دنیا کی تاریخ میں سب سے طویل سزائیں پانے والے مجرم

image
 
ترکی کے مبلغ عدنان اوکتار (قلمی نام ہاروں یحییٰ) کو جنسی جرائم کی پاداش میں ایک ہزار پچھہتر برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدنان اوکتار اتنی طویل سزا پانے والے پہلے مجرم نہیں ہیں۔ امریکا، اسپین اور کئی دیگر ممالک میں بھی ایسے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ دنیا میں طویل ترین سزائیں پانے والے افراد کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔
 
ٹیری نکولس
انتہائی دائیں بازو کے دہشت گرد ٹیری نکولس کو اپنے ساتھی اور سابق فوجی ٹموتھی میک وے کی مدد کرنے کی جرم میں 161 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں اس مجرم کو 9330 برس بغیر پیرول کے سزائے قید دی گئی تھی۔ ٹموتھی میک وے نے سن 1995ء میں اوکلا ہوما میں بم دھماکے کیے تھے، جن میں 19 بچوں سمیت 168 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ٹموتھی میک وے کو سزائے موت دے دی گئی تھی۔
 
چارلس سکاٹ رابنسن
اسی طرح اوکلاہوما میں ہی ایک عدالت نے 1994ء میں چارلس سکاٹ رابنسن کو 30 ہزار برس قید کی سزا سنائی تھی۔ اس مجرم نے ایک چھوٹے بچے کو بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
 
چاموئے تھیپاسو
گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق دنیا کی سب سے طویل عمر قید کی سزا تھائی لینڈ میں پیرامیڈ اسکیم چلانے والے دھوکے باز چاموئے تھیپاسو کو سنائی گئی تھی۔انہیں 1989ء میں ایک لاکھ اکتالیس ہزار سے زائد برس قید کی سزا ملی تھی۔ تھائی شاہی خاندان کے چند ممبران کو دھوکا دینے کے باوجود اس مجرم نے آٹھ برس جیل میں رہنے کے بعد رہائی حاصل کر لی تھی۔
 
image
 
بیس ہزار سال
یورپی یونین میں سب سے زیادہ طویل سزائیں سنانے کا ریکارڈ اسپین کی عدالتوں کے پاس ہے۔ سن دو ہزار چار میں ٹرین بم دھماکوں کے جرم میں القاعدہ کے تین اراکین کو مجموعی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار برس قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ ان حملوں میں ایک سو تریانوے افراد ہلاک ہو ئے تھے۔
 
 اسی طرح اسپین کی علیحدگی پسند تنظیم ایٹا (ای ٹی اے) کے اراکین کو بھی ہزاروں سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان میں خاتون انیس ڈیل ریو پراڈا بھی شامل ہیں، جنہیں چوبیس ہلاکتوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں شامل ہونے کی بنیاد پر تین ہزار آٹھ سو اٹھائیس سال سزائے قید سنائی گئی تھی۔ یورپیئن کورٹ آف ہیومن رائٹس کے حکم پر اس خاتون مجرم کو چھبیس سال قید کے بعد 2013ء میں رہا کر دیا گیا تھا۔
 
عدنان اوکتار اور عبدالقدیر
استنبول میں عدنان اوکتار کو سنائی جانے والی سزا حالیہ چند مہینوں کے دوران دوسری طویل ترین قید کی سزا تھی۔ اس سے قبل استنبول کی ہی ایک عدالت نے ازبک دہشت گرد عبدالقدیر کو 40 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عبدالقدیر نے سن 2017ء میں رانیا نائٹ کلب میں نیو ایئر تقریب کے دوران حملہ کرتے ہوئے چالیس افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ داعش کے اس مبینہ رکن کو اقدام قتل کے تحت 1368 برس کی اضافی قید بھی سنائی گئی تھی۔
 
image
 
بیرنارڈ میکگن
برطانیہ میں اب تک طویل ترین سزا آئرش ریپبلک آرمی کے رکن اور سنائپر بیرنارڈ میکگن کو سنائی گئی ہے۔ بیرنارڈ کو کئی دیگر کے علاوہ لندن میں ڈوکلینڈز اینڈ بالٹک ایکسچینج پر حملے کے جرم میں 490 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس مجرم کو 'گڈ فرائیڈے ایگریمنٹ‘ کے تحت سولہ ماہ قید کاٹنے کے بعد سن دو ہزار میں رہا کر دیا گیا تھا۔
 
اینڈریو آسٹن
برطانوی شہری اینڈریو آسٹن کو سن 2002ء کے دوران برمنگھم میں بوڑھے اور اپاہج افراد پر حملہ کرنے کے جرم میں 26 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
 
سن 1974ء کے آئرش ریپبلک آرمی بم دھماکوں کے نتیجے میں چھ آئرش باشندوں کو غلطی سے اکیس مرتبہ عمر قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ لیکن سولہ برس بعد ان کی سزاؤں کو ختم کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
 
Partner Content: DW
YOU MAY ALSO LIKE: