ستّر لاکھ لوگوں کا قاتل یہ کچرا اور آلودگی - آپ بھی اس میں برابر کے شریک ہیں ۔ وہ طریقے جن سے اپنے ماحول کو محفوظ بنا سکتے ہیں

image
 
پارک میں سیر کے لئے جانے والے لوگ اکثر وہاں پھیلے کچرے کے لئے انتظامیہ کو کوستے نظر آتے ہیں مگر خود بھی سامنے رکھے کچرا دان کو نظر انداز کر کے خالی چپس کے لفافے اور جوس کے ڈبے وہیں پھینک دیتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں آپ کا پھینکا ہوا خالی چپس کا لفافہ کسی جاندار کی موت کی وجہ بھی بن سکتا ہے؟ وہ تمام اشیاء جو پلاسٹک سے بنی ہوں وہ نا صرف ہر جاندار کے لئے بلکہ پوری زمین کے لئے ہی خطرناک ہیں۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ پلاسٹک کا کچرا ہماری زمین اور ہمیں کس طرح نقصان پہنچا رہا ہے-
 
پلاسٹک سے ہونے والے شدید نقصانات
۔ سانس کے مسائل میں اضافہ: جلانے کی صورت میں زہریلے زرّات ہوا اور پانی میں شامل ہوکر سانس کی نالی اور پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
جلدی امراض میں اضافہ: پلاسٹک کو صحیح طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے کے سبب وہ سانس کی طرح جلد میں بھی مختلف الرجیز پیدا کرتی ہے۔
۔ نکاسیِ آب کے نظام میں رکاوٹ
۔ پلاسٹک کا کچرا جلنے سے فضائی آلودگی کا بڑھنا اور پرندوں اور جانوروں پر اس کے جان لیوا اثرات۔
 
ان نقصانات کو کم کرنے کے لئے عام آدمی کیا کرے؟
اگرچہ دنیا میں پلاسٹک سے بنی اشیاء کو کم سے کم بنانے کا شعور پیدا کیا جا رہا ہے اور ملکی سطح پر پلاسٹک کے کچرے سے نمٹنے کے لئے مؤثر انتظامات بھی کیے جارہے ہیں مگر اس سلسلے میں ایک عام انسان کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کیونکہ جمع ہونے والے پلاسٹک میں گھروں میں استعمال ہونے والی چیزیں ہی شامل ہوتی ہیں۔ نیچے ہم آپ کو بتائیں گے وہ طریقے جنہیں اپنا کر آپ پلاسٹک کی چیزوں کو اپنے فائدے کے لئے دوبارہ بھی استعمال کرسکتے ہیں اور آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار بھی ادا کر سکتے ہیں۔
 
image
 
1: پودے لگائیں
پلاسٹک کی بوتلوں، جار اور یہاں تک کہ ٹوٹی ہوئی بالٹیاں بھی اس مقصد کے لئے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ کچھ درمیانے سائز کی بوتلیں باورچی خانے میں رکھ کر اس میں دھنیا وغیرہ اگایا جاسکتا ہے اس کے علاوہ پرانی بالٹیوں اور ٹبوں کو تھوڑے سے رنگ و روغن سے خوبصورت گملہ بنایا جا سکتا ہے۔
 
2: ہولڈر کے طور پر استعمال کریں
غسل خانوں میں ٹوٹھ برش، ٹوٹھ پیسٹ اور شیمپو وغیرہ رکھنے کے لئے گھر کی پرانی پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ چھوٹے سائز کے جار کو باورچی خانے میں مصالحہ رکھنے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چھوٹی موٹی اشیاء جیسے گھر کی چابیاں، بلز اور نیل کٹر رکھنے کے لئے بھی پلاسٹک کی بوتلوں میں سوراخ کر کے لاؤنج کی دیواروں پر لٹکایا جاسکتا ہے اور اگر آپ تخلیقی ذہن کے مالک ہیں تو اس کو خوبصورت بنا کر آنے جانے والوں پر اپنا خوشگوار تاثر چھوڑ سکتے ہیں۔
 
3: کچرے کی تھیلیاں بنائیں
کوشش کریں کہ بازار سے آنے والی چیزیں جیسے سبزی، پھل اور گوشت وغیرہ کو پلاسٹک کے بجائے کاغذ اور کپڑے سے بنے تھیلوں میں لائیں لیکن اگر پھر بھی کوئی تھیلی آجائے تو اسے بار بار استعمال کریں یہاں تک کے کچرے دان کی تھیلی بنانے کے لئے بھی پرانی تھیلیوں کا استعمال کریں۔ اس طرح آپ نئے پلاسٹک کی مانگ کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
 
image
 
4: بچوں کے آرٹ کرافٹ کی اشیاء بنائیں
آج کل اسکولز میں بچوں کو آرٹ کرافٹ کا مضمون پڑھایا جاتا ہے جس میں مختلف چیزیں بنانا سکھایا جاتا ہے اور اکثر ہوم ورک کے لئے تو گھر کی بیکار فالتو پڑی چیزوں کے استعمال کو ہی ترجیح دی جاتی ہے تو یہاں آپ گھر میں پلاسٹک کی چیزوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔
 
5: ری سائیکل کے لئے دے دیں
کچھ ایسے ادارے موجود ہوتے ہیں جو مستقل اور کچھ محدود وقت کے لئے پلاسٹک کی اشیاء کو ری سائیکل کرنے کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اگر آپ کی نظر میں ایسا کوئی ادارہ ہو تو زیادہ سے زیادہ پلاسٹک ان کو دیں تاکہ وہ دوبارہ استعمال ہوسکے۔
 
6: جلانا کوئی حل نہیں
اکثر لوگ پلاسٹک کا کچرا ختم کرنے کے لئے اسے جلا دیتے ہیں جو کہ بہت نقصان دہ عمل ہے اس سے سانس اور جلد کے مرض کے ساتھ زہریلا دھواں پیدا ہوتا ہے جو تمام کرہ ارض کے لئے نقصان دہ ہے اس لئے جتنا ممکن ہو پلاسٹک کا استعمال کم سے کم کریں اور بچ جانے والے پلاسٹک کو دوبارہ استعمال کریں۔
YOU MAY ALSO LIKE: