مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کا بدترین لاک ڈاؤن !

بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو پانچ ماہ سے اوپر ہوچکے ہیں اور لاک ڈاؤن 178 ویں روز میں داخل ہوچکا ہے۔ ایک طرف کشمیر میں بھارتی مظالم کی کالی راتیں طویل ہورہی ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے حق کی بات کرتے ہیں مگر بھارت جو کچھ کررہا ہے اس حقیقت سے بھی منہ نہیں موڑا جا سکتا۔ جناب عمران خان صاحب کی یو این میں کشمیر کے حق میں پرزور مذمتی تقریر تو سب کویاد ہوگی، ہمارے خیال میں بہت سال بعد کشمیر امور پرپاکستانی حکومت کی طرف سے پہلی مرتبہ اتنی طاقتور تقریر کی گئی جس کے بعد یہ سمجھا جانے لگا کہ پاکستان کا کیس ٹھیک ہے اور عدل وانصاف پر مبنی ہے،مگر کشمیر بارے پاکستان کی حکمت عملی میں جان دکھائی نہیں دی اور زبان کلامی باتوں سے بات آگے نہیں بڑھ سکی ۔جس کاخمیازہ کشمیری بھارتی لاک ڈاؤن میں دن رات کاٹ کرکررہے ہیں۔ یاد رکھنا چاہیے کہ عالمی سطح پر جب اس طرح کے کیسز ہوتے ہیں توتاریخیں نہیں دی جاتیں بلکہ عملی اقدام بارے دنیا کو آگاہ کیا جاتا ہے ۔ اقوام متحدہ کی کئی سوقراردادوں میں واضح احکام کے باوجودمودی سرکار نے کشمیر میں بربریت کی انتہا کی ہوئی ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی انسانیت پر بھارتی ظلم سے لطف اندوز ہورہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے میں کمزور ہوتا نظرآتا ہے، سچ یہ کہ پاکستانی حکومت روڈوں پر پچاس منٹ تک پبلک ٹریفک روکنے اور مختلف شہروں میں صرف سکوتی احتجاج سے آگے کچھ نہیں کر سکی۔ گزشتہ سال اگست میں بھارت کی ہٹلرخصوصیت کی حامل مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی جس کے بعد مقبوضہ وادی کو جیل بنا دیا گیاتھا اور بنیادی انسانی ضروریات کے ساتھ انسانی حقوق کو پاؤ کی نوک پر رکھ کر کشمیر میں جبری بندش کا آغاز کر دیا تھا جوکہ اب تک عروج پر ہے اور کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔ اس لاک ڈاؤن کوپانچ ماہ گزرنے کے بعد تاحال کشمیریوں کے ساتھ بھارتی رویہ نرم نہیں ہوا اور تمام انسانی حقوق کی کھلے عالم دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ کشمیریوں کے لیے ذرائع ابلاغ کے تمام رستے بند کردیے گئے ہیں تاکہ دنیا مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم سے بے خبر رہے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال تسلی بخش نہیں ہے جس کی تصدیق یونائٹڈ نائیشن(UN ) کی دوسالہ رپورٹس سے باخوبی لگائی جاسکتی ہے۔ ان رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر سخت انسانی پابندیاں لگاتا ہے ، سکیورٹی فورسز کے ذریعے طاقت کا بے دریغ استعمال کرتاہے جس سے متعدد بے گنا شہری شہید ہو جاتے ہیں۔

اس حوالے سے سب سے زیادہ کشمیری خواتین بھارتی مظالم کا شکار ہوتی ہیں اور ان خواتین کی مقبوضہ کشمیرمیں انفرادی یا اجتماعی عصمت دری کی جاتی ہے ۔ حال ہی میں شائع ہونے والی کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کی وجہ سے کشمیری خواتین بری طرح متاثر ہوئی ہیں ،جس میں ان کی عصمت دری اور نظر بندیوں کی کئی ہزار شکایات ملی موصول ہوئی ہیں،اس کے علاوہ متعدد خواتین کو شہید بھی کیا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق گزرے30 سال میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی میں 2 ہزار 377 خواتین شہید کی گئیں ہیں،جبکہ 11 ہزار175 خواتین کی بھارتی فورسز نے عصمت دری کی، 22 ہزار 910 خواتین ایسی ہیں جو بھارتی جبر کے ہاتھوں بیوہ ہوئیں اور ان کاسارا کنبہ بھارتی سر پھروں نے اجاڑ دیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی سمیت 6 کشمیری خواتین بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں۔

جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی (جے کے سی سی ایس) کے مطابق 2018 سے اب تک 160 کے قریب شہری مارے گئے ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ پچھلے سال بھی تنازعات سے وابستہ ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد 2008 کے بعد ریکارڈ کی گئی تھی، جن میں مسلح گروپوں کے 267 ارکان اور سیکیورٹی فورسز کے 159 اہلکاروں سمیت 586 افراد ہلاک ہوئے تھے،تاہم بھارت کی مرکزی وزارت داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ 2 دسمبر2019 تک صرف 37 شہری، 238 دہشت گرد اور 86 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ جے کے سی سی ایس کے مطابق جو160 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے 71 کومبینہ طور پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں مار دیا گیا، 43 عام شہریوں کومسلح گروہ کے افراد یا نامعلوم افراد نے ہلاک کیا۔ دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے اطراف کے علاقوں میں پاکستانی افواج کے ہاتھوں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں،رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام وادی کشمیر جہاں زیادہ تر مظاہرے اور مسلح تصادم ہوتے رہتے ہیں کسی عام شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی۔صرف 2019 کے پہلے 3 ماہ میں مبینہ طور پر 21 شہری مسلح گروہوں ،نامعلوم بندوق برداروں اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کی گولہ باری سمیت مختلف جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ہیں۔

قومی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سید فخر امام نے کہا کہ کشمیر میں کئی ماہ سے کرفیو لگا ہوا ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر میں سخت ترین لاک ڈاوَن کررکھا ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں ادویات کی کمی شدت اختیار کرگئی ہے ،ذرائع نقل وحمل اور ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے، وادی میں کھانے پینے کی چیزوں، ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

قابض بھارتی فوج نے ضلع پلواما جہاں ایک کشمیری نوجوان نے بھارتی فورسز کے ٹرک کو نشانہ بنایا تھا،جس میں متعدد فوجی ہلاک ہوگئے تھے سمیت کئی علاقوں کا پانچ مہینوں سے سخت محاصرہ کیا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئے روز گھر گھر تلاشی لی جاتی ہے، اس دوران قابض بھارتی فوج من مانیاں کرتے ہوئے جس کسی نوجوان پر شک ہوتا ہے اسے اٹھا لیا جاتا ہے اور گرفتار کشمیری نوجوانوں کوبعد ازاں فائرنگ کرکے شہید کردیاجاتا ہے۔ کے ایم ایس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت بڑھتی جارہی ہے اور وہ پوسٹروں کے ذریعے بھارت مخالف مظاہرے جاری رکھنے پر پْر عزم رہتے ہوئے بھارتی فورسز کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ سری نگر اور اس کے نواحی علاقوں میں لگائے گئے پوسٹرز میں کشمیریوں کی جانب سے بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف سول نافرمانی کی اپیل بھی کی گئی ہے اور اس تحریک میں بہت سے کشمیری نوجوان شامل ہورہے ہیں۔ ادھر بھارتی وزارت داخلہ نے کشمیر میں فوج، بحریہ اورفضائیہ کے خصوصی اہلکار بھی تعینات کردیئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ سخت احتجاج سے نبٹا جا سکے۔ کشمیر میں جس طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاوَن کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھا کہ یواین(UN) کو مسئلہ کشمیر پر مثبت قدم اٹھاناہوگا ، قراردادوں کی کھلے بندوں خلاف ورزیوں کے باوجو دمودی نے کشمیر میں جو بربریت کی انتہا کی ہوئی ہے اسے روکنا ہوگا۔

Muhammad Ansar Usmani
About the Author: Muhammad Ansar Usmani Read More Articles by Muhammad Ansar Usmani: 32 Articles with 21378 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.