دِل

 
دِل تو جسم کا سب سی خوبصورت حصہ ہے . کیونکہ دِل میں ہمیشہ سچ چھپا ہوتا ہے . خوبصورت ہے تبھی تو اس میں اللہ رہتا ہے بلکہ یوں کہوں تو زیادہ بہتر ہے کہ دلوں میں اللہ رہتا ہے تبھی تو یہ جسم کا سب سے خوبصورت حصہ ہے
 .
دِل خوبصورت تو ہے لیکن نازک بھی بہت ہے . شیشے کی مانند صاف اور نازک . ذرا سی خَراش سے ٹوٹ کر رہ جاتا ہے . اِس کے ٹوٹنے کی آواز صرف جسم میں موجود روح کو ہی سنائی دیتی ہے اور آواز ایسی ہوتی ہے کہ روح کانپ کر رہ جاتی ہے . لیکن دِل توڑنے والوں کو بھلا کیا معلوم کہ دِل کے ٹوٹنے کا کیا درد ہوتا ہے . کیا تکلیف ہوتی ہے کہ جب یہ ٹوٹے ہوئے کانچ آپکو اندر ہی اندر روز چبھتے ہیں . جن کو جوڑنا بھی چاہو تو جوڑ نہ سکو
 .
اب انسان کی بیوقوفی پر ہنسوں یا ندامت کروں جو دِل کو سوائے اک گوشت کے ٹکڑے کے اور کچھ نہیں سمجهتے . جس دِل میں خدا رہتا ہے وہ بھلا صرف اک گوشت کا ٹُکْڑا کیسے ہوسکتا ہے
 .
انسان کو چاہیے کہ اِس دِل کو صاف رکھے ، ہر برائی سے پاک اور خوشبودار . لیکن انسان نے تو اپنے دلوں میں سوائے نفرتوں اور کدوراتوں کے اور کچھ نہیں رکھا . اِس کو اتنا گندا اور کالا کردیا کہ ان میں سرخ خون کے بجا اب صرف سیاہ خون دوڑتا ہے . وہ خون جو انسان کے اعمال اور اسکی سوچوں سے سیاہ ہو کر رہ گیا ہے
 .
ہم انسان اپنے گھر سے گندگی کو باہر پھینک دیتے ہیں ، تو اپنے دِل میں موجود گندگی کو کیوں نہیں باہر نکال پھینکتے ؟ ؟ اس دِل کو کیوں نہیں صاف رکهتے جس میں خدا رہتا ہے ؟ ؟
 
سیاہ دلوں کے ساتھ ہم دعا کرتے ہیں کے اللہ ہمارے دلوں میں ایمان ڈال دے، ہم تو گندگی میں اپنا ہاتھ بھی نہیں ڈالتے ، خدا گندے دِل میں ایمان کیسے ڈال دے ؟
 
آنکھیں تو دِل کا آئینہ ہوتی ہیں نا ، تو کبھی آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی آنکھوں سے اپنی ہی آنکھوں میں جھانک کے دیکھو ، کیا تمھارا دِل صاف ہے یا اس میں بھی سیاہ خون دوڑ رہا ہے ؟

Ramsha Mushtaq
About the Author: Ramsha Mushtaq Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.