درختوں کی افادیت

موسمیاتی تبدیلیوں اور بیماریوں سے بچاؤکے لیے درخت ﷲ تعالیٰ کی طرف سے ایک تحفہ ہےاسی وجہ سے اسلام میں درختوں کو کاٹنے سے منع فرمایاگیاہے اورﷲ نےخود درختوں کو زمین کی زینت قراردیاہے ،اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ شجرکاری انسانیت کی بہترین خدمت ہےاسکا فائدہ کسی ایک انسان یا لاکھوں انسانوں کو ہی نہیں پہنچتا بلکہ اس سے ہر طرح کے چرند پرند بھی درختوں کے سائے اور اس کی ٹھنڈی ہواؤں سے اپنی زندگیوں میں سکون پاتے ہیں،آلودگی سے تحفظ اور بیماریوں سے بچاؤ کا کسی حدتک ایک ہی علاج ہے اور وہ ہے شجرکاری کیونکہ ان درختوں سے آنے والی ہواؤں سے مختلف امراض میں شفا ملتی ہے اور درختوں کے ہونے سے ہی بارشیں ہوتی ہیں جس کو شہر قائد کے لوگ اب ترسنے لگے ہیں۔درختوں کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ درخت ہمیں آکسیجن دیتے ہیں جس کی وجہ سے ہم سانس لیتے ہیں اسی لیے شجرکاری کی اہمیت اور افادیت سے عوام کو واقف کروانا اب ہر اس شخص کی ذمہ داری ہے جو درختوں کی اہمیت سے خود واقف ہو،پھل کو انسان کی ابتدائی خوراک کہا جاتاہے جس کے اندر پائے جانے والے فوائد سے اب ہر ایک انسان واقف ہوچکاہے یہ سب کچھ ہمیں درختوں سے ہی حاصل ہوتے ہیں۔ماہرین تو یہ کہتے ہیں کہ ملک کا پچیس فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہونابہت ضروری ہے مگر افسوس کے پاکستان کا صرف دو سے تین فیصد حصہ ہی جنگلات پر مشتمل ہے ۔قرآن کریم میں ﷲ پاک فرماتے ہیں کہ: ترجمہ “پس زرا انسان اپنے کھانے کو ہی دیکھ لے کہ ہم نے اوپر سے پانی برسایاپھر ہم نے زمین کو عجیب طرح سے پھاڑاپھر ہم نے اس میں غلے اگائے اور انگوراور ترکاریاں اور زیتون اورکھجوراور گھنے باغات اور میوے اورچارہ سب کچھ تمھارے اور تمھارے مویشوں کی خاطر لگایا،حضورکریم ؐ کا فرمان ہے کہ قیامت برپا ہورہی ہو اورتمھیں درخت لگانے کی نیکی کا موقع مل جائے توفوراًنیکی کرڈالو۔اس لیے تو کہاجاتاہے کہ شجرکاری کسی ایک کی نہیں بلکہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے ،اور اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہرانسان کو اپنے حصے کا ایک پوداضرور لگانا چاہیے ہم دیکھتے ہیں کہ جن لوگوں نے درختوں کو یہ سمجھ کر کاٹا کہ سڑکوں کو اور اپنے گھروں کو کشادہ کردیا جائے جن لوگوں نے درختوں کی کٹائی صرف اس لیے کی کہ وہ کسی نہ کسی طرح سے درختوں سے آمدنی حاصل کریں اور پھر ان خالی زمینوں پر قابض ہوجائیں اور جن لوگوں نے درختوں کو اس لیے کاٹا کے ان کے گھروں کے آنگن بڑے ہوجائیں تو یہ سب کچھ ایسے لوگوں کے لیے اب نشان عبرت بن چکا ہے کہ جب ان کی گاڑیاں ان ہی موٹر ویز سے گزرتی ہے تو وہ ہی نہیں بلکہ وہ اپنی لگژری گاڑیوں کو بھی درختوں کی چھاؤں میں رکھ کر چلاتے ہیں،ایسے لوگ جو ان درختوں کو کاٹتے رہے تو ان کو احساس ہی نہ ہوپایا کہ کب ان کے جسموں کو موسمیاتی تبدیلیوں نے آ گھیرا اوربیمارکرنا شروع کردیااور پھر یہ ہی لوگ گرم موسموں میں اپنے بچوں