مطالعہ کے رجحان میں کمی

تحریر: شبیر ابن عادل

اس بات کو طویل عرصے سے محسوس کیا جارہا ہے کہ معاشرے میں مطالعہ یا کتب بینی کا رجحان رفتہ رفتہ کم ہوتا جارہا ہے۔ یہ رجحان نہ صرف یہ کہ عام لوگوں میں بہت کم ہوا ہے، بلکہ اساتذہ، ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور طلبہ سمیت معاشرے کے ان طبقوں میں بھی برائے نام رہ گیا ہے جو لکھنے پڑھنے کے کام یا پیشے سے وابستہ ہیں۔
حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ مطالعہ کا رجحان تحریک اسلامی سے وابستہ افراد میں بھی کم ہوا ہے۔ یعنی ایسی تحریک جس کی بنیاد ہی لٹریچر ہے اور جس کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی مرحوم ؒ نے اسلام کے مختلف موضوعات پر انقلابی کتب تحریر کرکے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ ڈالا۔ اپنے لٹریچر کی بنیاد پر انہوں نے جماعت اسلامی قائم کی اور اب اسی سے وابستہ افراد میں مطالعہ کا ذوق و شوق کم ہوا ہے۔ اگر پچیس تیس سال پہلے کا جائزہ لیں تو تحریک اسلامی سے وابستہ افراد بہت ذوق وشوق سے مطالعہ کرتے تھے اور اسٹڈی سرکل کی مثبت روایت بھی انہوں نے ہی ڈالی تھی۔ وہ اب بھی دیگر طبقوں کے مقابلے میں زیادہ مطالعہ کرتے ہیں۔ لیکن پہلے جیسی بات اب نہیں، جس کا احساس سب ہی کو ہے۔
اب سے پچیس تیس سال قبل عموماً کتابیں ایک ہزار کی تعداد میں شائع ہوا کرتی تھیں، جن کی تعداد اب تین سو تک رہ گئی ہے۔
پہلے گلی گلی اور محلے محلے کتب خانے ہوا کرتے تھے، اب ان کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے۔ایک زمانہ میں ہر محلے میں ایک آنہ لائبریری عام بات تھی، جہاں ناول، ڈائجسٹ اور دوسری کتب کرائے پر ملتی تھیں۔ اب وہ ناپید ہوگئی ہیں۔
مطالعہ کے رجحان میں ٹیلی ویژن، پھر وی سی آر، کمپیوٹر، اور اب موبائل نے بہت کمی پیدا کی اور جوان اور بوڑھوں سمیت ہر عمر کے افراد نے اپنی دلچسپی ان ہی چیزوں میں تلاش کرلی، ہاتھوں میں بک کے بجائے فیس بک آگئی۔
اس امر کی بھرپور ضرورت ہے کہ مطالعہ کی اہمیت ہر عمر اور طبقے کے افراد میں اجاگرکی جائے۔ لوگوں کو یہ بتایا جائے کہ کتاب انسان کو اندھیروں سے روشنی میں لاتی ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لئے مطالعہ ضروری ہے، اگر آپ مطالعہ کریں گے تو آپ کو یہ معلوم ہوسکے گا کہ زندگی کیسے گزارنی ہے۔
یہ امر واضح رہے کہ زندگی صرف دنیا ہی کی نہیں، بلکہ آخرت تک پھیلی ہوئی ہے۔ اس کو کامیاب بنانے کے لئے اللہ اور رسول اللہ ﷺ کی رہنمائی اور ان سے تعلق بہت ضروری ہے۔ اور اس کے لئے قرآن اور سنت کا مسلسل مطالعہ کرنا ہوگا۔
زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے لئے مطالعہ کی اہمیت ہے، تاریخ کا مطالعہ ہمیں ہمارے ماضی سے باخبر کرتاہے، آپ بیتیاں پڑھنے سے ہم کامیاب لوگوں کی زندگی کے تجربات سے استفادے کے قابل ہوتے ہیں اسی طرح ادب کا مطالعہ ہمارے ذخیرہئ الفاظ میں اضافہ کرتا ہے اور ہمیں خوبصورت تحریر کی صلاحیت دیتا ہے۔ پھر ہم زندگی کے جس شعبے سے تعلق رکھتے ہیں، اس کا مطالعہ کرنے سے ہماری پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔
مطالعہ پر توجہ دیں اور اس کے لئے وقت نکالیں، اس کے لئے ابتداء اللہ کی آخری کتاب قرآن مجید کے
ترجمے اور تفسیر سے کریں۔ تاکہ اندھیروں سے نکل کر روشنی میں آسکیں۔
=======

shabbir Ibne Adil
About the Author: shabbir Ibne Adil Read More Articles by shabbir Ibne Adil: 108 Articles with 110111 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.