شریکا ( ایک تلخ حقیقت )

میں نے پہلی مرتبہ یہ ”شریکا“ لفظ اپنے ابو سے سنا تھا جب میں نے چاچی کی کسی زیادتی کی شکایت کی تھی ابو سے تو ابو نے کہا تھا کہ پتر کوئی بات نہیں .........معاف کر دے اپنی چاچی کو۔
یہ شریکے میں رہنا بہت اوکھا ہوتا ہے پتر۔

میں حیران ہوتے ہوئے بولا تھا کہ ابو میں تو چاچی کی بات کر رہا ہوں اور آپ کسی شریکے کو لے کے بیٹھ گے ہیں۔
یہ شریکا کیا ہوتا ہے ابو ؟

قریبی رشتے داروں کو شریکا کہتے ہیں پتر جن سے ہماری کبھی چھوٹ نہیں ہو سکتی۔
جیسے تیری مامی ہے اور دیکھ تجھے کتنا پیار بھی کرتی ہے ، تیری خالہ بھی شریکا ہے پتر جو جب بھی تجھ سے ملتی ہے تو تیرا ماتھا چومتی ہے تجھے کلیجے سے لگا کے رکھتی ہے۔

ایسے سبھی قریبی رشتے شریکا کہلاتے ہیں ۔

مگر ابو کی یہ بات مجھے تب سمجھ نہیں آئی تھی کہ شریکے میں رہنا اوکھا کیوں ہوتا ہے ۔

لو اپنے قریبی رشتے داروں میں بھی رہنا اوکھا ہو سکتا ہے بھلا ....مجھے تو سبھی اتنا پیار بھی کرتے ہیں۔

شریکا تو اتنا اچھا ہوتا ہے ۔

مگر پھر ابو کے چلے جانے کے بعد پتا چلا کہ ابو مجھ سے جھوٹ بولا کرتے تھے کہ شریکا وہ ہوتا ہے جن سے چھوٹ نہیں ہو سکتی ۔

اب دیکھو نہ ابو کے جانے کے بعد ہم کئی کئی دنوں تک بھوکے رہتے ہیں مگر کوئی خالہ، ماما یا چاچی آ کے ہمارا حال تک نہیں پوچھتے۔

ایک دفعہ میری ضد پہ امی مجھے چاچو کے گھر لے بھی گئیں تھیں مگر انہوں نے ہمیں بہت بری طرح دھتکار دیا تھے۔

کہ چلے جاؤ یہاں سے ہمارے پاس تم لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

مجھے آج بھی یاد ہے بھوک سے نڈھال کیسے واپس گھر پہنچے تھے ہم۔
سارے رَستے میری ماں کے آنسو نہیں رُکے تھے۔

بڑا ہوا تو اس شریکے لفظ کی سمجھ لگی مجھے کہ اسے شریکا کیوں کہتے ہیں ؟

شریکا آپ کو گالیاں تو دے سکتا ہے دھتکار تو سکتا ہے مگر ایک وقت کا کھانا نہیں دے سکتا۔
جب پیٹ میں بھوک کی شدت سے مروڑ اٹھتے تھے مگر اِن حالات میں بھی کوئی اپنا حال پوچھنے نہیں آتا تھا ہمارا۔

ہمیں شادی وغیرہ پہ بھی بلانا چھوڑ دیا تھا شریکے نے۔
کہ یہ دونوں تو بس کھانا کھانے ہی آئیں گے بھوکے لوگ....دینے کے لئے اِن کے پاس ہے ہی کیا اب۔

محلے والے آ کے کبھی کبھار روٹی دے جایا کرتے تھے ہمیں۔

اِسی شریکے کی لا پرواہی نے مجھ سے میری ماں بھی چھین لی تھی۔

ہاں تب مجھے یاد ہے میں نے پیٹ بھر کے کھانا کھایا تھا۔
میرے ماموں، خالہ سب شریکے والے آئے تھے اور سب روتے بھی رہے تھے۔
خالہ تو چارپائی ہی پکڑ کے بیٹھی رہی تھی امی کی اور جانے کیا کیا یاد کر کے اونچا اونچا روتی بھی رہی تھی ۔

کیسا شریکا تھا؟ ..جب زندہ تھے تو کوئی پوچھنے تک نہیں آتا تھا اور آج سب ہی امی کے جانے کے دکھ میں افسردہ تھے۔

میں سوچ رہا تھا کہ اگر یہی شریکا میری ماں کو ایک وقت کا کھانا ہی دیتے رہتے بدلے میں بیشک گھر کے کام کروا لیا کرتے تو آج میری ماں زندہ ہوتی۔

دل کر رہا تھا کہ کوئی بم گرا کے آج سارے شریکے کو یہاں اسی جگہ دَفن کر دوں۔

بابا سچ ہی تو بولاکرتے تھے کہ چھوٹ نہیں ہو سکتی ہماری شاید اِسی لیے تو یہ شریکا میری ماں کی موت پہ اکٹھا ہوا تھا ۔

سب بوٹیاں اور لیگ پیس کھانے میں مصروف تھے۔

اور میں ایک طرف بیٹھا یہ سوچ رہا تھا کہ اب میرا کیا بنے گا ?

کیا مجھے بھی یہ خالی پیٹ ماں کی طرح نگل جائے گا۔؟

شکریہ
 

Azhar Hussain Bhatti
About the Author: Azhar Hussain Bhatti Read More Articles by Azhar Hussain Bhatti: 9 Articles with 7481 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.