سوشل میڈیا کے جادو نے عام انسان کو سیلیبریٹی بنا دیا، بیس سے زیادہ طریقوں سے مچھلی پکانے والا آئندہ کیا کرنا چاہتا ہے؟ جانیں

image
 
کھانے پینے کے شوقین افراد ہر وقت کھانے پینے کی نت نئی جگہیں دریافت کرنے میں مشغول رہتے ہیں- حالیہ دنوں میں سوشل میڈيا نے ان کی بڑی مشکل کو حل کر دیا ہے اور اب دو افتادہ علاقوں میں بھی اگر کچھ نیا بن رہا ہو تو سوشل میڈيا کے ذریعے ان کی رسائی ہو جاتی ہے اور اس کے بعد یہ شوقین لوگ لمبی مسافت طے کر کے اس کھانے کی لذت کو عملی طور پر محسوس کرنے کے لیے جا پہنچتے ہیں-
 
ایسا ہی کچھ سندھ کے ایک چھوٹے سےضلع سانگھڑ کے رہائشی عبدالجبار ملاح کے ساتھ بھی ہوا جن کی بنائی ہوئی مچھلی کی سجی کی ویڈيو ان دنوں تیزی سے وائرل ہو رہی ہے سردی کی مناسبت سے جب ہر انسان خود کو گرم رکھنے کے لیے مزیدار مچھلی کھانا چاہتا ہے ایسے میں مصالحہ دار مچھلی جس میں چکنائی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے لوگوں کے لیۓ ایک بہترین انتخاب بن گئی ہے-
 
اگرچہ عبدالجبار ملاح گزشتہ بیس سالوں سے مچھلی پکانے کے کام سے جڑا ہوا ہے مگر گزشتہ دو سالوں سے ان کی مچھلی کے پکوانوں کی بنائی گئی ویڈیوز نے ان کو ایک سیلیبریٹی بنا دیا ہے اور ان کی شہرت ملک بھر کے ساتھ ساتھ ملک سے باہر تک بھی جا پہنچی ہے اور لوگ دور دور سے اس کو کھانے کے لیے آنے لگے ہیں-
 
image
 
عبدالجبار کا یہ کہنا ہے کہ وہ مچھلی سے بیس سے زیادہ ڈشز بنا سکتا ہے جن میں ان کے علاقے کی خاص روہو مچھلی کی سجی سب سے زيادہ مشہور ہے جس کے حوالے سے عبدالجبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سجی ان کی اپنی دریافت ہے- اس سے قبل لوگ بکرے اور مرغے کی سجی بناتے تھے لیکن مچھلی کی سجی سب سے پہلے انہوں نے ہی بنائی تھی جس کو اب دوسرے لوگ بنا رہے ہیں-
 
اپنی سجی بنانے کی ترکیب کے متعلق عبدالجبار کا کہنا ہے کہ وہ روہو مچھلی کو پانی اور نمک سے دھوتے ہیں- اس کے بعد اس کو نمک لگا کر اس میں ایک لکڑی کی ڈنڈی پرو دیتے ہیں اس کے بعد اس کو ہلکی آنچ پر پکایا جاتا ہے جس کو کھٹی میٹھی املی کی چٹنی کے ساتھ کھایا جاتا ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے ان کو بلایا جاتا ہے جہاں وہ یہ سجی بنا کر بیچتے ہیں-
 
image
 
بیرون ملک اپنی بڑھتی ہوئی شہرت کے سبب عبدالجبار کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو عرب امارات تک بھی وسعت دیں کیوں کہ ان کے چاہنے والے اب ان سے اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں اس وجہ سے وہ جلد ہی اس حوالے سے کچھ کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: