ایک بہترین فٹبالر، کراٹے ماسٹر اور موٹر سائيکل بھی چلاتی ہیں پنجاب کی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان مزید کن کن خصوصیات کی حامل ہیں؟ جانیں

image
 
پاکستان کی سیاست میں خواتین کا کردار ہمیشہ بہت اہم رہا ہے محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر بے نظیر بھٹو تک کا نام اور ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں اور حالیہ دور میں مریم نواز جس طرح اپنے خاندان کے تمام مردوں کی جلا وطنی اور جیل میں ہونے کے سبب جس طرح حکومت کے خلاف تحریک چلا رہی ہیں وہ بھی پاکستانی سیاست میں خواتین کا ایک اہم کردار ہے- ان تمام خواتین کے ساتھ اگر فردوس عاشق اعوان کا نام نہ لیا جائےتو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہو گی-
 
فردوس عاشق اعوان کا سیاسی کردار
فردوس عاشق اعوان نے گنگا رام میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اسی ہسپتال میں نادار مریضوں کے علاج اور ادویات کے لیے ایک مفت شیڈ بھی قائم کر دیا جو کہ سوشل ورک کے ذریعے ان کا عملی سیاست میں پہلا قدم تھا- اس کے بعد پرویز مشرف کے دور میں اپنے آبائی علاقے سیالکوٹ سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر بلدیاتی الیکشن لڑ کر ڈسٹرکٹ کونسلر کی سیٹ حاصل کی۔ 2002 میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ہی انہوں نے اسمبلی میں جگہ بنائی اور قومی اسمبلی کی رکن مقرر ہو گئیں اس کے ساتھ ساتھ اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا شروع کر دیا- اس وقت کے اسپیکر چوہدری امیر حسین کا تعلق بھی سیالکوٹ ہی سے تھا جو کہ فردوس عاشق اعوان کی سماجی سرگرمیوں سے خوش نہ تھے اس وجہ سے 2007 کے الیکشن کے لیے فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ق کو الوداع کہہ کر لندن جا کر بے نظیر بھٹو کے ہاتھوں پر بیعت کر لی اور 2007 کے الیکشن میں چوہدری امیر حسین کو بھاری شکست دے کر نہ صرف اسمبلی پہنچیں بلکہ وزارت بہبود آبادی اور وزارت اطلاعات بھی سنبھالی ۔ اور 2013 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر شکست کھانے کے بعد ان کی چھٹی حس نے ان کو مطلع کر دیا کہ اب ہوا پاکستان تحریک انصاف کی جانب چل رہی ہے اور انہوں نے تحریک انصاف کو جوائن کیا جہاں 2018 میں کچھ عرصے وزارت اطلاعات سنبھالی اور اس کے بعد ان کو پنجاب کی وزارت اطلاعات کی ذمہ داریاں دے دی گئیں-
 
فردوس عاشق اعوان کی منفرد خصوصیات
1: بے مثال اردو لب و لہجہ
اگرچہ فردوس عاشق اعوان پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں مگر جب وہ ٹی وی پر آکر اپنی مشکل اور ثقیل اردو میں حکومتی نقطہ نظر بیان کرتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی مخالفین کو ان کا مخاطب کرنے کا انداز اور ان پر گیے جانے والے تبصرے مخالفین کو آگ لگانے کے لیے کافی ہوتے ہیں-
 
2: خاتون فٹ بالر
ایک فٹ بال میچ کے افتتاح کے موقع پر جب مہمان خصوصی کے طور پر فردوس عاشق اعوان کو بلایا گیا تو ان کے حوالے سے کوئی نہیں جانتا تھا کہ ان کی فٹ بال کی کک رونالڈو سے زيادہ طاقت ور ہو سکتی ہے- مگر اس تقریب کی کوریج کرنے والے صحافی اس وقت حیران رہ گئے جب فردوس عاشق اعوان نے بال کو کک لگائی اور فٹ بال آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوۓ غائب ہو گیا اور ان کے کک لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی-
 
image
 
3: مارشل آرٹ کی ماہر
کھیلوں کے شعبے سے منسلک لوگوں نے ان کی کھیلوں سے محبت کو دیکھ کر ان کو بلانا شروع کر دیا- مارشل آرٹ کے ایک پروگرام کی افتتاحی تقریب میں جب ان کو کچھ اینٹوں کو توڑنے کی پیش کش کی گئی تو انہوں نے اس وقت بھی ہچکچانے کے بجاۓ ہاتھ مار کر یہ ساری اینٹیں توڑ دیں- جس پر مشہور باکسر عامر خان نے ان کو مریم نواز سے کشتی لڑنے کی دعوت بھی دے ڈالی جس کو انہوں نے بخوشی قبول کر لیا -
 
4: ہیوی بائیک ڈرائیور
حالیہ دنوں میں جب فردوس عاشق اعوان ریسکیو 1122 کی کسی تقریب میں گئيں تو وہاں پر انہوں نے ایک بار پھر ہیوی بائک چلا کر دیکھنے والوں کو حیران کر دیا- انہوں نے باقاعدہ ہیلمٹ پہن کر ہیوی بائیک ڈرائیو کی فردوس عاشق اعوان کی یہ ساری سرگرمیاں حکومتی مخالفین کو یہ دعوت دیتی نظر آتی ہیں کہ ہم سا ہو تو سامنے آئے-
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: