ایک بھارتی شخص کی موت اس کیمیائی مرکب کے پینے سے ہو گئی جو کورونا وائرس
کے خاتمے کے لیے اس نے اپنے باس کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔ کمپنی کا مالک
بھی اس محلول کو پینے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
جنوبی بھارتی شہر چنائے میں جس شخص کی موت ہوئی ہے، اس کی عمر سینتالیس برس
تھی۔ اس شخص نے کمپنی کے مالک کے ساتھ مل کر پہلے اپنے طور پر مکمل لیکن
ادھورا کیمیائی مرکب بنایا اور اس کا اپنے اوپر ہی تجربہ کیا۔ اس کے پینے
کے بعد اس کی طبیعت فوری طور پر بگڑنا شروع ہو گئی۔ اسے ہسپتال پہنچانے کی
کوشش ضرور کی گئی لیکن وہ دم توڑ گیا۔ اس کیمیاوی مرکب کو تیار کرنے والے
دوا ساز کی کوشش تھی کہ وہ کسی طرح مہلک کورونا وائرس کی نئی قسم کا توڑ
نکال سکے۔
|