درس قرآن 67

سورۂ مُمْتَحِنَہ
قرآنِ مجید وہ مہتم بالشان صحیفۂ ہدایت ہے جس نے نہ صرف تاریخِ انسانی کا دھارا موڑا بلکہ فکروعمل کا معیار بھی یکسر تبدیل کردیا۔ قرآنِ مجید کی صورت میں الہامی تعلیمات نے نہ صرف حیاتِ انسانی کو متاثر کیا بلکہ اس کائنات کے حیرت انگیز اسرار کی پردہ کشائی کے ساتھ مدتِ دراز سے مروج ہرنوع کے افکار و نظریات کے علی الرغم کائنات کی اَبدی اور کھلی حقیقتوں پر مضبوط، مؤثر اور مستحکم دلائل پیش کیے۔
سورۂ مُمْتَحِنَہْ مدینہ منورہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ الممتحنۃ، ۴/۲۵۵)۔ اس سورت میں 2 رکوع، 13آیتیں ہیں ۔
ایک قول یہ ہے کہ اس سورت کا نام ’’مُمْتَحِنَہْ‘‘ ہے،اس صورت میں اس کامعنی ہوگاعورتوں کاامتحان لینے والی سورت۔دوسرا قول یہ ہے کہ اس کا نام ’’مُمْتَحَنَہْ‘‘ ہے ،یعنی ا س سورت میں ان عورتوں کا ذکر ہے جن کاامتحان لیا گیا ہے۔ اس سورت کانام ا س کی آیت نمبر10کے کلمہ ’’فَامْتَحِنُوْهُنَّ‘‘ سے ماخوذہے۔
سورۂ مُمْتَحِنَہْ کے مَضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ ا س میں ان مشرکین کے اَحکام بیان کئے گئے جنہوں نے مسلمانوں سے معاہدہ کیا اور جنہوں نے مسلمانوں سے جنگ نہیں کی نیز ا س میں مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے مدینہ منورہ آنے والی مومنہ عورتوں کے ایمان کا امتحان لینے کا حکم دیاگیا ہے ۔ اس سورت میں مزیدیہ مضامین بیان کئے گئے ہیں :
(1) …اس سورت کی ابتداء میں مسلمانوں کو کافروں کے ساتھ دوستی کرنے اور ان سے محبت رکھنے سے منع کیاگیا اور انہیں بتایا گیا کہ کفار کو جب بھی موقع ملے گا توتمہیں نقصان پہنچانے میں کوئی کمی نہیں کریں گے اور یہ بھی بتایاگیا کہ قیامت کے دن کافر اولاد اور کافر رشتہ دار کوئی فائدہ نہیں دیں گے بلکہ اس دن ایمان اور نیک اعمال کام آئیں گے ۔
(2) …اس کی مثال کے طور پر حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کے ساتھیوں کی سیرت بیان کی گئی کہ کس طرح نہوں نے اپنی مشرک قوم سے بیزاری کا اظہار کیا تاکہ مسلمان حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی سیرت کو اپنے لئے مشعلِ راہ بنائیں ۔
(3) …یہودیوں اور مشرکوں سے تعلُّقات کے بارے میں اصول بیان کئے گئے اور مدینہ منورہ ہجرت کر کے پہنچنے والی مومنہ عورتوں کا امتحان لینے کا حکم دیاگیا اور ان کے بارے میں شرعی حکم بیان کیا گیا۔
(4) …اس سورت کے آخر میں مسلمانوں کو یہودیوں کے ساتھ دوستی کرنے سے منع کیا گیا ہے۔(صراط الجنان)
کلام مجید عظیم کتاب ہے جس میں ہر خشک و تر کا علم موجود ہے ۔اللہ پاک ہمیں اس سے مستفید ہونے کی توفیق عطافرمائے ۔آمین


 

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 381 Articles with 593658 views i am scholar.serve the humainbeing... View More