‎چوری چھپے وڈیو بنانے والے کو پکڑ کر اُس کا منہ اور فون دونوں توڑ دیں

دنیا بھر میں جہاں جہاں ہمارے دیسی یعنی پاکستانی آباد ہیں ، یو ٹیوب پر کھانے پکانے کی وڈیو بنا کر ڈالنے والے ایک بہت بڑے نام مبشر صدیق سے بخوبی واقف ہیں ۔ اپنے ماں باپ کا فرمانبردار ایک بےحد سعادتمند اولاد ایک حد درجہ شریف النفس انسان اپنے ناظرین میں نہایت ہی احترام کی نظر سے دیکھا جانے والا یہ پندرہ لاکھ سبسکرائبرز ہولڈر آج اپنے چینل پر بیٹھا ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگ رہا تھا ۔ ہمیشہ ہنستا مسکراتا رہنے والا اور دوران پکوان بار بار بسم اللہ شریف پڑھنے والا مبشر صدیق بہت آزردہ اور دل شکستہ نظر آ رہا تھا ۔ کیونکہ تقریباً ڈیڑھ دو ماہ پہلے کچھ لڑکے اس کے مہمان بن کر گاؤں آئے اور راستے میں انہوں نے اسکول سے آتی ہوئی لڑکیوں اور اپنے کام کاج میں مصروف خواتین کی وڈیو بنا لی اور ایک خاتون نے وہ اپنے چینل پر اپ لوڈ کر دی جس کا ابھی دو روز پہلے ہی پتہ چلا ۔

گاؤں میں پنچایت بیٹھی اور بقول مبشر صدیق کے آج تک جتنی بھی عزت تھی وہ اس واقعے کی وجہ سے ختم ہو گئی ۔ کیونکہ وڈیو بنانے والے ان کے مہمان بن کر آئے تھے مگر انہوں نے بلا اجازت گاؤں کی بچیوں اور عورتوں کی وڈیو بنائی انٹر نیٹ پر ڈالی اور ان کے بار بار اسے ہٹانے کی درخواست کے باوجود وہ وڈیو اب بھی آن لائن ہے اور ان کی کسی بات کا کوئی جواب نہیں دیا جارہا ۔ گاؤں کی پنچایت میں یہ طے کیا گیا ہے کہ کوئی بھی مبشر صدیق کا مہمان بن کر آئے سو بسم اللہ مگر اس کے ہاتھ میں کیمرا نہیں ہونا چاہیئے اگر ایسا ہؤا اور وہ وڈیو بناتا پایا گیا تو اپنے انجام کا وہ خود ذمہ دار ہو گا ۔ گاؤں والے تو اس کے ساتھ جو سلوک کریں گے ہی پھر اسے جو حوالہء پولیس بھی کیا جائے گا وہ خاطر تواضع الگ سے ہو گی ۔

بالکل صحیح بات ہے ایسا ہی ہونا چاہیئے ہم تو کہتے ہیں کہ اس ماحول اور معاشرت سے تعلق رکھنے والے لوگ چاہے جہاں بھی رہ رہے ہوں وہ اپنے ہاں ہونے والی کسی بھی تقریب یا موقع پر اس بات پر کڑی نظر رکھیں کہ کوئی اپنا یا پرایا آپ کی بہن بیٹیوں کی وڈیو چپکے چپکے چوری چھپے تو نہیں بنا رہا؟ اگر کسی کو ایسا کرتا ہؤا پائیں تو پکڑ کر اس کا منہ اور فون دونوں توڑ دیں ۔ کیونکہ انٹر نیٹ پر ایسی بہت سی دیسی وڈیوز موجود ہیں جن کو دیکھ کر صاف پتہ چلتا ہے کہ یہ اس میں موجود خواتین کی لا علمی اور بےخبری میں بنائی گئی ہیں اور ایسا فیملی کا کوئی حاسد اور بدخواہ ہی کر سکتا ہے جسے کسی معصوم لڑکی کی عزت اور زندگی کی کوئی پرواہ نہیں ۔ لہٰذا ایسے بےغیرت خبیث گندے انڈے کسی رُو رعایت کے بھی مستحق نہیں (رعنا تبسم پاشا)
 

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 235 Articles with 1895704 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.