بھارت: علامہ اقبال ؒ کی نظم ’لب پہ آتی ہے دعا‘ پڑھانے پر ٹیچر معطل

شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کی مشہور نظم ’لب پہ آتی ہے دعا‘ پڑھانے پر بھارتی صوبہ اترپردیش میں ایک پرائمری اسکول کے ہیڈماسٹر کو معطل کردیا گیا۔
 

image


اقبال ؒ نے جب 'بچے کی دعا‘ لکھی تھی تو شاید ان کے وہم و گمان میں بھی یہ بات نہیں ہو گی کہ اس نظم کے پڑھانے پر کسی شخص کو ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ ویبھو سریواستوا کا کہنا ہے کہ بلاک ایجوکیشن آفیسر کی تفتیش کے بعد بیسل پور پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر سید فرقان علی کو اس لیے معطل کیا گیا ہے کیوں کہ وہ 'بچوں سے قومی ترانے کے بجائے ایک مذہبی گیت دعا کے طور پر پڑھوا رہے‘ تھے۔

ضلع مجسٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ اگر ہیڈ ماسٹر فرقان علی قومی ترانے کے بجائے کوئی دوسری نظم پڑھوانا چاہتے تھے تو انہیں اس کی باضابطہ اجازت لینا چاہیے تھی کیوں کہ قومی ترانے کی جگہ کوئی دوسری نظم پڑھوانا جرم ہے۔
 

image


معاملے کی تفتیش کرنے والے بلاک ایجوکیشن افسر کا کہنا ہے کہ انہیں وشو ہندو پریشد کی طرف سے جو شکایت ملی تھی، اس میں یہ نہیں کہا گیا تھا کہ اسکول میں بھارت کا قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے یا نہیں۔ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بلکہ شکایت یہ کی گئی ہے کہ 'لب پہ آتی ہے دعا‘ کیوں پڑھائی جاتی ہے۔

معطل ہونے والے استاد کا موقف
دوسری طرف پاؤں سے معذور 45 سالہ سید فرقان علی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے اسکول میں قومی ترانے کے ساتھ ساتھ بالعموم ہندی نظم 'وہ شکتی ہمیں دینا‘ ہی پڑھائی جاتی ہے لیکن چونکہ یہاں نوے فیصد طالب علم مسلمان ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ علامہ اقبال ؒ کی نظم 'بچے کی دعا‘ بھی پڑھائی جائے، اس لیے وہ اسکول میں یہ نظم بھی پڑھواتے ہیں۔

فرقان علی نے یہ بھی بتایا کہ اقبال ؒ کی مذکورہ نظم پرائمری اسکولوں کے لیے اترپردیش کی صوبائی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ نصابی کتاب میں شامل ہے اور اس نظم میں حب الوطنی، وطن عزیز کی زینت و عظمت اور دوسروں کے ساتھ ہمدردی اور مدد کرنے کی تعلیم دی گئی ہے۔

سید فرقان علی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا، ''یہ سب کچھ دراصل ہندو شدت پسند جماعت وشو ا ہندو پریشد اور 'ہندو واہنی‘ کی کارستانی ہے، جو مجھے اسکول سے نکلوانا چاہتی ہیں۔ ان لوگوں نے اسکول کے باہر اور ضلعی کلکٹریٹ کے دفتر کے سامنے مظاہرے بھی کیے اور جھوٹی شکایت درج کرائی۔ حالانکہ میرے طلبہ روزانہ 'بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ بھی لگاتے ہیں۔‘‘

بھارت اور اقبال ؒ کی شاعری
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ  کی نظم 'بچے کی دعا‘ بھارت میں کافی مقبول ہے۔ بیشتر اسکولوں اور بالخصوص مسلم اکثریتی اسکولوں میں کلاس شروع ہونے سے قبل یہ دعا پڑھی جاتی ہے۔ حتی کہ جن اسکولوں میں اردو پڑھنے والے بچے نہیں ہیں، وہاں بھی اس کیسٹ پر یہ دعا چلائی جاتی ہے۔

تاہم ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں اور اردو سے تعلق رکھنے والی ہر چیز کو نشانہ بنانے اور ہندوتوا اور ہندو دھرم کی علامات کو غالب کرنے کی براہ راست یا بالواسطہ کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ پیلی بھیت کا مذکورہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے موقع پر ڈاکٹر اقبال ؒ ہی کی مشہور نظم 'سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘ پورے جوش و خروش کے ساتھ پڑھی جاتی ہے۔ بھارتی فوج بھی اسے اپنے مارچ پاسٹ کے دھن کے طور پراستعمال کرتی ہے۔ لیکن حکمراں جماعت بی جے پی اور اس کی مربی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو اقبال ؒ کی شاعری پسند نہیں۔ آر ایس ایس سمجھتی ہے کہ ایک 'اکھنڈ بھارت‘ کی تقسیم کے پس پشت اقبال کا نظریہ بھی کارفرما رہا ہے۔

اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے متنازعہ رہنما یوگی ادیتیہ ناتھ کی حکومت ہے۔ یوگی'ہندو یووا واہنی‘ کے نام سے ہندو نوجوانوں کی ملیشیا کے بانی ہیں اور اپنے مسلم مخالف متنازعہ بیانات کے لیے مشہور رہے ہیں۔

اترپردیش میں ایک استاد کی معطلی کے بعد یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ ملک کے مشکل ترین امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ کے عہدہ پر فائز ہونے والے افسر کو کیا یہ بھی نہیں معلوم کہ 'لب پہ آتی ہے دعا‘ کوئی مذہبی گیت نہیں ہے۔ اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ اب جب کہ اترپردیش کے اس اسکول میں پڑھانے والے واحد ٹیچر کو بھی معطل کردیا گیا ہے تو بچوں کی تعلیم کا کیا ہوگا؟
 


Partner Content: DW
YOU MAY ALSO LIKE:

According to an inquiry by Bisalpur’s Block Education Officer (BEO) Upendra Kumar on Tuesday, the suspended headmaster, Furqan Ali, 45, made students recite the poem “lab pe aati hai dua”, written in 1902 by Muhammad Iqbal.