سورۃ طارق کے بارے میں بنیادی معلومات

مقامِ نزول: سورۂ طارق مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے ۔( خازن، تفسیر سورۃ الطّارق، ۴/۳۶۸)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس سورت میں 1رکوع، 17آیتیں ہیں ۔
’’طارق ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
اُس ستارے کو طارق کہتے ہیں جو رات میں خوب چمکتا ہے نیز رات میں آنے والے شخص کو بھی طارق کہتے ہیں ، اور اس سورت کی پہلی آیت میں اللّٰہ تعالیٰ نے اس ستارے کی قسم ارشاد فرمائی ہے اس لئے اسے ’’سورۂ طارق‘‘ کہتے ہیں۔
کلام مجید ہم پڑھتے ہیں اللہ پاک ہمیں پڑھنے کی توفیق عطافرمائے ۔ہم مرتے دم تک اس کی تلاوت بھی کرتے رہیں ۔لیکن افسوس صد افسوس !زندگی بیت گئی لیکن ہم یہ نہ سمجھ سکے کہ اس لاریب کتاب میں آخر علم و حکمت کے موتی کیا بیان ہوئے اس میں ہم سے خطاب کیا ہوا۔۔آئیے :اس کمزوری اور کمی کو دور کرنے کے لیے ہم سورۃ طارق کے مضامین کے بارے میں جانتے ہیں ۔
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے،حشر و نشر اور حساب و جزا پر ایمان لانے کے بارے میں کلام کیاگیا ہے اورا س سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتداء میں آسمان اور رات کے وقت خوب چمکنے والے ستار ے کی قسم کھا کر یہ فرمایا گیا ہے کہ ہر انسان پر حفاظت کرنے والا ایک فرشتہ مقررہے۔
(2)…انسان کو اپنی تخلیق کی ابتداء میں غور کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ اسے معلوم ہو جائے کہ پہلی بار پیدا کرنے والا رب تعالیٰ دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قدرت رکھتا ہے۔
(3)…یہ بتایاگیا کہ جب قیامت کے دن عقائد ،اعمال اور نیتیں ظاہر کر دی جائیں گی تو اس وقت مرنے کے بعد زندہ کئے جانے کا انکار کرنے والے کے پاس کوئی طاقت اور کوئی مددگار نہ ہوگا جو اسے اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے بچا سکے۔
(4)…آسمان اور زمین کی قسم کھا کر ارشاد فرمایا گیا کہ قرآنِ مجید کوئی ہنسی مذاق کی بات نہیں بلکہ یہ حق اور باطل میں فیصلہ کر دینے والا کلام ہے۔
(5)…اس سورت کے آخر میں بتایا گیا کہ کفار اللّٰہ تعالیٰ کے دین کو مٹانے کے لئے طرح طرح کی چالیں چلتے ہیں اور اللّٰہ تعالیٰ ان کے بارے میں اپنی خفیہ تدبیر فرماتا ہے جس کی انہیں خبر نہیں ۔
جی قارئین:سورۃ طارق کے بارے میں بنیادی معلومات ہم نے آپ تک پہنچا دی ،آپ بھی اس کو فروغ علم کی نیت سے دوسروں تک ضرور پہنچائیں ۔کہ علم خرچ کرنے سے بڑھتاہے ۔
اے پیارے اللہ !!ہمیں اخلاص کی دولت سے بہرہ مند فرما۔آمین

 

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 381 Articles with 593709 views i am scholar.serve the humainbeing... View More