رمضان المبارک کے بعد بھی نیکیاں جاری رہیں

ماہِ رمضان المبارک سراپا خیر و برکت ہے ۔ اس کے اہتمام میںاللہ تعالیٰ کی طرف سے جنت کو گیارہ مہینوں تک سجایا جاتا ہے اور اس مبارک ماہ میں اللہ تعالیٰ کی رحمت بارش کی طرح برستی ہے۔ شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں اور ہر طرف نیکیوں کا ماحول ہوتا ہے ، جس کے چلتے ہر ایمان والے کے لیے نیک عمل کرنا آسان بلکہ آسان ترین ہو جاتا ہے ۔ لیکن افسوس کہ جیسے ہی یہ مبارک ماہ اپنی انتہا کو پہنچتا ہے ، ہم میں سے بہت سے لوگ پھر اللہ تعالیٰ کی نافرمانیوں کی طرف لوٹ جاتے ہیں، جو یقیناً کم ہمتی کی علامت اور سخت محرومی ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی زندگیوں میں بار بار رمضان المبارک عطا فرمائے اور اس کی وصول یابی کی توفیق سے نوازے اور پوری زندگی محرمات سے اجتناب اور طاعت کا اہتمام نصیب فرمائے ۔ آمین
روزوں کا مقصودِ اصلی
ارشادِ ربانی ہے :یٰاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا کُتِبَ عَلَیْکُمُ الصِّیَامُ کَمَا کُتِبَ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ۔اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے ہیں، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے ، اس امید پر کہ تم متقی و پرہیزگار بن جاؤ۔(البقرۃ)معلوم ہوا کہ روزوں کا مقصودِ اصلی تقوے کا حصول ہے ۔ لہٰذا ایک مہینے مسلسل روزے رکھنے کے بعد بھی اگر ہمارے اندر تقوے کی صفت پیدا نہ ہو تو یہ حرمان نصیبی کے سوا کچھ نہیں۔
رمضان کی سچی قدر دانی
رمضان المبارک کی سچی قدر دانی یہ ہے کہ نیک اعمال پر اس کے گذرنے کے بعد بھی مداومت و استقامت اختیار کی جائے ۔ ارشادِ ربانی ہے :اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَااللّٰہُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا تَتَنَزَّلُ عَلَیْھِمُ الْمَلٰٓئِکَۃُ اَلَّا تَخَافُوْا وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَبْشِرُوْا بِالْجَنَّۃِ الَّتِیْ کُنْتُمْ تُوْعَدُوْنَ۔بے شک! جنھوں نے (دل سے) کہا کہ ہمارا رب اللہ ہے پھر اس پر قائم رہے ، ان پر فرشتے اترتے ہیں کہ ڈرو اور نہ غم کرواور خوش ہو جاؤ اس جنّت پر جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے ۔ (فصلت)
استقامت کی تعریف
آیت کے پہلے جُزکو لفظ استقامت سے تعبیر فرما کر ارشاد ہوا: اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللہُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا۔ یعنی جن لوگوں نے سچّے دل سے اللہ تعالیٰ کو اپنا رب یقین کرلیا اور اس کا اقرار بھی کرلیا۔ یہ تو اصل ایمان ہوا، آگے اس پر مستقیم بھی رہے ، یہ عملِ صالح ہوا۔ اس طرح ایمان اور عملِ صالح کے جامع ہوگئے ۔ لفظ استقامت کی تفسیر حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ سے یہ منقول ہے کہ ایمان و توحید پر قائم رہے ، اس کو چھوڑا نہیں۔ تقریباً یہی مضمون حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے بھی منقول ہے ۔ انھوں نے استقامت کی تفسیر اخلاصِ عمل سے فرمائی ہے ۔ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ”استقامت یہ ہے کہ تم اللہ کے تمام احکام، اوامر اور نواہی پر سیدھے جمے رہو، اُس سے لومڑیوں کی طرح اِدھر اُدھر راہِ فرارنہ نکالو “۔اس لیے علما نے فرمایا ہے کہ استقامت تو ایک لفظِ مختصر ہے، مگر تمام شرائعِ اسلامیہ کو جامع ہے جس میں تمام احکامِ الٰہیہ پر عمل اور تمام محرمات و مکروہات سے اجتناب دائمی طور پر شامل ہے ۔
تفسیرِ کشاف میں ہے کہ انسان کا ربنا اللہ کہنا جبھی صحیح ہوسکتا ہے جب کہ وہ دل سے یقین کرے کہ میں ہر حال اور ہر قدم میں اللہ تعالیٰ کی زیرِتربیت ہوں۔ مجھے ایک سانس بھی اس کی رحمت کے بغیر نہیں آسکتا اور اس کا تقاضا یہ ہے کہ انسان طریقِ عبادت پر ایسا مضبوط و مستقیم رہے کہ اس کا قلب اور قالب دونوں اس کی عبودیت سے سرِمو انحراف نہ کریں۔
حضرت علی اور ابن عباس رضی اللہ عنہما نے استقامت کی تعریف اداے فرائض سے فرمائی ہے۔ اور حضرت حسن بصریؒ نے فرمایا : استقامت یہ ہے کہ تمام اعمال میں اللہ کی اطاعت کرو اور اس کی معصیت سے اجتناب کرو۔(معارف القرآن،ملخصا)
رمضانی مسلمان
اس لیے اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک میں جن نیک اعمال کی توفیق مرحمت فرمائی تھی ان پر ہمیں رمضان بعد بھی جمے رہنے کی حتی المقدور کوشش کرنی چاہیے۔ رمضان المبارک میں تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نیکیوں کی ایک خوش گوار فضا قائم تھی، اب وہ مبارک و مسعود زمانہ گزر گیا، لیکن یہ اس کی ناقدری ہوگی کہ عید کی خوش خبری ملتے ہی رمضان المبارک کے درس کو بھلا دیا جائے ۔اگر ایسا ہوا تو یہ ہمارے لیے ڈرنے کا مقام ہے، جس میں نمازوں کی پابندی ختم اور قرآن مجید سے دوری پیدا ہو جائے اور ذکر و اذکار سے غفلت ہو۔رمضان المبارک کے گزرتے ہی عبادتوں سے دور اور گناہوں پر دلیر ہو جانا گویا اس بات کی علامت ہے کہ ہم رمضان کی برکات سے کچھ حاصل نہیں کر سکے ۔ جو مسلمان رمضان المبارک کی سنت و نفل نماز تراویح میں ایک ڈیڑھ گھنٹے کھڑے رہتے تھے ، وہ رمضان کے گذر جانے پر فرض نمازوں کے لیے دن و رات میں کُل ملا کرایک ڈیڑھ گھنٹہ نہیں نکال پاتے، ہمارے اس رویے کی وجہ سے اگر کوئی ان معمولات کو موسمی بخار یا ہمیں رمضانی مسلمان سے تعبیر کرے تو اس سے بڑی بد قسمتی و محرومی اور کیا ہوگی؟
چاک و چوبند رہنے کی ضرورت
رمضان المبارک توہماری زندگیوں میں خوش گوار تبدیلیاں لانے کے لیے آیا تھا،جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے مخصوص انتظامات بھی فرمائے تھے اور اپنے بندوں کو نیکیوں پر کار بند کرنے کے لیے سرکش شیاطین کو بیڑیوں میں جکڑ دیا تھا، اب وہ آزاد ہوا ہے تو ہمیں اس سے مزید چاک و چوبند رہنے کی ضرورت ہے، نہ کہ پرانی دوستی نبھانے کی۔
نیکیوں پر مداومت کی فضیلت
نیکیوں پر مداومت و ہمیشگی ہی صالحین کا طریقہ ہے ، رسول اللہ ﷺنے ہمیں یہی تعلیم دی ہے ۔جب حضرت سفیان بن عبد اللہ ثقفیؓنے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول! مجھے ایسا کام بتائیں جسے میں مضبوطی سے تھامے رکھوں، تو رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا:قُلْ ربی اللہ ثْمَّ استَقِم۔کہومیرا رب اللہ ہے ، پھر اس بات پر ثابت قدم رہو۔نیز خود آپ ﷺکا مبارک طریقہ نیکیوں کے اہتمام کا تھا، جیسا کہ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب کوئی کام کرتے، تو اس پر ہمیشہ قائم رہتے ۔(مسلم)ایک حدیث میں واردو ہوا ہے کہ پسندیدہ اعمال میں اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ عمل وہ ہے جس پر مداومت کی جائے ، خواہ مقدار میں وہ تھوڑا ہو۔(مسلم)ایک روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک پسندیدہ دین و عمل وہ ہے جس پر مداومت ہو۔(بیہقی)
یہ نکتہ بھی ملحوظ رہے
ہاںنیکیوں اور مستحب اعمال پر مداومت و ہمیشگی اختیار کرنے میں یہ نکتہ بھی ملحوظ رہے کہ نیک اعمال پر عملاً ہمیشگی اختیار کرنے میں جب کہ اس پر ہمیشگی کا حکم موجود نہ ہو دو صورتیں ہیں؛ (۱) پہلی صورت یہ کہ کسی مستحب یا نیک عمل پر عملاً مداومت کی جائے ، اعتقاداً اسے لازم و ضروری نہ سمجھا جائے ، یہ مطلوب ہے (۲)دوسری صورت یہ ہے کہ اسے ہمیشگی کے ساتھ کیا جائے اور یہ مداومت صرف عملاً نہیں بلکہ اعتقاداً بھی ہو، یعنی شرعاً اس کام کو فرض یا واجب سمجھ کر کیا جانے لگے، جب کہ اس کے متعلق فرض یا واجب ہونے کا حکم شریعت میں موجود نہ ہو، ایسا عمل اعتقاد میں فساد کے سبب نیکی و مستحب نہیں رہتا بلکہ ممنوع قرار پاتا ہے اور اس کا ترک واجب ہو جاتا ہے ۔اس کی تفصیل معتبر کتب اور اہلِ علم سے معلوم کی جا سکتی ہے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو نیک اعمال پر مداومت نصیب فرمائے اور اپنی نافرمانیوں سے بچائے رکھے ۔ آمین
(مضمون نگار الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا کے محقق اور ڈیرکٹر ہیں)
 

Maulana Nadeem Ahmed Ansari
About the Author: Maulana Nadeem Ahmed Ansari Read More Articles by Maulana Nadeem Ahmed Ansari: 285 Articles with 347326 views (M.A., Journalist).. View More