صاف ستھرے اور سر سبز وشاداب پاکستان کے لئے ہماری ذمہ داریاں

دین اسلام میں صفائی ستھرائی کو بڑی اہمیت حاصل ہے، اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پران لوگوں کی تعریف کی ہے جوصفائی کا خاص خیال رکھتے ہیں، اﷲ فرماتا ہے "جو مسجد اول روز سے تقویٰ پر قائم کی گئی تھی ،وہی اس کے لیے زیادہ موزوں ہے کہ تم اس میں عبادت کرو۔اس میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو پاک صاف رہنا پسند کرتے ہیں اور اﷲ طہارت اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے"۔ پیارے نبی حضرت محمد ﷺ فرماتے ہیں "بلاشبہ اﷲ کی ذات پاک ہے اور پاکی کو پسند کرتا ہے صاف ستھرا ہے اور صفائی کو پسند کرتا ہے۔پس اپنے گھروں کو صاف رکھا کرو اور یہودیوں سے مشابہت نہ اختیار کرو"۔حضرت محمدصلی اﷲ علیہ وسلم نے گھر سے باہر سڑکوں کی صفائی کا بھی حکم دیا اس بات سے سختی سے منع کیا ہے کہ لوگ راستوں اور دیواروں کے سایہ میں پیشاب یا پاخانہ کریں۔سانچ کے قارئین کرام !دین اسلام نے لوگوں کو اپنے جسم سمیت اپنے آس پاس کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کا واضح حکم دیا ہے،اسلامی روایات تہذیب کا مطالعہ کرنے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان ایک فرق یہ ہوتا تھا کہ مسلمانوں کے گھر اور گلی محلے صاف ستھرے ہوا کرتے تھے۔اب افسوس کا مقام یہ ہے کہ یہود و نصاریٰ کے گھر اور اردگرد کا ماحول صاف ستھرا ہے،پھل پھول لگے باغیچے اور کیاریاں ہیں لیکن ہمارے معاشرہ میں اس کاکچھ خاص اہتمام نہیں کیا جاتا،بعض لوگوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ ان کے گھر،گلی ،محلہ ، شہر وغیرہ گندے یا غیر منظم ہیں،اکثر دیکھنے میں آتا ہے صفائی ستھرائی کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی بعض تو اسے فضول عمل تصور کرتے ہیں حالانکہ کہ صفائی ستھرائی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے ساتھ متعدد بیماریوں سے ماحول کو محفوظ رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے ، موجودہ حکومت کی بات کی جائے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حکومت کے قیام کے ساتھ ہی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا زورو شور سے آغاز کیا پاکستان بھر کی طرح پنجاب میں بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بْزدار نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کا افتتاح کرنے کے ساتھ جو انقلابی قدم اُٹھایا وہ تھا اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز سے حلف لینا،سانچ کے قارئین کرام !جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت مقامی حکومتیں وجود میں آچکی ہیں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹرز کا چارج دیا گیا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ انتظامی افسران نے کلین اینڈ گرین پنجاب کیلئے نیا ٹرینڈ سیٹ کریں ،موسمیاتی تغیرات اور ماحولیات آلودگی کے ایشوز پر قابو پانے کے لئے حکومت پنجاب سر سبز اور صاف پاکستان کے ویژن پر عمل پیرا ہے،اس سلسلہ میں مقامی حکومتوں میں کلین اینڈ گرین کے حوالے سے صحت مندانہ مقابلے منعقد کروائے جارہے ہیں ، ملکی سطح کے مقابلوں میں صوبہ پنجاب کے 12 شہر اور خیبر پختونخوا کے 7 شہر منتخب کئے گئے ہیں،صوبہ پنجاب میں 319 مقامی شہری حکومتوں کے درمیان صفائی کے مقابلے کرائے جائیں گے جس میں کلین ڈرنکنگ واٹر، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ویسٹ واٹر مینجمنٹ، ہائی جین اینڈ سینی ٹیشن، سٹی بیوٹیفکیشن، کمیونٹی پارٹی سپیشن کی بنیاد پر کارکردگی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی چیلنج کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی فورم پر اس کیلئے آواز اٹھائی ہے ، وطن عزیز پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے بھی گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت درختوں میں اضافہ کیاجائے گا،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارنے دیہاتوں میں بھی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سڑکوں، گلیوں اور بازاروں