سردی کا موسم شروع ہوتے ہی درجہ حرارت گرجاتا ہے اور
متعدد بیماریاں پھیلنے لگتی ہیں جن میں نزلہ ‘زکام اورکھانسی عام
ہیں۔نتیجتاًجسم کادفاعی نظام کمزور پڑ جاتا ہے جسے دور کرنے کیلئے وٹامنز
بالخصوص وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے جو سردی کے خصوصی پھلوں انار‘ کینو
اورسنگتروں سے باآسانی حاصل ہوتا ہے۔کینو وٹامن کا خزانہ ہیں یہی وجہ ہے کہ
اس پھل کو کھال‘ بال اورآنکھوں کی بینائی کےلئے مفید قرار دیا جاتا ہے‘ اسی
طرح سے انتہائی کم حراروں والا انار پوٹاشیم سے مالامال ہے جو پٹھوں کی
کارکردگی کو بہتر بناتا ہے جبکہ سیلز کے اندرونی اور بیرونی پانی کو منظم
کرنے میں اہم کردار رکھتا ہے۔
شکرقندی‘ ٹماٹر‘ کینو‘نارنگی‘ فروٹر‘اسٹرابیری‘ ہری مرچ‘ پیاز‘لیموں‘
چکوترے‘ پالک‘ آلو‘ چقندر اور شملہ مرچ میں پائے جانے والا وٹامن سی جسم
میں موجود پانی اورخون میں حل ہوجاتا ہے ۔ یہ ہمارے بالوں اور جلد کی
نشوونما میں بھی مدد دیتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق وٹامن سی فالج کے مریضوں
کی صحت کی بحالی ‘بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے اور اس کو متوازن رکھنے میں
مددگار ہے۔ کولیسٹرول‘ اعصابی تناﺅ‘ ہڈیوں اور ناخنوں کی کمزوری‘ الرجی ‘
خشک جلد اور دل کی بیماریوں سے بچاﺅمیں وٹامن سی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
موسم سرما میں نزلہ وزکام عام بیماری تصور کی جاتی ہے‘ وٹامن سی کے معتدل
استعمال سے نزلہ و زکام سے بچا جا سکتا ہے ۔
کینو ٹھنڈے موسم کی سوغات ہے جس میں 85 فیصد حرارے ہوتے ہیںجبکہ کولیسٹرول
کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ دن میں کم از کم دو کینو کھانے سے نہ
صرف روزانہ کی غذائی ضرورت پوری ہوتی ہے بلکہ یہ کمزور جسم والے افراد اور
بچوں میں بھوک کی اشتہاءبڑھانے کا بہترین ٹوٹکا بھی ہے۔ کینو کے متواتر
استعمال سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔کینو کے استعمال سے موٹے افراد
وزن پر قابو پاسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ جلد‘ ناخن اور بال کی خوب صورتی میں
خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔اسی طرح کینوکھانے سے بینائی پر اچھا اثر پڑتا ہے
کینوکے چھلکے بھی نہایت کارآمد ہیں۔ کینو کے چھلکے دھوپ میں سکھا کرپیس
لیں‘پھربغیر چکنائی نکلا دودھ یا عرق گلاب ملا کر چہرے ‘ ہاتھوں اور پیروں
پر بطور ماسک لگائیں ‘ چند ہی دنوں میں پھٹی اور خشک جلد میں نمایاں فرق
محسوس ہوگا۔
سردی کے موسم میں چقندر جیسی مفید اور سستی سبزی وٹامن سی اور خون کی کمی
سے نجات دلاکر صحتمند جلد اور جسم عطا کرتی ہے۔ چقندر کو بطور سلاد اور
سالن کی صورت میں پکا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔ اس کا جوس خون کی کمی دور
کرنے کیلئے بہترین ہے۔ کمزور افراد گاجر کی طرح چقندر کا حلوہ بھی بنا کر
استعمال کرسکتے ہیں۔ اسے پیس کر یا جوس نکال کر چہرے پر لگانے سے چہرہ سرخی
مائل اور شاداب ہو جاتا ہے۔
لیموں سردیوں اور گرمیوں دونوں کی پیداوار ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور لیموں کے
لاتعداد فوائد ہیں اس کے استعمال سے وزن قابو میں رکھاجاسکتا ہے ۔ لیموں کا
اچار کل کی طرح آج بھی نہایت مقبول ہے ۔ ہلدی‘ سرکہ اور نمک کےساتھ لیموں
کو مرتبان میں محفوظ کردیا جاتا ہے۔لیموں کے چھلکے خشک کرکے الماریوں اور
باورچی خانے کی درازوں میں رکھ دیں‘ حشرات الارض سے حفاظت رہے گی۔ چہرے کے
داغ دور کرنے ‘ جھائیوں سے بچاﺅ اوردانتوں کا پیلاپن دور کرنے کیلئے لیموں
سے فائدہ اٹھائیں۔
|