سب سے اچھا پاکستان۔ جانئے، غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کیوں اچھا لگتا ہے؟

 
image
 
پاکستان کی ٹورزم انڈسٹری کو گزشتہ کچھ سالوں کے دوران بہت فروغ ملا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں بہت سے مشہور غیر ملکی وی لاگرز/  بلاگرز ڈریو بنسکی، مارک وینز، فوڈ رینجر، روزی گیبرئیل ودیگر آئے اور انہوں نے پاکستان کو امن پسند اور خوبصورت ترین ملک قرار د یا۔ ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیوز کو ملین  ویوز تک ملے ہیں ، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں نے پاکستان کو کتنا پسند کیا ہے ۔ مشہور تھائی فوڈ وی لاگر مارک  وینز نے 2018 میں پاکستان کا ایک طویل دورہ کیا تھا، انہوں نے اپنے اس دورے کو زندگی کا بہترین ٹور قراردیا تھا۔ انہوں نے 16 روزہ دورے میں ملک کے تمام بڑے شہروں اور کئی خوبصورت مقامات کا دورہ کیا ۔ ہر صوبے کے روایتی کھانے چکھے، حلوہ  پوری ہو یا نہاری ، چپلی  کباب ہو یا بریانی ، غرض  یہ کہ انہوں نے پاکستانی  کھانوں کو ہرلحاظ سے بہترین  قرار دیا۔ انہوں نے ٹھیلوں ، ڈھابوں ، مقامی گھروں کے علاوہ لوکل ہوٹلز میں جاکر بھی کھانوں کو انجوائے کیا۔
 
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی مشہور وی لاگر "ایوا زو بیک" نے ایک لڑکی ہونے کے باوجود پاکستان میں اکیلے سفر کیا اور لوگوں کو پیغام دیا کہ اگر لڑکیاں اکیلے پاکستان آنا چاہیں تو آسکتی ہیں ، یہاں انہیں کوئی خطرہ نہیں ۔ انہوں نے اس ٹور کے دوران ٹھیلوں سے چاٹ ، پھل اور مختلف اسٹریٹ فوڈز کھائے۔ کراچی کا سمندر ہو یا ہنزہ کی وادیاں، انہوں نے پاکستان کی خوبصورتی کو اپنے وی لاگز میں تفصیل سے بتایا اور پاکستان کی بہت تعریف کی۔
 
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون موٹر سائیکلسٹ روزی گیبریئل نے بھی 2019  میں پاکستان کا دورہ کیاتھا ۔ ایڈونچر کی شوقین روزی یہاں گھومنے کی غرض سے آئی تھیں ، لیکن اسلامی تعلیمات ، یہاں کے لوگوں کے رویوں نے انہیں اسلام کے قریب کردیا۔ بالا ٓخر انہوں نے اسلام قبول کرلیا ۔ انہیں یہاں کے خوبصورت پہاڑوں، نظاروں کے علاوہ یہاں کے ملبوسات پسند آئے، یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستانی ملبوسات پورے ٹور کے دوران پہنتی دکھائی دیں۔
 
 ایک مشہور امریکن یوٹیوبر /وی لاگر ڈریو بنسکی نے گزشتہ سال اپنی اہلیہ کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو بہت سراہا اور لکھا کہ وہ 162 ممالک گھوم چکے ہیں ، لیکن پاکستانیوں جیسی مہمان نوازی انہیں کہیں نظر نہیں آئی۔ مجھے یہاں کے لوگوں نے درجنوں تحائف دئیے ہیں ۔ کوئی انہیں پیسے خرچ نہیں کرنے دیتا اور انہیں مفت میں ساری چیزیں دی جاتی ہیں ۔ اسٹریٹ فوڈ بیچنے والے لوگ تک ان سے پیسے نہیں لیتے ۔ ڈریو کی اہلیہ کو پاکستانی ثقافت بہت بھائی ، انہوں نے یہاں اپنے ہاتھوں پرمہندی بھی لگوائی ، جس میں آرٹسٹ نے ان کا اور ڈریو کا پورٹریٹ بنایا ۔ و ہ پاکستان کے مہندی آرٹ کی دلدادہ دکھائی دیں۔
 
image
 
کچھ سالوں قبل تک پاکستان دنیا بھر کی میڈیا کی نظروں میں ایک خطرناک ملک تھا ، جہاں دہشت گردی کا راج تھا  لیکن گزشتہ دو سے تین سالوں میں پاکستان کا تاثر دنیا کی نظر میں یکسر بدل گیا، اس تاثر کو بدلنے میں غیر ملکی سیاحوں کا اہم کردار ہے، جنہوں نے مختلف پیغامات کے ذریعے دنیا کوبتایا کہ پاکستان خطرناک ملک ہرگز نہیں ہے، جیسا کہ میڈیا میں دکھایاجاتاہے، ویسا بالکل نہیں۔ اب سیر وسیاحت کے حوالے سے پاکستان کچھ عرصے سے عالمی سطح پرپسند کیا جارہاہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ گزشتہ سال مشہور ٹریول میگزین Conde Nast نے پاکستان کو سیاحت کیلئے بہترین گھومنے کی جگہ میں نمبر ایک پر رکھاتھا۔ اس سال مشہور امریکی جریدے ”فاربز“ نے بھی 2020کے بہترین سیاحتی ممالک کی فہرست میں پاکستان کو شامل کیا۔ آخر پاکستان کی ایسی کونسی چیزیں ہیں، جو یہاں آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو بھاتی ہیں، آئیے آپ کو ان چیزوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔
 
مہمان نوازی:
غیر ملکی سیاحوں کو پاکستانیوں کی مہمان نوازی بہت بھاتی ہے۔ پاکستانی دکاندار اکثر غیر ملکی سیاحوں سے پیسے تک نہیں لیتے۔ جس کی مثالیں آپ کو کئی وی لاگرز کی ویڈیوز میں مل سکتی ہیں۔ پاکستانی بہت گرم جوشی سے غیرملکی سیاحوں کا استقبال کرتے ہیں، انہیں اپنے گھروں میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ کئی بلاگرز کو مقامی روایتی پہناوے، شال اور جوتے تک دئیے جاتے ہیں، جو وہ خوشی سے پہنتے دکھائی دیتے ہیں۔
 
image
 
کھانے:
زیادہ تر غیر لکی سیاح پاکستانی کھانوں کے دلدادہ دکھائی دیتے ہیں۔ مارک وینز ہوں یا ایوا، سب ہی بجائے بڑے فائیو اسٹارہوٹلز جانے کے، برنس روڈ یا اس جیسی جگہوں پر جاتے دکھائی دئیے۔سیاحوں کو ٹھیلوں، ڈھابوں، مقامی ریسٹورنٹس سے روایتی پکوان خریدتے اور کھاتے دیکھاگیا۔ کسی کو سب سے اچھی بریانی لگی تو کسی نے کڑھائی اور چپلی کباب کو بہترین قرار دیا۔کراچی کی بریانی لاجواب ٹہری تو پشاور کے چپلی کباب نے ان کا دل جیت لیا۔ یوں کہا جاسکتاہے کہ پاکستانی پکوان غیر ملکی سیاحوں کا دل جیتنے میں ہمیشہ کامیاب رہے ہیں۔
 
image
 
پہاڑ،سر سبز وادیاں، سمندر اور جھیلوں کے نظارے:
پاکستان گھومنے آنے والے سیاحوں کا ماننا ہے کہ یہ خوبصورت ترین جگہ ہے۔ بلوچستان کے خوبصورت ساحلی مقامات ہوں، یا ہنگو کے نیشنل پارک میں کھڑا ”پرنسز آف ہوپ“ کامجسمہ، قدیم ترین انڈس تہذیب کے اثرات ہوں یاموہن جو دڑو کے تاریخی مقامات، ہنزہ، چترال کی حسین سرسبز وادیاں ہوں یاجھیل سیف الملوک جیسی کئی حسین نیلگوں جھیلیں، آبشاریں،پہاڑی سلسلے سب ہی انسان کو اپنے سحر میں جکڑ نے کیلئے کافی ہیں۔ ہائکنگ، کیمپنگ اور دیگر ایڈونچر زکا شوق رکھنے والوں کیلئے پاکستان ایک بہترین ملک ہے۔
 
image
 
آر ٹ و ثقافت،آرکی ٹیکچر:
یہاں کی خوبصورت قدیم عمارات، مقامی مارکیٹوں میں ملنے والے خوبصورت پینٹ کئے گئے گلدان، مجسمے ہوں یا پینٹنگز، جیولری ہویا ملبوسات، سب ہی غیر ملکی سیاحوں کو بے حد پسند آتے ہیں۔ کئی وی لاگرز نے یہاں کے دورے کے دوران شلوار قمیض، پشاوری چپل، ثقافتی کڑھائی والے ملبوسات، چوڑیاں اور جیولری پہنی۔ کسی نے مہندی لگوائی تو کسی نے بلوچی روایتی لباس پہنا۔ غرض یہ ہے کہ یہاں کی قدیم عمارات، بازار، غیر ملکی سیاحوں کی اصل دلچسپی کا مرکز ہوتے ہیں۔ زیادہ تر سیاح مقامی مارکیٹوں میں گھومتے دکھائی دیتے ہیں، وہ بڑے شاپنگ سینٹرز کا رُخ نہیں کرتے بلکہ مقامی مارکیٹ اور بازار سے ہی اپنی خریداری کرتے ہیں۔ساتھ ہی کئی سیاح سجے ہوئے رکشوں، بسوں اور ٹرکوں میں خوشی خوشی سفر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
 
image
 
مذہبی مقامات:
یہاں کئی خوبصورت مساجد ہیں، جن کا آرکی ٹیکچر سیاحوں کو متاثر کرتاہے۔ ایوا، روزی جیسی خاتون بلاگرز اکثر مزارات یا درگاہ جاکر وہاں کی قوالیاں بھی سنتی دکھائی دیں۔ اس کے علاوہ یہاں بدھ مت مذہب اور سکھوں کی کئی اہم مذہبی جگہیں ہیں، جہاں سیاح جانا پسند کرتے ہیں
 
image
 
YOU MAY ALSO LIKE: