ایک پراسرار ہیکر نے پہلے کرپٹو کرنسی کی مد میں دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر
چوری کیے اور صرف دو روز بعد ہی انھیں خود ہی واپس بھی کر دیا۔
چین میں قائم مرکز ڈی فورس سے دو روز قبل کرپٹو کرنسی، الیکٹرانک سطح پر
ادائیگی کے لیے استعمال ہونے والی ڈیجیٹل کرنسی، کی مد میں ڈھائی کروڑ ڈالر
مالیت کی رقم چوری ہوئی تھی۔
ہیکر نے سب سے زیادہ ایک کروڑ ڈالر مالیت کی ایتھیریم کرنسی چرائی۔ اس کے
علاوہ ایک کروڑ ڈالر کے دوسرے کوائنز بھی چوری کیے گئے تھے۔ ہیکر نے 40
لاکھ ڈالر کے ایسے کوائنز بھی چوری کیے جو امریکی ڈالر سے منسلک ہیں۔
اس نے دو روز بعد مختلف کرپٹو کوائنز کی شکل میں تقریباً اتنی ہی مالیت کی
ڈیجیٹل رقم واپس ادا کر دی ہے۔
ڈی فورس کرپٹو کرنسی کا ایک پلیٹ فارم ہے جہاں ڈیجیٹل رقوم کا لین دین ہوتا
ہے۔
ڈی فورس کے بانی منڈاؤ ینگ نے ہیکرز کے حملوں کے بعد ایک پیغام میں کہا تھا
کہ ہیکر نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے اور وہ ان سے بات چیت کرنے کا
ارادہ رکھتے ہیں۔
ڈی فورس کے بانی نے کہا تھا کہ ہیکرز نے نہ صرف ان کے صارفین کو نقصان
پہنچایا بلکہ انھیں ذاتی طور پر کافی نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے کہا ’اس حملے
میں میرے اثاثے بھی چوری ہوئے ہیں۔‘
منڈاؤینگ نے اس حوالے سے مزید معلومات دینے کا وعدہ کیا ہے۔ بی بی سی نے ڈی
فورس سے مزید معلومات کے لیے رابطہ کیا ہے۔
|