پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا
اعلان کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم کو ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا نیا
کپتان بھی مقرر کر دیا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے فاسٹ بولر محمد عامر اور وہاب ریاض کے
علاوہ میڈیم فاسٹ بولر حسن علی اس مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں
کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور ٹیسٹ کپتان اظہر علی ترقی پا کر بی
سے اے کیٹیگری میں آ گئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ پہلی بار سینٹرل
کنٹریکٹ کا حصہ بنے ہیں اور انھیں سی کیٹیگری دی گئی ہے۔
پی سی بی نے اس سال 18 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے علاوہ ایمرجنگ کیٹیگری میں تین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے
سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق جولائی 2020 سے جون 2021 تک ہو گا۔
اس مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ
کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے جس کے
لیے انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر
انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سے مشاورت کی تھی۔
سینٹرل کنٹریکٹ لینے میں ناکام رہنے والے وہاب ریاض گذشتہ برس بی کیٹگری
میں رکھے گئے جبکہ محمد عامر کو سی کیٹیگری دی گئی تھی۔
محمد عامر نے ورلڈ کپ کے بعد جولائی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
کر دیا تھا جبکہ وہاب ریاض نے بھی گذشتہ برس ستمبر میں آسٹریلوی دورے سے
قبل غیرمعینہ مدت کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا
تھا۔ ان دونوں کے ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور
بولنگ کوچ وقار یونس نے سخت تنقید کی تھی۔
ٹیسٹ اور ٹی 20 ٹیموں سے باہر کیے جانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اور سابق
کپتان سرفراز احمد کو بی کیٹیگری دی گئی ہے جبکہ گذشتہ برس کے کنٹریکٹ میں
وہ اے کیٹگری میں شامل تھے۔
|