ پیش گوئی حرف بحرف پوری ہوئی اور موجودہ دور میں دنیا پرستی کا یہ فتنہ اپنی انتہا پر پہنچ گیا ہے۔ مذہب اور اہل مذہب لوگوں کو اس فتنہ سے کیا بچاتے، وہ خود اس کی لپیٹ میں آگئے۔ آخرت کی زندگی کا وہ حقیقی تصور جسے انبیائے کرام نے بنی نوع انسان تک پہنچایا ، آج تمام انسانی معاشروں بشمول مسلمانوں میں بھی کم ہی نظر آتا ہے۔بلکہ مذہب کو بھی دنیا پرستی کا ایک حصہ بنا دیا گیا ہے۔ چنانچہ لوگ مذہب کو ایک تہذیبی ورثہ اور رسوم و عادات کے طور پر اختیار کرتے ہیں۔ ایسا مذہب انسانوں کو نہیں بدلتا، بلکہ وہ انسانوں کے ماحول، مزاج اور عادات کے مطابق ڈھل جاتا ہے۔ اس کے بعد وہ اس قابل نہیں رہتا کہ انسانوں کو دنیا پرستی سے روک سکے۔۔ اسی طرح جب رسول کریم اﷲ ﷺ کی بعثت ہوئی تو دنیوی آسائشوں میں زندگی بسر کرنے والے خوش حال لوگوں نے رسول اﷲﷺ کی دعوت پر لبیک کہنے والے اور ایمان لانے والے کمزوروں کا مذاق اڑایا ۔ان کی دولت وثروت اوران کی عیاشی وخوشحالی نے ان کے اندر کبرو غرور، خود بینی وخود پسندی اور نخوت پیدا کردیاتھا اور یہی ہر زمانہ میں ہوتا ہے کہ دولت وثروت کا انبار انسان کے مزاج کو بگاڑ دیتا ہے۔ وہ اپنی بے پناہ دولت پر اترانے لگتا ہے اورخاص طور پر جبکہ یہ دولت ناداری وغربت کے بعد آئے اور اس کے حصول میں بھی حلال وحرام کی تمیز نہ رہی ہو۔تاریخ انسانی گواہ ہے کہ اﷲ سے غافل کردینے والے مال وزر کی ریل پیل کا ہر زمانہ میں یہی مزاج رہا ہے جو روز اول سے آج تک چلارہا ہے۔ یہاں تک کہ اس میں مسلم وغیر مسلم کی قید بھی نہیں۔ حد سے زیادہ دولت رکھنے والا یہ طبقہ جب اﷲ کے حکم سے منہ موڑ لے تو پھرسماج میں فساد وبگاڑ کا سرچشمہ بنتا ہے۔ فتنہ وفساد بپا کرتا ہے۔دولت کا انبار اور عیش وعشرت کی زندگی اسے بزدل بنا دیتی ہے اس کے اندر سے جدوجہد کا مادہ ختم ہوجاتا ہے اور وہ اپنی عیاشی کو برقرار رکھنے کیلئے کسی سے بھی ہاتھ ملانے اور سودے بازی کرنے کیلئے تیار رہتا ہے۔ اسی لئے کسی بھی ملک کی تباہی وبربادی، پچھڑے پن اور مغلوبیت کا بنیادی سبب یہی طبقہ ہوتا ہے: ''اور جب ہم کسی بستی کو ہلاک کرنے کا ارادہ کرلیتے ہیں تو وہاں کے خوشحال لوگوں کو کچھ حکم دیتے ہیں اور وہ اس بستی میں کھلی نافرمانی کرنے لگتے ہیں تو ان پر عذاب کی بات ثابت ہوجاتی ہے، پھر ہم اسے تباہ وبرباد کردیتے ہیں۔''(بنی اسرائیل)۔اس میں شبہ نہیں کہ دولت وثروت اﷲ کی نعمت ہے، اس کی قدر کرنی چاہیے، اسے اﷲ کی معصیت میں نہیں بلکہ اﷲ کو راضی کرنے والے راستوں میں خرچ کرنا چاہیے، اسراف وفضول خرچی سے بچنا چاہیے اور غریبوں وناداروں کا خیال رکھنا چاہیے۔ اہل علم کو بھی چاہیے کہ وہ حکمت ودانائی کیساتھ اہل ثروت تک حق بات پہچانتے رہیں اور حق بات کہنے سے محض مالداروں کو خوش کرنے کیلئے خاموشی اختیار نہ کریں کہ بسا اوقات ان سے خلاف شر ع باتوں کا صدور نادانی وغفلت اور ناواقفیت ولاعلمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ ان میں قبول حق کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، اگر بھلے طریقے پر ناصحانہ انداز میں انہیں درست بات کہی جائے اور اس میں اخلاص ہو تویہ بات سنی جاتی اور اس پر اثر ہوتا ہے۔
 

Prof Masood Akhtar Hazarvi
About the Author: Prof Masood Akhtar Hazarvi Read More Articles by Prof Masood Akhtar Hazarvi: 208 Articles with 240751 views Director of Al-Hira Educational and Cultural Centre Luton U.K., with many years’ experience as an Imam of Luton Central Mosque. Professor Hazarvi were.. View More