کی صفائی کا پائیدار نظام وضع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ،کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی کامیابی کے لئے تجاوزات کے خلاف مہم کو کامیاب کروانا انتہائی ضروری ہے تاکہ صفائی مہم کے بہتر نتائج سامنے آسکیں ،ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عثمان علی نے اپنی تعیناتی کے پہلے دن ہی سینٹری ورکروں کی حاضری چیک کرنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا غیر حاضر صفائی کے عملہ کو گھروں سے بلوا کر موقع پر تنبیہ کی کہ وہ اپنے فرائض احسن طریقہ سے سرانجام دیں ورنہ انکے خلاف محکمانہ کروائی کی جائے گی ،ضلع بھر میں کلین اینڈ گرین مہم اور پنجاب کے مختلف اضلاع اور شہروں کے درمیان صفائی ستھرائی کے حوالہ سے مقابلہ کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی جس سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین ، ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے صاف سر سبز پنجاب مہم کے حوالہ سے شرکاء کوتفصیل سے بتایا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سلیم صادق ،سید گلزار سبطین ، چودھری عبداﷲ طاہر، پی ٹی آئی کے جنرل سیکر یٹری چوہدری طارق ارشاد ،حفیظ اﷲ بلوچ ،مہر جاوید ،میاں عبد الرشید بوٹی ،سماجی شخصیت قمر عباس مغل ،رائے احمد حسن ،صدر سبزی منڈی چوہدری محمد اشرف،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رؤف احمد ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عزوبہ عظیم ،اسسٹنٹ کمشنر سیدہ آمنہ مودودی ،اسسٹنٹ کمشنررینالہ خوردقدسیہ ناز ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فدا افتخار میر سمیت دیگرسرکاری اداروں کے سربراہاں وافسران ،عمائدین علاقہ،صحافیوں ،غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین ، ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے کہا کہ صا ف اور سر سبز پنجاب مہم پاکستان میں موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے ،صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور کمیو نٹی کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی دیکھ بھال کا ہدف حاصل کرنے میں اپنی مثال آپ ہو گی ہر بچہ مرد و خواتین اپنے اپنے نام کا پودا لگائیں اور اس کی دیکھ بھال کریں پنجاب میں صاف اور سر سبز پنجاب مہم وزیر اعظم کے خواب کی تعبیر ثابت ہوگی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر مقامی شہری حکومتوں کے مابین صاف اور سر سبز پنجاب کے مقابلہ جات کے انعقاد نے ایک صحتمند کلچر اور مقابلہ و مسابقہ کی فضا پیدا کی ہے جس کے مثبت اثرات پورے ملک میں محسوس ہوں گے ہمیں آنے والی نسلوں کو ایک صحتمند سر سبز اور صاف پاکستان دیناہے جس کے لئے ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے ۔صفائی ستھرائی اور درخت لگانے کی مہم کو کامیاب بنانا ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب کو صاف اور سر سبز بنانے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،کوڑا کرکٹ کو درست انداز میں ٹھکانے لگانے ،نکاسی آب کے طریقوں کو بہتر بنانے ،ہر سطح پر صحت و صفائی کی عا دت اپنانے کے لئے لوگوں کو آگہی دینے ،زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی حفاظت اور پورے پنجاب میں شہروں ،قصبات اور دیہاتوں کو خوبصورت بنانے کے لئے باہمی اشتراک سے اقدامات کو یقینی بنا یا جائے صاف اور سر سبز پنجاب مہم کے اثرات معاشرہ کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے ۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم میں ہمیں مل جل کر کام کرنا ہے تاکہ ہم پاکستان کو وزیر اعظم پاکستان عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق صاف اور سر سبز بنا سکیں ۔مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ضلع اوکاڑہ میں بہتر حکمت عملی اور مربوط کاوشوں کی بدولت صاف اور سر سبز پنجاب مہم میں ہم نمایاں پوزیشن حاصل کر سکیں گے ۔ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے اس بات کا یقین دلایا کہ اس مہم کو دیہی علاقوں تک لے کر جایا جائے گا اور اس پروگرام کی مانیٹرنگ کے لئے تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور ہر سطح پر لوگوں کی اس میں شمولیت کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں گے ۔انہو ں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کو اس بات پر مائل کرنا ہے کہ وہ اپنے گھر ،گلی ،محلے کو صاف رکھیں ، سانچ کے قارئین کرام !وزیراعظم عمران خان کے پروگرام کلین اینڈ گرین مہم کے تحت تحصیل اوکاڑہ میں صفائی مہم بھی زوروشور سے جاری ہے شہر بھر میں پودے لگائے جارہے ہیں پارکوں ، اہم شاہراؤں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اطراف میں خوبصورت کیاریاں بنا کرپودے لگائے گئے ہیں، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فدا افتخار میر نے راقم الحروف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ /ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عثمان علی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس ، نہر لوئر باری دوآب ، اکبر روڈ ، ریلوے لائن کے دونوں اطراف خاص طور پر ساؤتھ سٹی میں صفائی کی صورتحال کو بہتر سے بہترین بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن کا عملہ سرگرم عمل ہے صفائی عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ 70سے زائد ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر شو کاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اسپیشل ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جوکہ صفائی /سیوریج / اور تجاوزات کے خاتمہ کے لئے چوبیس گھنٹے اپنے فرائض سر انجام دے گی ، شہریوں کو کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ایکشن کے لئے ان نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے 044-9330011اور044-2716755 ، شہری براہ راست مجھ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ،شہر بھر میں صفائی کے لئے ایک موبائل رکشہ ،ایک ٹریکٹرٹرالی اور آٹھ ملازمین پر مشتمل فورس شہریوں کی جانب سے صفائی ، سیوریج اور تجاوزات کے متعلق شکایات کے فوری ازالہ کے لئے بنائی گئی ہے ،جبکہ صبح 9بجے سے سہ پہر 4بجے تک اسپیشل سکواڈ 12ملازمین پر مشتمل ہے جوکہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کی صفائی کا ذمہ دار ہوگا ، ٹریکٹرٹرالی پر مشتمل 8ملازمین ہیں جبکہ شہر بھر کے وارڈز کی صفائی کے لئے 18ملازمین کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ، فدا افتخار میر نے کہا کہ جنرل صفائی صبح 6بجے سے 10بجے تک اوردوپہر1بجے سے شام 5 بجے تک سینٹری ورکرکام کر رہے ہیں جنکی چیکنگ کے لئے علی الصبح اور دن کے مختلف اوقات میں افسران فیلڈ میں رہتے ہیں اکبر روڈ اور فیصل آباد روڈ پر صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کے حکم پر تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں تجاوزات کے خاتمہ کے لئے آگہی مہم چلائی گئی ہے کسی بھی قسم کی تجاوزات کی صورت میں جرمانے کیے جارہے ہیں بلڈنگ میٹریل کو سڑکوں تک لانے والوں کو بھی وارننگ دی گئی ہے آئندہ انھیں جرمانے کیے جائیں گے فدا افتخار میر نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن اوکاڑہ کا سوشل میڈیا پیج بنا دیا گیا ہے جہاں شہری شکایت بھی درج کروا سکتے ہیں جس پر فوری ریسپانس دیا جائے گا جبکہ ڈیتھ /برتھ/میرج سرٹیفکیٹ کے حصول میں کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں براہ راست مجھ سے رابطہ کیا جائے شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے صفائی کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا ہو گا،سانچ کے قائین کرام !ہمارے شہروں دیہاتوں میں صفائی کی صورتحال کبھی بھی تسلی بخش نہیں رہی لیکن موجودہ حکومت کی کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سول سوسائٹی ، سماجی ، فلاحی ، رفاعی ، صحافی ، تاجر برادری کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو سرسبز وشاداب اور صاف ستھرا ترقی یافتہ پاکستان دے سکیں ٭

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 88 Articles with 71764 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.