کتاب سے دوستی ذہن اور جسم کے لیے بہترین

تمام تعریفیں رب لم یزل کے لئے جس نے انسان کو علم کے حصول کا حکم دیا اور اس کی اہمیت بتانے کے لئے انسانوں کے نام سب سے پہلا پیغام یہی بھجوایا اور حکم دیا :-
اقرا باسم ربک الذی خلق (1)
ترجمہ کنزالایمان :- پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا۔
مطالعہ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی چیز کو اس کی واقفیت کی غرض سےغور اور توجہ سے دیکھنے کے ہیں ۔
مطالعہ ذہنی اور اخلاقی تربیت کا اہم ذریعہ ہے ہم جو کچھ پڑھتے ہیں وہ ہمارے دل و دماغ اور جسم و جاں میں رچ بس جاتا ہے اور پھر ہمارے عمل کی صورت میں ظاہر ہونے لگتا ہے ۔ مطالعہ کی عادت انسان کو بہت سارے بے فائدہ مصروفیات سے بچا لیتی ہے ۔مطالعہ انسان کے حافظہ کو تیز کرتا ہے۔ اور دماغ کو وسعت بخشتا ہے ۔ کتاب بینی ہماری تنہائی کی بہترین ساتھی ہے ۔ ایک شاعر نے کیا خوب کہا ہے
حصول علم ہے ہر اک فعل سے بہتر
دوست نہیں ہے کوئی کتاب سے بہتر

مطالعہ غم اور بےچینی کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔
مطالعہ کے بارے میں امیر اہلسنت مولانا الیاس عطار قادری فرماتے ہیں ۔ مطالعہ علمِ دین کی جان ہے۔ ( مدنی مذاکرہ 8 جماد الاولی 1434)
ہم سوتے وقت اسمارٹ فونز کے ہوتے جارہے ہیں جو نیند کو غائب کر دیتے ہیں جبکہ سوتے وقت اچھی کتاب کا مطالعہ نیند کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے اسی لئے موبائل چھوڑ کر کتاب کے مطالعہ کی عادت اپنائیں ۔
کتاب پڑھنے سے ذہنی سکون ملتا ہے ۔
زندہ قومیں ہمیشہ کتابوں کو قدرومنزلت دیتی ہیں ۔ جو قومیں کتاب سے رشتہ توڑ لیں تو وہ دنیا کی ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتی ہیں۔
ایک حدیث ِ مبارکہ ملاحظہ فرمائیں
الرجل علی دین خلیلہ فلینظر احدکم من یخالل
آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے لہذا تم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ دیکھے کس سے دوستی کر رہا ہے۔ ( جامع الترمذی، کتاب الذہد، باب الرجل علی دین خلیلہ، الحدیث 2378، صفحہ نمبر 1890)
حدیثِ مبارکہ کے ان خوبصورت جملوں پر غور کرتے ہوئے لوگوں کی صحبت و دوستی کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی زیرِ مطالعہ کتب کا بھی جائزہ لینا چاھیئےکہ کتاب بھی ایک دوست کی حیثیت رکھتی ہے اور جس طرح اچھے اور برے اشخاص ہوتے ہیں اسی طرح اچھی اور بری کتابیں بھی ہوتی ہیں ۔ لہذا مطالعہ کے لیے ہمیشہ معیاری کتب کا انتخاب کریں جو بہترین دوست ثابت ہوں ۔
قرآن مجید بہترین کتاب اور بہترین دوست ہے جو دوست ہو گا وہ ہمیں نفع دے گا اور جو ہمیں نقصان پہنچائے گا بلاشبہ وہ ہمارا دشمن ہو گا ۔
قرآنِ مجید ہمیشہ اپنے پڑھنے والوں اور عمل کرنے والوں کو بہت زیادہ نفع پہنچاتا ہے پھر اس کو دوست نہ بنانا کم عقلی ہے اس شخص کی جو اس کو پڑھنا بھی جانتا ہو۔
ہمیں سیرت النبی صلی الله عليه وسلم کو پڑھنا چاہیے ۔ خلفائے راشدین کو پڑھنا چاہیے اور علم حاصل کرکے دوسروں تک بھی پہنچانا چاہیے اور ان تعلیمات پر عمل کرنا بھی بے حد ضروری ہے ۔ کوئی فرد جو کتاب خرید کر پڑھنے کی استطاعت نہ رکھتا ہو اس کو کتاب خرید کر دیں کہ یہ صدقہء جاریہ ہے۔
الله پاک ہمیں علمِ نافع حاصل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔
 

مریم  بخاری
About the Author: مریم بخاری Read More Articles by مریم بخاری: 6 Articles with 9670 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.