پاکستان کا اصل مسئلہ

 کسی زمیندار کی بھینس نے دودھ دینا بند کر دیا، زمیندار بڑا پریشان ہوا وہ بھینس کو لے کرڈنگر ڈاکٹر کے پاس گیا ڈاکٹر نے متواترکئی روزٹیکے لگائے لیکن کوئی فرق نہ پڑا، تھک ہار کر وہ بھینس کو اپنے پیر صاحب کے پاس لے گیا
پیر صاحب نے دھونی رمائی، دم کیا، پھونک ماری
لیکن وہ بھی بے سود رہی بھینس کو کوئی فرق نہ پڑا۔ پھرزمیندارکسی کے مشورہ پر بھینس کو کسی سیانے کے پاس لے کرچلا گیا، سیانے نے کئی دیسی ٹوٹکے ازمائے لیکن وہ بھی بیکار ثابت ہوئے تنگ آکرآخر کارزمیندار نے سوچا کہ شاید اس کا چارہ بڑھانے سے مسئلہ ٹھیک ہو جائے! خوب کھل بنولہ مکس کرکے کھلایا ،نمک چٹایا وقت پرپانی پلانے کا انتظام کیا زمیندار نے کسی چیز کی کسر نہ چھوڑی لیکن بھینس نے دودھ دینا شروع نہ کیا۔ وہ تنگ آگیا روز روز کے علاج سے عاجز و لاچار ہوکر وہ اسے قصائی کے پاس لیکر جانے لگا کہ یہ اب کسی کام کی نہیں تو چلو بیچ دوں یا سودا نہ بنے تو ذبح کروا لوں،زمیندار بھینس لئے جارہاتھا کہ راستے میں اسے ایک درویش ملا زمیندار کو دیکھتے ہی کہنے لگا گلتاہے تم: پریشان ہو
زمیندار نے اسے اپنی پریشانی بیان کی، درویش نے پوچھا تم کٹا کہاں باندھتے ہو؟ زمیندار بولا
بھینس کی کھْرلی کے پاس۔
درویش نے پھر پوچھا:
’’کٹے کی رسی کتنی لمبی ہے ؟
زمیندار بولا: کافی لمبی ہے! درویش مسکرایا اور پھربڑی متانت سے بولا
’’ سارا دودھ تو کٹا چْنگ جاتا ہے! تمھیں کیا ملے گا، خودسوچو بھینس دودھ کیسے دے گی، کٹے کو بھینس سے دور باندھو!
پرانے وقت کی یہ کہانی پڑھی تو پاکستان کا اصل مسئلہ سمجھ میں آگیا آپ بھی آنکھیں اور دل و دماغ کے دریچے کھول کر اس پر غورکریں اس وقت قومی اسمبلی اور سینیٹ کی 50 قائمہ کمیٹیاں ہیں! اور ہر کمیٹی کا ایک چیئرمین ۔ ہر چیئرمین کا ذاتی دفتر ،سٹاف،مراعات اور نہ جانے کیا کیا فرض کریں ایک چیئرمین اورممبران پر پر دو دو کڑور روپے خرچ ہوتے ہیں۔ہر چیئرمین ایک لاکھ سترہزار روپے ماہانہ تنخواہ بھی لے رہاہے، اسے گریڈ 17 کا ایک سیکرٹری، گریڈ 15 کا ایک سٹینو، ایک نائب قاصد، 1500cc گاڑی 600 لیٹر پٹرول ماہانہ، ایک رہائش گاہ، اس کے سارے اخراجات،یوٹیلٹی بلز وغیرہ بھی حکومت کے ذمہ ہیں اسکے علاوہ اجلاسوں پر ہونے والے اخراجات، دوسرے شہروں میں آنے جانے کیلئے جہاز کی فری ٹکٹیں،گاڑیاں ایک اندازے کے مطابق یہ کمیٹیاں اب تک کھربوں روپوں کا دودھ " چْنگ" چْکی ہیں! اگر ان کٹوں کی رسی کو کم نہ کیا گیا تو یہ اجلاس اسی طرح جاری رہیں گے اور یہ کٹے ایسے ہی کھربوں روپوں کا دودھ "چْنگتے" ر ہیں گے! اب آتے ہیں ایک اور پہلو کی جانب یہ کھربوں کا تخمینہ قائمہ کمیٹیوں کا خرچ ہے ذرا وزیروں ومشیروں کی قطاراندرقطار فوج ،ان کے پروٹوکول ،سکیورٹی، دفاتر،سٹاف ،رہائش گاہوں اور دیگر لوازمات کی طرف بھی توجہ مبذول کریں تو آپ کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے کہ پاکستان کے وسائل کس اندازسے کیسے ضائع کئے جارہے ہیں سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ اس قوم کا حال ہے جس کا بال بال قرضے میں جکڑاہواہے اس قوم کے حکمران سادگی اختیارکرنے کی بجائے اپنے کشکول میں ایٹم بم رکھ کر قرضے پرقرضے لئے جارہے ہیں اور ان کو کوئی خداکا خوف نہیں آرہاحالانکہ وہ یہ بھاشن بھی دیتے نہیں تھکتے کہ قرضے لینارسوائی کا موجب ہے ،قرض لینے والے کو ئی عزت نہیں کرتا، ایسے لوگوں کوغیرت اور ایمان کی قربانی دیناپڑتی ہے عام تاثر یہ ہے کہ بھاری شرح سودپر قرضے حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے لیتے ر ہے ہیں موجود ہ حکمران تمام تر دعوؤں کے باوجود وہی کچھ کررہے ہیں جس کے خلاف وہ تقاریر کرتے تھے حکمرانوں اور ان کے حواریوں کے وہی لچھن ہیں،وہی اللے تللے حالات بتاتے ہیں ان کا یہ سٹائل تبدیل ہونے والا بھی نہیں یہ تبدیل ہونا بھی نہیں چاہتے محض عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے تبدیلی تبدیلی کی گردان کرنا فیشن بن چکاہے مطلب یہ ہے کہ ہمارا حال اور مستقبل ایک جیساہے اﷲ تبارک تعالیٰ کو ہم پر رحم آجائے تو الگ بات ہے ایک جیسا مزاج،ایک جیسا انداز اور ایک جیسے حکمران محض باتیں کرنے سے عوام کے دل موہ لینا چاہتے ہیں آ پ کوشش کرکے دیکھ لیں سادگی کی ایک مثال بھی ڈھونڈنے سے نہیں ملے گی اب سوال یہ پیداہوتاہے کہ کیا پیٹ پر پتھر باندھنے اور کفایت شعاری کیلئے اقوال زریں صرف عوام کیلئے ہیں؟
 

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 462 Articles with 332670 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.