چغل خور آنکھیں تھیں یا ان کو پڑھنے والی عورت؟

‎تقسیم ہند کے بعد کا ذکر ہے ریاست حیدرآباد سے ایک خاندان ہجرت کر کے پاکستان آیا اور کراچی میں مقیم ہؤا ۔ اسی خاندان کی ایک خاتون ایک بہت عجیب و غریب صلاحیت کی مالک تھی اس کے پاس کوئی علم تھا یا عمل جس کے ذریعے وہ کسی بھی لڑکی کی صرف آنکھیں دیکھ کر بتا دیتی تھی کہ لڑکی باکرہ ہے یا بیاہتا ۔ لوگ اکثر اسے آزمانے کے لئے مختلف لڑکیاں دکھا کر ان کے بارے میں سوال کرتے تھے تو جواب کبھی غلط نہیں ہوتا تھا ۔ مگر آنکھیں بند کی ہوئی یا نقاب کی ہوئی یا رنگین چشمہ پہنی ہوئی لڑکی کے بارے میں بتانے سے وہ قاصر ہوتی تھی اس کا علم صرف بِنا ڈھکی ہوئی آنکھوں پر کارگر ہوتا تھا ۔
‎پھر کسی فیملی نے اپنے لڑکے کا کسی جگہ رشتہ طے کیا اور منگنی کی رسم ادا کر دی ۔ ایکمرتبہ کسی تقریب میں اس لڑکے کے گھر والے بھی شریک تھے اور یہی خاتون بھی ۔ اتفاق سے لڑکی بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ آئی ہوئی تھی لڑکے کی ماں کو شرارت سوجھی اور اس نے وہ لڑکی کسی بہانے سے اس خاتون کو دکھائی اور پوچھا کہ یہ کنواری ہے یا شادی شدہ؟ خاتون معاملے سے لاعلم تھی اسے معلوم نہیں تھا کہ اس لڑکی سے انہوں نے اپنے بیٹے کی منگنی کی ہوئی ہے لہٰذا اس نے جو اسے نظر آیا کہہ دیا ۔ لڑکے کی ماں لمحے بھر کو تو سُن ہو کر رہ گئی پھر سنبھل کر بات کو ٹال دیا اور پھر بعد میں ایسے ہی کوئی حیلہ بہانہ بنا کر منگنی توڑ دی ۔

‎کچھ عرصہ بعد اس خاتون کو اس بات کا پتہ چلا تو وہ سکتے میں آ گئی کیونکہ وہ لڑکی کوئی بیوہ یا مطلقہ بھی نہیں تھی اس کی تو کبھی شادی ہوئی ہی نہیں تھی ۔ تب اس خاتون نے آئندہ کبھی کسی لڑکی کے بارے میں زبان کھولنے سے ہمیشہ کے لئے توبہ کر لی (رعنا تبسم پاشا)
 

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 226 Articles with 1696184 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.