|
جنوری 2020 کے اختتام کے قریب آتے ہی پاکستان میں شائقین کرکٹ اب تیاری کر
رہے ہیں پاکستان سپر لیگ فائیو کے مقابلے دیکھنے کی۔
جوں جوں بیس فروری قریب آ رہی ہے کرکٹ کے مداحوں کا جوش بھی بڑھتا جا رہا
ہے۔ چونکہ یہ پہلی بار ہے کہ پی ایس ایل کا مکمل ٹورنامنٹ پاکستان میں
کھیلا جا رہا ہے، اس لیے کرکٹ فینز میں جوش بھی زیادہ نظرآ رہا ہے۔
20 فروری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے
اور #PSL5 اور #PSL2020 کے ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
جو لوگ پی ایس ایل 5 کے میچ سٹیڈیم جا کر دیکھنا چاہتے ہیں، ان کے لیے پانچ
باتوں کو مد نظر رکھنا مفید ہوگا۔
|
|
پی ایس ایل 5 کے ٹکٹوں کی خریداری
جو لوگ سٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے کا منصوبہ بنائے بیٹھے ہیں ان کو اپنی
تیاری آج بلکہ ابھی سے شروع کر دینی چاہیے۔
اس کے لیے پہلا مرحلہ ہے ٹکٹوں کی خریداری کا۔ پی ایس ایل کے میچوں کے لیے
ٹکٹوں کی فروخت 28 جنوری سے ٹی سی ایس کے مراکز کے ذریعے شروع ہو گئی ہے۔
ٹکٹوں کے لیے وی آئی پی، پریمیئم، فرسٹ کلاس اور جنرل کیٹیگریز بنائی گئی
ہیں۔ سب سے مہنگا ٹکٹ افتتاحی میچ کا ہے جس میں وی آئی پی کیٹیگری کا ٹکٹ
چھ ہزار، پریمیئم کا چار ہزار، فرسٹ کلاس ڈھائی ہزار اور جنرل کیٹیگری کا
ٹکٹ ایک ہزار روپے کا ٹکٹ ہے۔
|
|
فائنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں سو سے پانچ ہزار کے درمیان ہیں جبکہ دیگر
میچوں کے لیے 250 روپے سے چار ہزار کے درمیان ہیں۔
دوسری جانب میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ کی سہولت بھی 20 جنوری
سے شروع ہو چکی ہے۔
اس لیے اگر آپ ٹکٹ خریدنے کا ابھی صرف پلان ہی کر رہے ہیں تو اب اس خیال کو
عملی جامہ پہنا لیں کیونکہ اس میں تاخیر آپ کے منصوبوں پر پانی پھیر سکتی
ہے۔
|
|
پی ایس ایل 5 کے میچوں کا شیڈول
سٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے سے پہلے ذرا اس ٹورنامنٹ کے میچوں کے مکمل شیڈول
پر نظر دوڑا لیں۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کل 34 میچ کھیلے
جائیں گے جن میں 26 میچ شام سات بجے شروع ہوں گے جبکہ آٹھ میچ دن دو بجے۔
پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 20 فروری کو شام سات بجے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم
میں کھیلا جائے گا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی
ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ کراچی میں ہی کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان
21 فروری کو دن دو بجے شیڈول ہے۔
21 فروری کو ہی تیسرے میچ کے لیے میدان لاہور میں سجے گا جہاں قذافی سٹیڈیم
میں لاہور قلندر اور ملتان سلطان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ کراچی اور
لاہور کے کرکٹ گراؤنڈز سجنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کا آٹھواں میچ ملتان شہر
میں واقع ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں شام سات بجے مقامی ٹیم
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
|
|
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا پہلا میچ 27 فروری کو اسلام آباد
یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہو گا۔
پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے جس میں 22
مارچ کو کھیلے جانے والے فائنل سمیت کل 14 میچ شامل ہیں۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی ٹورنامنٹ کے دو الیمنیٹر میچ 18 اور 20 مارچ کو
کھیلے جائیں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کل نو میچ کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر میچ
بھی شامل ہے جو 17 مارچ کو ہو گا۔
ٹورنامنٹ میں آٹھ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ تین میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم
میں کھیلے جائیں گےـ
|
|