کو لیکر مری اور دیگر ٹھنڈے مقامات پر لیکر جانے لگے ان میں سے بیشتر لوگ وہ ہیں جو ان لاکھوں درختوں کے قاتل تھے جن کی وجہ سے پوری قوم ہی موسمیاتی تبدیلیوں کی ذد میں آنے لگی ہے ، ماضی میں ترقی کے نام پر درختوں کی کٹائی کرنے والے اس بات کا اقرار کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کے ہاتھوں سے ایک ایسا گناہ سرزد ہوچکاہے جس کا خمیازہ قوم کے ہر ایک فرد کو بھگتنا پڑرہاہے ،لیکن میں سمجھتی ہوں کہ لکیر پیٹنے سے بہتر ہے کہ ہر شخص صرف ایک پودابھی لگائے تو اس ملک میں اتنے درخت ہوجائیں گے کہ ہمارا ملک ایک بارپھر سے ہرا بھرا اورسرسبز وشاداب ہوجائے گا۔ہم میں سے ہر ایک یہ بات جان چکاہے کہ جن علاقوں میں درخت زیادہ ہوتے ہیں وہاں کے لوگ بھی نہایت ہی خوبصورت اور صحت مند ہوتے ہیں،کیونکہ درخت وہاں کے بسنے والوں کو زہنی تناؤاور مختلف بیماریوں سے بچاکرہر لمحہ تروتازہ رکھتے ہیں،موجودہ حکومت نے بھی حکومت بنانے سے پہلے شجرکاری کو بہت اہمیت دی تھی اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ پورے ملک میں اربوں درخت لگائیں گے مگر ہم نے دیکھا کہ حکومت اپنے پہلے ہی سال میں اپناوعدہ وفا نہ کرسکی ہے مگر امید یہ ہی ہے کہ وہ اس جانب ضرور توجہ دے گی،کیونکہ بہت سے لوگوں نے حکومت کا اس لیے بھی ساتھ دیاتھا کہ وہ حکومت کی جانب سے شجرکاری مہم کے بیانات سے بہت خوش تھے ،مگر افسوس کے ساتھ جب ہماری حکومت نے درختوں کو لگانے کے لیے جو ٹارگٹ بنایا تھا اور جس انداز میں بہت سی فلاحی تنظیموں نے جو کچھ کہا اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایسا لگ رہاہے کہ یہ سب کچھ میڈیا کے لوگوں کو دکھانے تک محدود تھا، یہ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ ایک درخت کٹ تو منٹوں میں جاتاہے مگر ایک پودے سے درخت بننے کے لیے سالوں درکار ہوتے ہیں۔اس لیے جب تک ہر شخص اپنی انفرادی کوشش سے درختوں کی تعداد نہیں بڑھائے گا یہ ملک کبھی بیماریوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نہیں نکل سکے گا ۔ہم نے دیکھا کہ پاکستان کے جن علاقوں میں درختوں کی بھرمار تھی وہاں سیلاب کے دنوں میں جانی اور مالی نقصانات کا اندیشہ نہیں ہوتاتھاآج درختوں کے کٹنے سے پانی کا تیز بہاؤں سیدھااور بغیرکسی روک ٹوک کے بستی کی بستیاں اجاڑ دیتاہے ۔اور یہ نہیں بلکہ یہ درخت صرف سیلاب کو ہی نہیں روکتے تھے بلکہ یہ ہی درخت بارشوں کا سبب بھی بنتے رہے یہ ایک ایسا نظام قدرت ہے جس کے رازکوآج کا ترقی یافتہ انسان سمجھ نہ پایا اور درختوں کو کاٹ کر اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مارتارہا. پاکستان میں شجرکاری کو جب تک ایک بنیادی اہمیت اور مقام نہیں ملے گاشجرکاری کا خواب اس قدر جلد پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ پائے گا۔
 

Zahereen Hasan
About the Author: Zahereen Hasan Read More Articles by Zahereen Hasan: 10 Articles with 9273 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.