حوضِ کوثر کیا ہے؟اللہ پاک نے ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ایک حوض عطا فرمایا ہے جس کا پانی دودھ سے زیادہ
سفید، شہد سے زیادہ شیریں (یعنی میٹھا)، مُشک سے زیادہ خوشبودار ہے۔جو ایک
مرتبہ پئے گا پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا۔ حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم اس سے اپنی اُمّت کو سیراب فرمائیں گے۔( کتاب العقائد،ص 36ملخصاً)
قِیامت کے دن جب نَفسا نفسی کا عالَم ہوگا اورگرمی کی شِدّت سے لوگوں کی
زبانیں سُوکھ کر کانٹا بَن چکی ہوں گی ایسے وقت میں وہ لوگ خوش نصیب ہوں گے
جنہیں اللہ پاک اپنے محبوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے حوضِ کوثر سے
سیراب کرے گا۔روایات میں ایسی نیکیوں کا بیان موجود ہے جن کی برکت سے جامِ
کوثر نصیب ہوگا، ان میں سے چند یہ ہیں:
دُرُودِ پاک کی کثرت کیجئے: مالکِ جنّت،ساقیِ کوثر صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم کافرمانِ عالی نشان ہے:”لَیَرِدَنَّ الْحَوْضَ عَلَیَّ اَقْوَامٌ
مَّا اَعْرِفُہُمْ اِلَّا بِکَثْرَۃِ الصَّلَاۃِ عَلَیّ یعنی حوضِ کوثر
پرکچھ لوگ میرے پاس آئیں گےجنہیں میں کثرتِ دُرُود کے سبب پہچان لوں گا۔“
(القول البدیع،ص 264)
درودِ پاک پڑھئے: حضرتِ سیِّدُنا حَسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جو
شخص حوضِ کوثر سے بھرا پیالہ پینا چاہے وہ اس دُرُودِ پاک کو پڑھے:
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ
وَاَوْلَادِہٖ وَاَزْوَاجِہٖ وَذُرِّیّٰتِہٖ وَاَھْلِ بَیْتِہٖ
وَاَصْھَارِہٖ وَاَنْصَارِہٖ وَاَشْیَاعِہٖ وَمُحِبِّیْہِ وَاُمَّتِہٖ
وَعَلَیْنَا مَعَھُمْ اَجْمَعِیْنَ یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ۔(الشفا،جزء
ثانی، ص72)
روزے دار کو کھانا کھلائیے: نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
فرمایا:روزہ دار کو افطارکروانے والے کو ویسا ہی ثواب ملے گا جیسا روزہ
رکھنے والے کو ملے گا بغیر اس کے کہ اُس کے اجر میں سے کچھ کم ہو۔ جس نے
روزے دار کو پیٹ بھر کےکھانا کھلایا، اُس کو اللہ پاک میرے حوض سے پلائے گا
کہ کبھی پیاسا نہ ہوگا یہاں تک کہ جنّت میں داخل ہو جائے۔(شعب
الایمان،ج3،ص305،حدیث:3608ملتقطاً)
غیرضروری گفتگو سے پرہیز کیجئے: نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے حوضِ کوثر کے کچھ اوصاف بیان فرمائے اور فرمایا: کل بروزِ قیامت جو اس
جگہ سے محروم رہے گا وہ ہر قسم کی بھلائی سے محروم رہےگا،سُن لو!جو یہ
چاہتا ہے کہ کل بروزِ قِیامت میرے پاس (حوضِ کوثر پر) پہنچ جائے اسے چاہئے
کہ اپنی زبان اور ہاتھوں کو غیرضروری باتوں اور کاموں سے روکے رکھے۔(احياءُ
العلوم ،ج5،ص219مختصرا ً)
پانی پلائیے،جامِ کوثر پائیے: رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا: جوراہِ خدا کے مسافر کو پانی پلائے تو روزِ قِیامت اسے حوضِ
کوثر پر آنا نصیب ہوگا اور اس کی سفارش سے مزید70 لوگوں کو بھی اس کی سعادت
ملے گی۔ (مسند الحارث،ج2،ص651،حدیث:627)
اللہ کریم ہمیں جامِ کوثر دلانے والی نیکیاں بجالانے کی توفیق عطا فرمائے
اور اپنے فضل و کرم سے بروزِ قِیامت جامِ کوثر عطافرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ
النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
|