پشاور لنڈی کوتل سفاری، اب ماضی کی یاد

پشاور سے لنڈی کوتل تک جانے والی سفاری ریل گاڑی کا سلسلہ مئی 2007ء میں ختم کر دیا گیا تھا۔ یہ سفاری انتہائی دشوار گزار پہاڑی راستوں اور پہاڑوں کے اندر بنائی گئی 34 سرنگوں سے گزرنے والے 50 کلومیٹر طویل ٹریک پر چلتی تھی۔
 
پشاور ریلوے اسٹیشن، سفاری ٹرین کا نقطہ آغاز
پشاور ریلوے اسٹیشن صوبہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا سٹیشن ہے۔ یہاں سے ہر روز ملک کے مختلف علاقوں کے لیے ریل گاڑیاں چلتی ہیں۔ سفاری ٹرین کے لیے لوگ اس سٹیشن پر جمع ہوتے تھے۔ سال 1947ء سے 1982ء تک یہاں سے ہر اتوار کو صبح 7:30 پر ریل گاڑی لنڈی کوتل تک جاتی تھی۔
image
 
ایئرپورٹ کے احاطے سے ریلوے ٹریک
پشاور سے لنڈی کوتل جانے والا ریلوے ٹریک باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ (پشاور ایئرپورٹ) کے اندر سے گزرتا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا مسئلہ تھا اور گاڑی گزرنے سے دو سے تین دن پہلے ایئر پورٹ حکام سے اس کی اجازت لینا پڑتی تھی۔ سکیورٹی حالات کے پیش نظر یہ ٹریک اب مکمل طور پر بند کیا جاچکا ہے۔
image
 
ریلوے ٹریک پر ناجائز قبضہ
مختلف مقامات جیسے نوتہیہ پایان، بورڈ بازار اور کارخانوں مارکیٹ سے گزرنے والی ریلوے کی پٹڑی کے دونوں اطراف لوگوں نے عارضی دوکانیں بنالی ہیں، جن کے خلاف ریلوے حکام متعدد بار کارروائی کر چکے ہیں لیکن یہ لوگ دوبارہ ناجائز قبضہ کر لیتے ہیں۔ انہی جگہوں پر عیدالاضحٰی کے موقع پر مویشیوں کی منڈیاں بھی لگتی ہیں۔
image
 
ریلوے اہلکار بدستور ’ڈیوٹی پر‘
ریلوے ٹریک پر مختلف مقامات پر پھاٹک بنائے گئے تھے جو ریل گاڑی گزرنے سے چند لمحے پہلے بند کیے جاتے تھے۔ ان مختلف پھاٹکوں پر اب بھی ریلوے اہکار تعینات ہیں۔ گو مئی2007ء کے بعد یہاں سے کوئی ریل گاڑی نہیں گزری تاہم یہ ریلوے اہلکار باقاعدگی سے تنخواہیں لے رہے ہیں۔
image
 
تباہ شدہ پُل اور ناکارہ ٹریک
برصغیر پر برطانوی راج کے دوران تعمیر کیے گئے اس قسم کے کئی پل جو سڑکوں کے اوپر یا ساتھ واقع ہیں، شدت پسندوں کے نیٹو سپلائی پر حملوں کے نتیجے میں مکمل یا جزوی طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔
image
 
جمرود اسٹیشن، خاصہ دار فورس کا مرکز
جمرود اسٹیشن پر ہر اتوار سینکڑوں قبائل، لنڈی کوتل جانے کے لیے ریل گاڑی کا انتظار کرتے تھے۔ 2008ء کے بعد خاصہ دار فورس اس اسٹیشن کو چوکی کے طور پر استعمال کررہی ہے مگر اس اسٹیشن پر تعینات ریلوے اہلکار بھی یہاں حاضری دینے آتے ہیں۔
image
 
92 پُل، اکثر قابل استعمال
پشاور سے لنڈی کوتل تک اس طرز کے تقریباﹰ 92چھوٹے بڑے پل ہیں، جن میں سے زیادہ تر اب بھی درست حالت میں موجود ہیں۔ ان کے نیچے سے ہر روز ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں۔
image
 
سفاری ٹرین، یادگار تجربہ
پہاڑوں کے درمیان خوبصورت مقامات سے گزرے والی سفاری ٹرین سیاحوں کے لیے خصوصی دلچسپی لیے ہوتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ دور دراز ممالک سے سیاح اس ٹرین میں سفر کرنے آتے تھے۔ سفاری ٹرین میں ہائی کمیشن آف یورپ کا 15 رکنی وفد بھی ان علاقوں کی سیر کرچکا ہے۔
image
 
50 کلومیٹر ٹریک پر 34 سرنگیں، ایک ریکارڈ
پہاڑوں کے اندر سے کافی محنت اور مہارت سے بنائے گئی ان سرنگوں کی تعداد 34 ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں50 کلو میٹر کے دشوار گزار پہاڑی راستے میں ٹنلز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان سب کی لمبائی ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
image
 
بیشتر سرنگیں خطرے میں
لینڈ سلایڈنگ کی وجہ سے بیشتر سرنگوں کے داخلی اور خارجی راستے کسی حد تک بند ہوچکے ہیں۔ اگر ان کی درست دیکھ بھال اور بحالی کے اقدامات نہ کیے گئے تو یہ شاہکار ٹنلز ماضی کا نشان بن جائیں گی اور صرف تصاویر اور کتابوں تک محدود ہوجائیں گی۔
image
 
ریلوے ٹریک، بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی نذر
2010ء کی طوفانی بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے اکثر مقامات پر پہاڑوں میں ریلوے پٹڑی اکھڑ گئی تھی یا پھر لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے ناکارہ ہوچکی ہے۔ جس کو مستقبل میں فعال بنانا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
image
 
سفولہ اسٹوپہ
پشاور لنڈی کوتل ریلوے ٹریک علی مسجد اورلنڈی کوتل کے درمیان واقع سفولہ (Saphola) اسٹوپہ کے ساتھ سے گزرتی ہے۔ سیاحوں کے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل یہ اسٹوپہ کافی حد تک خراب ہو چکا ہے۔
image
 
Partner Content: DW
YOU MAY ALSO LIKE: