کبڈی ورلڈ کپ 2020: انڈیا کی کبڈی ٹیم بغیر اجازت پاکستان کیسے پہنچ گئی؟

image


ایک انڈین کبڈی ٹیم پاکستان میں منعقد ہونے والے 'اپنی مٹی اپنا کھیل' نامی کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں شرکت کرنے کے لیے لاہور پہنچی ہے اور یہ بات تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020 پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد کیا جا رہا ہے اور نو فروری سے 16 فروری تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انڈیا سمیت دنیا بھر سے 10 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سنیچر کو انڈین ٹیم براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچی۔

ایمیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) کے مطابق کسی ٹیم کو پاکستان میں میچ کھیلنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

اے کے ایف آئی کے منیجر جسٹس ایس پی گارگ نے انڈین کبڈی ٹیم کی پاکستان میں ٹورنامنٹ میں شرکت پر سوال اٹھایا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ 'اجازت لیے بغیر جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انڈین ٹیم کو کسی بھی ایسے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔'

انڈین کبڈی ٹیم کے کھلاڑی روی پرکاش کہتے ہیں کہ وہ انڈیا کی نمائندگی کرنے پاکستان آئے ہیں اور انھیں ٹیم پر اٹھائے جانے والے سوالات سے متعلق علم نہیں ہے۔
 

image


پاکستان کا مؤقف
دوسری جانب انڈین ٹیم کے بلااجازت پاکستان آنے کے بارے میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری محمد سرور کہتے ہیں کہ یہ انڈیا کا اندرونی معاملہ ہے اور انھیں اس بارے میں علم نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن اس ٹورنامنٹ کو تسلیم کرتی ہے۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020
پاکستان میں پہلی بار منعقد ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں میزبان ٹیم پاکستان کے علاوہ انڈیا، کینیا، برطانیہ، آسٹریلیا، ایران، آذربائیجان، کینیڈا، سیئیرا لیون اور جرمنی کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

کبڈی ورلڈ کپ کے تحت نو فروری سے 16 فروری تک ہونے والے 24 میچز لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں کھیلے جائیں گے۔

فائنل اور سیمی فائنل سمیت 14 میچز پنجاب سٹیڈیم لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔ آٹھ میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد جبکہ ظہور الہیٰ سٹیڈیم گجرات میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔


Partner Content: BBC

YOU MAY ALSO LIKE: