مکمل قرآن پاک کا غیر منقوط ترجمہ

ڈاکٹر محمدطاہر مصطفےٰ کا حیرت انگیز کارنامہ

ڈاکٹر محمدطاہر مصطفےٰ کا حیرت انگیز کارنامہ
مکمل قرآن پاک کا غیر منقوط ترجمہ
تحریر:نعیم جاوید
تخلیق انسانی کے بعد پروردگار عالم نیانسانیت کے ارتقاء کے لیے انبیاء کا سلسلہ جاری فرمایااور معجزات کے ساتھ مؤید فرمایا۔قرآن مجید میں موجود علوم و معارف سے آج بھی انسانیت اپنی تشنگی دور کر رہی ہے۔تعلیمات قرآنیہ کی آفاقیت نے تاریخ کیاوراق پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج کتاب اللہ کا اعتقاداً انکار کرنے والے اس کے علوم و معارف کی صداقت کا دم بھرتے ہوئے نظر آتے ہیں.دیگر انبیاء علیہم السلام کی طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی معجزات سے نوازا لیکن ایک ایسا معجزہ جو ہمیشہ کے لیے عطا کیا گیا وہ قرآن مجید ہے۔کئی زبانو ں میں اس کتاب مقدس کا ترجمہ ہوچکا ہے اور تفاسیر بھی لکھی جا چکی ہیں۔بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے اپنی اس کتاب کو پڑھنے والوں کے لیے آسان بنا دیا ہے۔میں آپ کو ایک حیران کن بات کی طرف لے جارہا ہوں جو آپ کو ورطہء حیرت میں ڈال دے گی! اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اس مقدس سرزمین پر ایک شخصیت ایسی ہے جس نے قرآن پاک کا اردو زبان میں غیر منقوط ترجمہ کیا ہے۔اردو زبان باوجودیکہ غیر منقوط الفاظ کے معاملہ میں تنگی داماں کا شکار ہے۔پھر بھی بے نقط الفاظ سے مکمل ترجمہ لکھ دینا یقیناً قابل تعریف و ستائش ہے۔موصوف کا کہنا ہے کہالحمدللہ میں نے اسماء النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ہے اور صاحب قرآن کے ساتھ میری اس طرح نسبت کا جڑ جانا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔اس کی بدولت اللہ تعالیٰ نے مجھے کن کن انعامات سے نوازا ہے ان کو شمار میں نہیں لا سکتا۔جب صاحب قرآن کے ساتھ نسبت جڑ گئی تو دل میں داعیہ پیدا ہوا کہ کیوں نہ اب قرآن مجید کے ساتھ بھی ایک خاص تعلق پیدا ہوجائے۔کبھی یہ خیال انگڑائی لیتا کہ تفسیر لکھ دی جائے تو کبھی یہ خیال کہ کسی تفسیر کی تلخیص کر دی جائے۔بالآخر میری سوچ ایک ایسے نکتے پر مرکوز ہوئی جس سے دل کو اطمینان ہوا اور وہ کام قرآن پاک کا غیر منقوط ترجمہ لکھنا تھا۔میری زندگی کی ایک خواہش تھی کہ کوئی تاریخ ساز کارنامہ سر انجام دیا جائے تاکہ انسان زیر زمین بھی ہوتو اس کا کام اس کی پہچان بن جائے۔چنانچہ اس رب تعالیٰ سے مدد طلب کرتے ہوئے اس کام کا آغاز کر دیا۔کئی جگہ اتنی مشکل پیش آئی کہ منقوط الفاظ کی جگہ غیر منقوط الفاظ کا چناؤ از حد مشکل تھااور مشکل تو کیا ناممکن لگ رہا تھا۔لیکن جب مدد خدا ساتھ دے رہی ہو تو ناممکن کام بھی ممکن سے بدل جاتا ہے.اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور انعام سے یہ مشکل اور دقیق کام دو سال کے عرصے میں اختتام کو پہنچا۔یہ ایک الہامی کام تھا جو رب تعالیٰ کی ذات نے مجھ سے لیا۔قارئین! موصوف کا نام ڈاکٹر محمد طاہر مصطفےٰ صاحب ہے اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور شعبہ اسلامی فکر و تہذیب میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔کیو ٹی وی پر حکمت قرآن کے نام سے پروگرام میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیتے رہیہیں۔ملک کے جید دانشوروں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کا خاصہ ہے کہ اپنی تقریر و تحریر میں مسلکی و مذہبی تعصب کے عنصر سے بالاتر ہوکر گفتگو کرتے ہیں۔ان کی تحریر و تقریر میں شگفتگی،شائستگی،سنجیدگی،برجستگی،سادگی اور سلاست پائی جاتی ہے۔
محبت و شفقت کا یہ عالم ہے کہ ایک ملاقات سے ہی اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔میرے لیے اعزازکی بات ہے کہ یہ میرے استاد ہیں اور رب ذوالجلال نے مجھے ان کے سامنے بھی زانوئے تلمذ طے کرنے کا موقع فراہم کیاہے۔

میں بحیثیت ایک پاکستانی ہونے کے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس تاریخ ساز علمی کارنامے کوعالمی سطح پر اجاگر کیا جائے تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ ایسا کارنامہ سر انجام دینے والا سلطنت خدادا پاکستان کا سپوت ہے۔

اللہ تعالیٰ ان کی زندگی اور علم و عمل میں برکات کا نزول فرمائے آمین ثم آمین۔

 

Naeem Javed
About the Author: Naeem Javed Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.