استاد ہو تو ایسا۔۔۔طالبہ امتحان دیتی رہی اور استاد نے بچہ سنبھال لیا، تصویر سال کی بہترین تصویر قرار!

image
 
گزشتہ دنوں سے ایک تصویر وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک استاد نے امتحانی ہال میں ایک بچے کو گود میں لیا ہوا ہے، جبکہ وہاں موجود تمام طلبہ اپنا پرچہ حل کرتی ہوئی دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ تصویر کوئی عام تصویر نہیں ہے، بلکہ اسے لوگ افغانستان کی سال 2020کی بہترین تصویر قرار دے رہے ہیں۔
 
یہ تصویر دراصل کابل یونیورسٹی کی ہے۔ جہاں کے ایک ہال میں طالبات امتحانی پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔ہوا کچھ یوں کہ ایک طالبہ کے ساتھ اس کا چار مہینے کا بیٹا بھی آیا ہوا تھا، لیکن وہ بہت رورہا تھا،جس کی وجہ سے طالبہ کو پرچہ حل کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑرہاتھا۔ وہ طالبہ بجائے پرچہ حل کرنے کے اپنے بچے کو چُپ کروانے میں مصروف تھی۔ یہ منظر جب امتحانی ہال میں موجود استاد نے دیکھا تو وہ آگے آئے اور انہوں نے بچے کو اٹھالیا، ساتھ ہی اس کی فیڈر بھی پکڑی تاکہ وہ سکون سے اسے پی سکے اور چُپ ہوجائے، اسی دوران وہ طالبہ بھی سکون سے اپنا پرچہ حل کرلے۔
 
image
 
اس منظر کو کسی نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا۔جون ہی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، اسے بے حد سراہا گیا۔ افغان عوام کی بڑی تعداد نے اس تصویر کو افغانستان کی اس سال کی سب سے بہترین تصویر قرار دیا۔ جس میں ایک ٹیچر کے اس ہمدردانہ روئیے نے سب کا د ل جیت لیا۔
 
image
 
یہ تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوئی تو میڈیا کے بڑے چینلز نے تصویر میں موجود افغان استاد کا انٹر ویو بھی لیا۔ استاد کانام ”محمود میرون“ ہے اور وہ پشتو ڈپارٹمنٹ میں بطور لیکچرار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد انہیں دنیا بھر سے پیغامات مل رہے ہیں، جس میں لوگ ان کے اس ہمدردانہ روئیے کو سراہ رہے ہیں، جس پر وہ لوگوں کا شکرگزار ہیں۔
 
اساتذہ کی جانب سے اس طرح کے چھوٹے ہمدردانہ روئیے معاشرے پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ ایک افغان استاد کی جانب سے اس طرح کے اچھے روئیے نے یہ ثابت کیا ہے کہ اب افغان معاشرے میں تبدیلی آرہی ہے، طالبات اب جامعات کی سطح تک پڑھائی کررہی ہیں، ساتھ ہی وہ اپنے گھر اور بچوں کو بھی اچھے انداز میں سنبھال رہی ہیں، جس سے دوسری خواتین کو بھی ہمت و حوصلہ مل رہاہے۔ اساتذہ اگر اچھے ہوں اور بھرپور ساتھ دینے والے ہوں تو طلبہ کے کام اور زندگی آسان ہوجاتی ہے، جس کی مثال یہ وائرل ہونے والی تصویر ہے۔
 
YOU MAY ALSO LIKE: