آصف زرداری نے بےنظیر بھٹو کو منہ دکھائی میں کیا تحفہ دیا تھا، بےنظیر بھٹو کی شادی کی کچھ ایسی خاص باتیں جو بختاور بھٹو کی شادی پر نظر نہ آئیں

image
 
بھٹو خاندان کا شمار پاکستان کےان سیاسی خاندانوں میں ہوتا ہے جن کے چاہنے والے گزشتہ کئی دہائیوں سے بھٹو سے جڑی ہر شخصیت اور ہر چیز پر دیوانہ وار اپنی محبت نچھاور کر رہے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو سے شروع ہونے والا محبت کا یہ سلسلہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی اور ملک میں مارشل لا لگا دیا گیا اور پارٹی کی ذمہ داری بے نظیر بھٹو نے سنبھال لی ۔
 
ان کے چاہنے والے ان کے سیاسی سفر میں شانہ بشانہ رہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کی بھٹو خاندان کی ذاتی زندگی سے محبت کا سفر بھی جاری رہا ۔ جس کا ثبوت حالیہ دور میں بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات اور اس کی جزیات میں لوگوں کی دلچسپی ہے ۔ اگرچہ ایک طویل عرصے کے بعد بختاور بھٹو کی شادی کی صورت میں بھٹو خاندان میں خوشیوں کی بہار آئی ہے لیکن اس کے باوجود لوگ ان کی شادی کا موازنہ بے نظیر بھٹو کی شادی سے کر رہے ہیں اور اس شادی کو ایک مختلف شادی قرار دے رہے ہیں-
 
بختاور بھٹو کی اور بے نظیر بھٹو کی شادی
شادی کارڈ
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری 2021 کو انجام پائی جس کے دعوت نامے ایک شادی کارڈ کی صورت میں بہت محدود تعداد میں خاندان کے قریبی لوگوں میں تقسیم کیے گئے جب کہ اس حوالے سے بے نظیر بھٹو کی شادی کے شادی کارڈ چھپوانے سے بے نظیر بھٹو نے سختی سے منع کیا تھا- ان کا کہنا تھا کہ وہ اس دھرتی کی بہن اور بیٹی ہیں اس وجہ سے ان کی شادی میں شرکت کی سب کو اجازت ہے ۔ اور وہ دعوت نامے چھپوا کر اس کو محدود نہیں کرنا چاہتی ہیں-
 
image
 
تقریب کی جگہ
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب کوکرونا وائرس کے خطرات کے سبب انتہائی محدود رکھا گیا تھا ۔ اس وجہ سے اس تقریب کا انعقاد کسی شادی ہال یا ہوٹل میں کرنے کے بجاۓبلاول ہاوس ہی میں کیا گیا تھا ۔ جب کہ بے نظیر بھٹو کی 18 دسمبر 1987 کو ہونے والی شادی کی تقریب کا انعقاد بھی کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں کرنے کے بجائے ککری گراونڈ لیاری میں کیا گیا تھا ۔ جہاں پر دعوت عام تھی اور ہر جیالا اس تقریب میں شرکت کر سکتا تھا-
 
مہندی
شادی سے ایک دن قبل بے نظیر بھٹو کی مہندی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں پارٹی کی نوجوان لڑکیوں نے ڈھولک پر گیت گائے تھے اور پارٹی کی خواتین نے آصف علی زرداری کا استقبال ٹپے گا کر کیا تھا ۔ اس موقع پر آصف علی زرداری اور ان کے دوستوں نے رقص بھی کیا تھا ۔ جب کہ بختاور بھٹو نے مہندی کے دن اپنی والدہ ہی کی طرح سرخ اور سبز لباس زیب تن کیا یہ لباس زارا شاہجہاں نے ڈيزائن کیا ان کے دوپٹے پر ان کی والدہ کے لیے لکھے گئے اشعار وہ لڑکی لعل قلندر تھی سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہو رہے ہیں ۔ اس لباس پر سندھی کڑھائی اور شیشوں کا کام کیا گیا تھا ۔ یہ لباس درحقیقت بے نظیر بھٹو کی مہندی کے جوڑے کو سامنے رکھ کر ہی ڈیزائن کیا گیا تھا-
 
دلہن کا لباس
بے نظیر بھٹو نے اپنی بارات کے موقع پر سفید اور سنہری رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کی ہوئی تھی ۔ جس کے اوپر سونے کے تاروں کا کام ہوا تھا ۔ جب کہ بختاور بھٹو نے اپنی والدہ کے اسی جوڑے کو دوبارہ سے وردہ سلیم سے دوبارہ ڈیزائن کروایا تھا ۔ جو کہ پورا بھرا ہوا تھا ۔ اس جوڑے کی قیمت کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی قیمت ذرائع کے مطابق 27 لاکھ ہے ۔
 
image
 
مہمانوں کی تعداد
بے نظیر بھٹو کی شادی کو اس وقت کے سیاسی ناقدین نے ایک سیاسی تماشا قرار دیا تھا ۔ کیونکہ یہ شادی ایک سیاسی جلسہ کی شکل اختیار کر گئی تھی ککری گراؤنڈ میں ہونے والی اس تقریب میں شریک ہونے والے افراد کی تعداد 2000 سے زیادہ تھی ۔ جن کی تواضح بریانی اور قورمے سے کی گئی تھی ۔ جب کہ بلاول ہاو‎س میں منعقد ہونے والی تقریب ایک وی آئی پی تقریب تھی جس کے مہمانوں کی تواضح انواع اقسام کے کھانوں سے کی گئی ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق ان کھانوں میں سندھی کھانوں کے ساتھ ساتھ آصف زرداری کی پسندیدہ بھنڈی کی سبزی بھی موجود تھی اور اس تقریب کے مہمانوں کی تعداد بارات سمیت 300 افراد تھی ۔ جن کو بلاول ہاوس کے ملازمین نے ہی سرو کیا تھا ۔
 
تحائف
بے نظیر بھٹو کی شادی کے موقع پر منہ دکھائی میں آصف علی زرداری نے ان کو ایک خوبصورت دل کی شکل کی انگوٹھی تحفے کے طور پر دی تھی جس پر ہیرے اور نیلم کے پتھر لگے ہوئے تھے ۔ جب کہ بختاور بھٹو کے حوالے سے ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ ان کے شوہر نے ان کو کیا تحفہ دیا ہے-
 
image
 
خصوصی مہمان
بے نظیر بھٹو نے اپنی شادی کے موقع پر کہا تھا کہ بیٹیوں کو ان کے والد اپنی دعاؤں کے سائے میں رخصت کرتے ہیں میرے والد جیات نہیں ہیں اس وجہ سے میرے لیے میری پارٹی کے لوگ سب سے اہم ہیں اور میں ان کی دعاؤں میں رخصت ہونا چاہوں گی ۔ جب کہ ان کی شادی پر پارٹی کی تمام تر قیادت اور خاندان کے افراد کے ساتھ ساتھ ان کی آکسفورڈ میں پڑھنے والے کچھ دوستوں نے بھی شرکت کی تھی-جب کہ بختاور بھٹو کی شادی میں شرکت کرنے والے اہم مہمانوں میں سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی کے ذمہ داران اور خاندان کے افراد شامل تھے ۔ تاہم مریم نواز کی شرکت کو خاص سمجھا جا سکتا ہے-
 
تاہم یہ بھی واضح رہے کہ بےنظیر بھٹو اپنی شادی کے وقت ایک عوامی سیاسی شخصیت تھیں جبکہ بی بی بختاور سیاسی خاندان سے ضرور تعلق رکھتی ہیں تاہم وہ کسی سیاسی تنظیم کی عہدیدار یا کارکن نہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: