کھانے کے ساتھ رائتہ لازمی۔۔۔ یہ چار اسٹاٰئلش رائتے بڑھائیں رونق دسترخوان کی

رائتے کو عالمی ڈش کہنا غلط نہیں ہوگا۔۔۔فرق صرف یہ ہے کہ اسے کس طرح بنایا جائے یا کس طرح پیش کیا جائے۔۔۔افغانستان ، ہندوستان، بنگلہ دیش میں رائتے کو لازمی قرار دیا جاتا ہے۔۔۔پاکستان میں بھی دسترخوان اس کے بغیر مکمل نہیں لگتا۔۔۔یہ نا صرف ہاضم ہوتا ہے بلکہ کھانے کی مرچوں اور تیزی کو بھی کنٹرول رکھتا ہے۔۔۔ایک کہاوت ہے کہ ذرا سی بات کا رائتہ پھیلا دیا۔۔۔لیکن ہمارا ماننا ہے کہ اگر رائتہ نا پھیلے پلیٹ میں تو ذائقہ نا پھیلے پیٹ میں۔۔۔ یوں تو کئی طرح کے رائتے ہیں لیکن ہم آپ کو آسان اور مزے دار رائتے بنانا سکھائیں گے۔۔۔
 

image


رنگیلا رائتہ
رنگیلا رائتہ چاول، کباب، سموسے اور پکوڑوں کے ساتھ بہترین لگتا ہے۔۔۔اس رائتہ کو بنانے کے لئے ایک پیالی دہی کو اچھی طرح پھینٹیں۔۔۔اس میں لہسن کو نمک کے ساتھ ملا کر کچل لیں اور ڈال دیں۔۔۔اب آدھا چائے کا چمچہ پسا ہوا زیرہ، اور آدھا چائے کا چمچہ پیلی پسی ہوئی مرچ ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔۔۔جب رائتہ پیش کریں تو اس پر ہرا دھنیا اور پودینہ کا پتے ڈال دیں-

آلو کا رائتہ
پراٹھے کے ساتھ سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا ہے آلو کا رائتہ۔۔۔لیکن اس کو بنانے کا بھی ہے ایک خاص طریقہ۔۔۔ایک پاؤ دہی کو اچھی طرح پھینٹیں۔۔۔پھر اس میں ابال کر کٹے ہوئے آلو، کترا ہوا پودینہ، باریک کتری ہوئی ہری مرچیں، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، ایک چائے کا چمچہ چینی اور آدھا چائے کا چمچہ نمک۔۔۔اچھی طرح ان سب کو مکس کرلیں۔۔۔اب ایک فرائنگ پین میں تین سے چار چمچے تیل میں کڑی پتہ اور زیرہ کڑ کڑا لیں اور اس رائتے پر بھگار دیں۔۔۔سادہ ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ بھی مزہ دے گا۔۔۔
 

image


انار کا رائتہ
وہ تمام لوگ جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں اس رائتے کو اپنی خوراک میں شامل کرلیں۔۔۔ایک پیالی دہی میں تازہ انار کے دانے ( تعداد اپنی مرضی سے) چاٹ مصالحہ، کالی مرچ پسی ہوئی، نمک، بھنا ہوا زیرہ، آدھی چائے کا چمچہ شہد ڈال کر اچھی طرح پھینٹیں اور کھائیں۔۔۔
 

image


سوکھے مصالحے کا چٹپٹا رائتہ
پودینے کی ایک مٹھی پتیاں لیں اور اسے توے پر سینک کر سکھا لیں۔۔۔اسی طرح ہرے دھنیے کے پتوں کے ساتھ کریں۔۔۔اب ثابت دھنیا، لال کشمیری مرچ، اور زیرہ بھی الگ بھون کر پیس لیں۔۔۔پودینہ اور ہرا دھنیا سوکھنے کے بعد آرام سے ہاتھ سے ہی باریک ہوجائے گا جیسے پسا ہوا ہو۔۔۔اب ان تمام مصالحوں کو نمک ملا کر یکجان کرلیں۔۔۔اس میں ایک چمچہ کالا نمک بھی شامل کردیں۔۔۔اور اس پاؤڈر کو ایک شیشی میں محفوظ کرلیں۔۔۔جب بھی مہمان آئیں تو فوراً دہی پھینٹ کر اس میں ایک سے دو چمچے ملا دیں۔۔۔یہ سوکھے مصالحے کا رائتہ ہر چیز کے ساتھ مزیدار لگتا ہے۔۔۔

YOU MAY ALSO LIKE: